YouVersion Logo
Search Icon

خرُوج 25

25
خَیمۂ اِجتماع کے لِئے نذرانے اور ہَدئے
1اور خُداوند نے مُوسیٰؔ کو فرمایا۔ 2بنی اِسرائیل سے یہ کہنا کہ میرے لِئے نذر لائیں اور تُم اُن ہی سے میری نذر لینا جو اپنے دِل کی خُوشی سے دیں۔ 3اور جِن چِیزوں کی نذر تُم کو اُن سے لینی ہے وہ یہ ہیں:- سونا اور چاندی اور پِیتل۔ 4اور آسمانی اور ارغَوانی اور سُرخ رنگ کا کپڑا اور بارِیک کتان اور بکری کی پشم۔ 5اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تخس کی کھالیں اور کِیکر کی لکڑی۔ 6اور چراغ کے لِئے تیل اور مَسح کرنے کے تیل کے لِئے اور خُوشبُودار بخُور کے لِئے مصالِح۔ 7اور سنگِ سُلیمانی اور افُود اور سِینہ بند میں جڑنے کے نگینے۔ 8اور وہ میرے لِئے ایک مَقدِس بنائیں تاکہ مَیں اُن کے درمیان سکُونت کرُوں۔ 9اور مسکن اور اُس کے سارے سامان کا جو نمُونہ مَیں تُجھے دِکھاؤُں ٹھیک اُسی کے مُطابِق تُم اُسے بنانا۔
عہد کا صندُوق
10اور وہ کِیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنائیں جِس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔ 11اور تُو اُس کے اندر اور باہر خالِص سونا منڈھنا اور اُس کے اُوپر گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔ 12اور اُس کے لِئے سونے کے چار کڑے ڈھال کر اُس کے چاروں پایوں میں لگانا۔ دو کڑے ایک طرف ہوں اور دو ہی دُوسری طرف۔ 13اور کِیکر کی لکڑی کی چوبیں بنا کر اُن پر سونا منڈھنا۔ 14اور اِن چوبوں کو صندُوق کے اطراف کے کڑوں میں ڈالنا کہ اُن کے سہارے صندُوق اُٹھ جائے۔ 15چوبیں صندُوق کے کڑوں کے اندر لگی رہیں اور اُس سے الگ نہ کی جائیں۔ 16اور تُو اُس شہادت نامہ کو جو مَیں تُجھے دُوں گا اُسی صندُوق میں رکھنا۔
17اور تُو کفّارہ کا سرپوش خالِص سونے کا بنانا جِس کا طُول ڈھائی ہاتھ اور عرض ڈیڑھ ہاتھ ہو۔ 18اور سونے کے دو کرُّوبی سرپوش کے دونوں سروں پر گھڑ کر بنانا۔ 19ایک کرُّوبی کو ایک سرے پر اور دُوسرے کرُّوبی کو دُوسرے سرے پر لگانا اور تُم سرپوش کو اور دونوں سروں کے کرُّوبیوں کو ایک ہی ٹُکڑے سے بنانا۔ 20اور وہ کرُّوبی اِس طرح اُوپر کو اپنے پَر پَھیلائے ہُوئے ہوں کہ سرپوش کو اپنے پَروں سے ڈھانک لیں اور اُن کے مُنہ آمنے سامنے سرپوش کی طرف ہوں۔ 21اور تُو اُس سرپوش کو اُس صندُوق کے اُوپر لگانا اور وہ عہد نامہ جو مَیں تُجھے دُوں گا اُسے اُس صندُوق کے اندر رکھنا۔ 22وہاں مَیں تُجھ سے مِلا کرُوں گا اور اُس سرپوش کے اُوپر سے اور کرُّوبیوں کے بِیچ میں سے جو عہد نامہ کے صندُوق کے اُوپر ہوں گے اُن سب احکام کے بارے میں جو مَیں بنی اِسرائیل کے لِئے تُجھے دُوں گا تُجھ سے بات چِیت کِیا کرُوں گا۔
نذر کی روٹیوں کے لِئے میز
23اور تُو دو ہاتھ لمبی اور ایک ہاتھ چَوڑی اور ڈیڑھ ہاتھ اُونچی کِیکر کی لکڑی کی ایک میز بھی بنانا۔ 24اور اُس کو خالِص سونے سے منڈھنا اور اُس کے گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔ 25اور اُس کے چَوگِرد چار اُنگل چَوڑی ایک کنگنی لگانا اور اُس کنگنی کے گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔ 26اور سونے کے چار کڑے اُس کے لِئے بنا کر اُن کڑوں کو چاروں کونوں میں لگانا جو چاروں پایوں کے مُقابل ہوں گے۔ 27وہ کڑے کنگنی کے پاس ہی ہوں تاکہ چوبوں کے واسطے جِن کے سہارے میز اُٹھائی جائے گھروں کا کام دیں۔ 28اور کِیکر کی لکڑی کی چوبیں بنا کر اُن کو سونے سے منڈھنا تاکہ میز اُن ہی سے اُٹھائی جائے۔ 29اور تُو اُس کے طباق اور چمچے اور آفتابے اور اُنڈیلنے کے بڑے بڑے کٹورے سب خالِص سونے کے بنانا۔ 30اور تُو اُس میز پر نذر کی روٹیاں ہمیشہ میرے رُوبرُو رکھنا۔
شمعدان
31اور تُو خالِص سونے کا ایک شمعدان بنانا۔ وہ شمعدان اور اُس کا پایہ اور ڈنڈی سب گھڑ کر بنائے جائیں اور اُس کی پیالیاں اور لٹُّو اور اُس کے پُھول سب ایک ہی ٹُکڑے کے بنے ہوں۔ 32اور اُس کے دونوں پہلُوؤں سے چھ شاخیں باہر کو نِکلتی ہوں۔ تین شاخیں شمعدان کے ایک پہلُو سے نِکلیں اور تین دُوسرے پہلُو سے۔ 33ایک شاخ میں بادام کے پُھول کی صُورت کی تین پِیالیاں۔ ایک لٹُّو اور ایک پُھول ہو اور دُوسری شاخ میں بھی بادام کے پُھول کی صُورت کی تین پِیالیاں ایک لٹُّو اور ایک پُھول ہو۔ اِسی طرح شمعدان کی چھئوں شاخوں میں یہ سب لگا ہُؤا ہو۔ 34اور خُود شمعدان میں بادام کے پُھول کی صُورت کی چار پِیالیاں اپنے اپنے لٹُّو اور پُھول سمیت ہوں۔ 35اور دو شاخوں کے نِیچے ایک لٹُّو۔ سب ایک ہی ٹُکڑے کے ہوں اور پِھر دو شاخوں کے نِیچے ایک لٹُّو۔ سب ایک ہی ٹُکڑے کے ہوں اور پِھر دو شاخوں کے نِیچے ایک لٹُّو۔ سب ایک ہی ٹُکڑے کے ہوں۔ شمعدان کی چھئوں باہر کو نِکلی ہُوئی شاخیں اَیسی ہی ہوں۔ 36یعنی لٹُّو اور شاخیں اور شمعدان سب ایک ہی ٹُکڑے کے بنے ہوں۔ یہ سب کا سب خالِص سونے کے ایک ہی ٹُکڑے سے گھڑ کر بنایا جائے۔ 37اور تُو اُس کے لِئے سات چراغ بنانا۔ یہی چراغ جلائے جائیں تاکہ شمعدان کے سامنے رَوشنی ہو۔ 38اور اُس کے گُلگِیر اور گُلدان خالِص سونے کے ہوں۔ 39شمعدان اور یہ سب ظرُوف ایک قنطار خالِص سونے کے بنے ہُوئے ہوں۔ 40اور دیکھ تُو اِن کو ٹھیک اِن کے نمُونہ کے مُطابِق جو تُجھے پہاڑ پر دِکھا گیا ہے بنانا۔

Currently Selected:

خرُوج 25: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy