YouVersion Logo
Search Icon

خرُوج 26

26
خُداوند کی حضُوری کا خَیمہ (مسکن)
1اور تُو مسکن کے لِئے دس پردے بنانا۔ یہ بٹے ہُوئے بارِیک کتان اور آسمانی قِرمزی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں کے ہوں اور اِن میں کِسی ماہر اُستاد سے کرُّوبیوں کی صُورت کڑھوانا۔ 2ہر پردہ کی لمبائی اٹھائِیس ہاتھ اور چَوڑائی چار ہاتھ ہو اور سب پردے ایک ہی ناپ کے ہوں۔ 3اور پانچ پردے ایک دُوسرے سے جوڑے جائیں اور باقی پانچ پردے بھی ایک دُوسرے سے جوڑے جائیں۔ 4اور تُو ایک بڑے پردہ کے حاشیہ میں بٹے ہُوئے کنارے کی طرف جو جوڑا جائے گا آسمانی رنگ کے تُکمے بنانا اور اَیسے ہی دُوسرے بڑے پردہ کے حاشیہ میں جو اِس کے ساتھ مِلایا جائے گا تُکمے بنانا۔ 5پچاس تُکمے ایک بڑے پردہ میں بنانا اور پچاس ہی دُوسرے بڑے پردہ کے حاشیہ میں جو اِس کے ساتھ مِلایا جائے گا بنانا اور سب تُکمے ایک دُوسرے کے آمنے سامنے ہوں۔ 6اور سونے کی پچاس گُھنڈیاں بنا کر اِن پردوں کو اِن ہی گُھنڈیوں سے ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑ دینا۔ تب وہ مسکن ایک ہو جائے گا۔
7اور تُو بکری کے بال کے پردے بنانا تاکہ مسکن کے اُوپر خَیمہ کا کام دیں۔ اَیسے پردے گیارہ ہوں۔ 8اور ہر پردہ کی لمبائی تِیس ہاتھ اور چَوڑائی چار ہاتھ ہو۔ وہ گیارہ ہوں۔ پردے ایک ہی ناپ کے ہوں۔ 9اور تُو پانچ پردے ایک جگہ اور چھ پردے ایک جگہ آپس میں جوڑ دینا اور چھٹے پردہ کو خَیمہ کے سامنے موڑ کر دُہرا کر دینا۔ 10اور تُو پچاس تُکمے اُس پردہ کے حاشیہ میں جو باہر سے مِلایا جائے گا اور پچاس ہی تُکمے دُوسری طرف کے پردہ کے حاشیہ میں جو باہِر سے مِلایا جائے گا بنانا۔ 11اور پِیتل کی پچاس گُھنڈیاں بنا کر اِن گُھنڈیوں کو تُکموں میں پہنا دینا اور خَیمہ کو جوڑ دینا تاکہ وہ ایک ہو جائے۔ 12اور خَیمہ کے پردوں کا لٹکا ہُؤا حِصّہ یعنی آدھا پردہ جو بچ رہے گا وہ مسکن کی پچھلی طرف لٹکا رہے۔ 13اور خَیمہ کے پردوں کی لمبائی کے باقی حِصّہ میں سے ایک ہاتھ پردہ اِدھر سے اور ایک ہاتھ پردہ اُدھر سے مسکن کی دونوں طرف اِدھر اور اُدھر لٹکا رہے تاکہ اُسے ڈھانک لے۔
14اور تُو اِس خَیمہ کے لِئے مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا غِلاف اور اُس کے اُوپر تخسوں کی کھالوں کا غِلاف بنانا۔
15اور تُو مسکن کے لِئے کِیکر کی لکڑی کے تختے بنانا کہ کھڑے کِئے جائیں۔ 16ہر تختہ کی لمبائی دس ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔ 17اور ہر تختہ میں دو دو چُولیں ہوں جو ایک دُوسری سے مِلی ہُوئی ہوں۔ مسکن کے سب تختے اِسی طرح کے بنانا۔ 18اور مسکن کے لِئے جو تختے تُو بنائے گا اُن میں سے بِیس تختے جنُوبی سِمت کے لِئے ہوں۔ 19اور اِن بِیسوں تختوں کے نِیچے چاندی کے چالِیس خانے بنانا یعنی ہر ایک تختہ کے نِیچے اُس کی دونوں چُولوں کے لِئے دو دو خانے۔ 20اور مسکن کی دُوسری طرف یعنی شِمالی سِمت کے لِئے بِیس تختے ہوں۔ 21اور اُن کے لِئے بھی چاندی کے چالیس ہی خانے ہوں یعنی ایک ایک تختہ کے نِیچے دو دو خانے۔ 22اور مسکن کے پِچھلے حِصّہ کے لِئے مغرِبی سِمت میں چھ تختے بنانا۔ 23اور اُسی پَچھلے حِصّہ میں مسکن کے کونوں کے لِئے دو تختے بنانا۔ 24یہ نِیچے سے دُہرے ہوں اور اِسی طرح اُوپر کے سِرے تک آ کر ایک حلقہ میں مِلائے جائیں۔ دونوں تختے اِسی ڈھب کے ہوں۔ یہ تختے دونوں کونوں کے لِئے ہوں گے۔ 25پس آٹھ تختے اور چاندی کے سولہ خانے ہوں گے یعنی ایک ایک تختہ کے لِئے دو دو خانے۔
26اور تُو کِیکر کی لکڑی کے بینڈے بنانا۔ پانچ بینڈے مسکن کے ایک پہلُو کے تختوں کے لِئے۔ 27اور پانچ بینڈے مسکن کے دُوسرے پہلُو کے تختوں کے لِئے اور پانچ بینڈے مسکن کے پِچھلے حِصّہ یعنی مغرِبی سِمت کے تختوں کے لِئے۔ 28اور وسطی بینڈا جو تختوں کے بِیچ میں ہو وہ خَیمہ کی ایک حد سے دُوسری حد تک پُہنچے۔ 29اور تُو تختوں کو سونے سے منڈھنا اور بینڈوں کے گھروں کے لِئے سونے کے کڑے بنانا اور بینڈوں کو بھی سونے سے منڈھنا۔ 30اور تُو مسکن کو اُسی نمُونہ کے مُطابِق بنانا جو پہاڑ پر تُجھے دِکھایا گیا ہے۔
31اور تُو آسمانی۔ ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا ایک پردہ بنانا اور اُس میں کِسی ماہر اُستاد سے کرُّوبیوں کی صُورت کڑھوانا۔ 32اور اُسے سونے سے منڈھے ہُوئے کِیکر کے چار سُتُونوں پر لٹکانا۔ اِن کے کُنڈے سونے کے ہوں اور چاندی کے چار خانوں پر کھڑے کِئے جائیں۔ 33اور پردہ کو گُھنڈیوں کے نِیچے لٹکانا اور شہادت کے صندُوق کو وہیں پردہ کے اندر لے جانا اور یہ پردہ تُمہارے لِئے پاک مقام کو پاکترین مقام سے الگ کرے گا۔ 34اور تُو سرپوش کو پاکترین مقام میں شہادت کے صندُوق پر رکھنا۔ 35اور میز کو پردہ کے باہر دھر کر شمعدان کو اُس کے مُقابل مسکن کی جنُوبی سِمت میں رکھنا یعنی میز شِمالی سِمت میں رکھنا۔
36اور تُو ایک پردہ خَیمہ کے دروازہ کے لِئے آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنانا اور اُس پر بیل بُوٹے کڑھے ہُوئے ہوں۔ 37اور اِس پردہ کے لِئے کِیکر کی لکڑی کے پانچ سُتُون بنانا اور اُن کو سونے سے منڈھنا اور اُن کے کُنڈے سونے کے ہوں جِن کے لِئے تُو پِیتل کے پانچ خانے ڈھال کر بنانا۔

Currently Selected:

خرُوج 26: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy