YouVersion Logo
Search Icon

2 کُرِنتھِیوں 6

6
1ہم جو خُدا کے کام میں شریک ہیں تمہاری مِنّت کرتے ہیں کہ خُدا کے فضل کو ضائع نہ ہونے دو۔ 2کیونکہ خُدا فرماتے ہیں،
”مَیں نے قبُولیّت کے وقت تیری سُن لی،
اَور نَجات کے دِن تیری مدد کی۔“#6‏:2 یَشع 49‏:8‏‏
دیکھو! قبُولیّت کا وقت یہی ہے اَور نَجات کا دِن آج ہی ہے۔
پَولُسؔ کی مُشکلات
3ہم نہیں چاہتے کہ ہماری اِس خدمت پر حرف آئے، اِس لیٔے ہم کوشش کرتے ہیں کہ کسی کے لیٔے خدمت میں رُکاوٹ پیدا نہ کریں 4بَلکہ ہر بات سے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہم خُدا کے خادِم ہیں: ہم نے بڑے صبر سے مُصیبت؛ اِحتیاج اَور تنگی کا سامنا کیا؛ 5کوڑے کھائے، قَید ہویٔے، ہنگاموں سے دوچار ہویٔے، مشقّت کی، اَپنی نیند حرام کی، بھُوکے رہے؛ 6ہم پاکیزگی سے، علم سے، تحمُّل سے، مہربانی سے؛ پاک رُوح سے، سچّی مَحَبّت سے؛ 7کلام حق سے، خُدا کی قُدرت سے؛ راستبازی کے ہتھیاروں کے وسیلہ سے جو ہمارے داہنے اَور بائیں ہیں؛ 8ہماری عزّت بھی کی جاتی ہے اَور بے عزّتی بھی، ہم بدنام ہیں اَور نیک نام بھی، ہم سچّے ہیں پھر بھی ہمیں دغاباز سمجھا جاتا ہے؛ 9گمنام ہیں تو بھی مشہُور ہیں؛ مُردوں کی طرح ہیں پھر بھی زندہ ہیں؛ مار کھاتے رہتے ہیں مگر ہلاک نہیں کیٔے جاتے؛ 10غمگینوں کی مانِند ہیں، مگر ہمیشہ خُوش رہتے ہیں؛ کنگال دِکھائی دیتے ہیں مگر بہتیروں کو دولتمند بنا دیتے ہیں؛ ناداروں کی مانِند ہیں مگر سَب کچھ رکھتے ہیں۔
11کُرِنتھُسؔ والو! ہم نے تُم سے کھُل کر باتیں کی ہیں، بَلکہ اَپنا دِل کھول کر رکھ دیا ہے۔ 12ہمارے ہاں تمہارے لیٔے تنگ دِلی نہیں ہے، لیکن تمہارے ہی دماغ تذبذب کا شِکار ہیں۔ 13میں تُمہیں اَپنا فرزند جان کر یہ کہتا ہُوں کہ تُم بھی ہماری طرح کشادہ دِل ہو جاؤ۔
مُومِنین اَور غَیرمُومِنِین کے مابین صُلح ناممکن
14بےاِعتقادوں کے ساتھ ناہموار جُوئے میں نہ جُتو۔ کیونکہ راستبازی اَور بے دینی میں کیا میل جول؟ یا رَوشنی اَور تاریکی میں کیا شراکت؟ 15المسیح کو بلِیعالؔ سے کیا مُوافقت؟ ایمان والوں کا بےاِعتقادوں سے کیا واسطہ؟ 16خُدا کے مَقدِس کو بُتوں سے کیا مُناسبت؟ زندہ خُدا کا مَقدِس تو ہم ہیں جَیسا کہ خُدا نے فرمایاہے:
”میں اُن میں بسُوں گا
اَور اُن کے درمیان چلا پھرا کروں گا۔
میں اُن کا خُدا ہوں گا
اَور وہ میری اُمّت ہوں گے۔“#6‏:16 اَحبا 26‏:12؛ حزقی 37‏:27‏‏
17لہٰذا،
”خُداوؔند خُود فرماتے ہیں۔
اُن میں سے باہر نکل آؤ،
علیحدہ ہو جاؤ۔
اَورجو چیز ناپاک ہے اُسے مت چھُوؤ،
تَب میں تُمہیں قبُول کروں گا۔“#6‏:17 یَشع 52‏:11؛ حزقی 20‏:34‏،41‏
18اَور
”میں تمہارا باپ ہوں گا،
اَور تُم میرے بیٹے، بیٹیاں ہوگے،
یہ قول خُداوؔند قادرمُطلق کا ہے۔“#6‏:18 2 سمو 7‏:14؛ 7‏:8‏

Highlight

Share

Compare

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in