عِبرانیوں 9
9
دُنیوی خیمہ میں عبادت
1غرض پہلے عہد کے مُطابق بھی عبادت کے ضوابط مَوجُود تھے اَور ایک اَیسا پاک مَقدِس بھی تھا جو دُنیوی تھا۔ 2یعنی ایک خیمہ بنایا گیا تھا۔ جِس کے پہلے کمرے میں چراغدان، میز، اَور اُس پر پڑی مخصُوص کی ہویٔی روٹیاں رکھی رہتی تھیں۔ اِس حِصّہ کو پاک مقام کہتے تھے۔ 3دُوسرے کمرے کے پردہ کے پیچھے وہ خیمہ تھا جسے پاک ترین مقام کہا جاتا تھا۔ 4پاک ترین مقام کے اَندر بخُور جَلانے کے لیٔے سونے کا قُربان گاہ اَور عہد کا صندُوق تھا جو سونے سے منڈھا ہُوا تھا۔ اُس صندُوق میں مَنّ سے بھرا ہُوا سونے کا مرتبان اَور حضرت ہارونؔ کا عصا تھا جِس میں کونپلیں پھوٹ نکلی تھیں اَور عہد کی دو لَوحیں تھیں جِن پر دس اَحکام کَندہ تھے۔ 5اُس صندُوق کے اُوپر الٰہی جلال کے دو مُقرّب فرشتے بنے ہویٔے تھے جو صندُوق کے ڈھکنے یعنی کفّارہ گاہ پر سایہ کرتے تھے۔ لیکن اِن باتوں کا ایک ایک کرکے بَیان کرنے کا ابھی وقت نہیں ہے۔
6پس جَب ساری چیزیں اِسی طرح سے تیّار ہو جاتی تھیں تو کاہِنؔ خیمہ کے پہلے کمرے میں ہر وقت داخل ہوتے رہتے تھے تاکہ اَپنی خدمت کو جاری رکھیں۔ 7لیکن دُوسرے کمرے میں صِرف اعلیٰ کاہِن سال میں ایک بار ہی جاتا تھا اَور بغیر قُربانی کے خُون لیٔے نہیں جاتا تاکہ اُسے اَپنی اَور اَپنی اُمّت کی انجانی خطاؤں کے لیٔے پیش کرے۔ 8اِس سے پاک رُوح کا یہ اِشارہ تھا کہ جَب تک پہلا خیمہ مَوجُود ہے، پاک ترین مقام میں داخل ہونے کی راہ کھُلی نہیں ہے۔ 9وہ خیمہ مَوجُودہ زمانے کے لیٔے ایک مثال ہے اَور یہ ظاہر کرتا ہے کہ جو نذریں اَور قُربانیاں وہاں پیش کی جاتی ہیں وہ عبادت کرنے والے کے ضمیر کو پاک صَاف کرکے کامل نہیں بنا سکتیں۔ 10کیونکہ اِن کا تعلّق صِرف کھانے پینے اَور جِسم کی طہارت کی مُختلف رسموں سے ہے۔ یہ جِسمانی ضوابط ہیں جو صِرف اُس وقت تک کے لیٔے ہیں جو صِرف نئے نظام کے آنے تک عَمل میں ہیں۔
آسمانی خیمہ
11لیکن جَب المسیح اَچھّی چیزوں کا جو پہلے سے ہی ظاہر ہو چُکی ہیں، اعلیٰ کاہِن بَن کر تشریف لایٔے، تَب وہ اُس عظیم اَور کامِل آسمانی خیمہ میں داخل ہویٔے جو اِنسانی ہاتھوں کا بنایا ہُوا نہیں ہے اَور نہ ہی اِس بنائی ہویٔی دُنیا کا حِصّہ ہے۔ 12وہ بکروں اَور بچھڑوں کا خُون لے کر نہیں بَلکہ اَپنا خُون لے کر ایک ہی بار ہمیشہ کے لیٔے پاک ترین مقام میں داخل ہُوا اَور یُوں ہمیں اَبدی نَجات دِلائی۔ 13کیونکہ جَب بکروں اَور بَیلوں کے خُون اَور گائے کی راکھ کے چھڑکے جانے سے ناپاک لوگ جِسمانی طور پر پاک ٹھہرائے جاتے ہیں۔ 14تو المسیح کا خُون جِس نے اَپنے آپ کو اَزلی رُوح کے وسیلہ سے خُدا کے سامنے بے عیب قُربان کر دیا، تو اُس کا خُون ہمارے ضمیر کو اَیسے کاموں سے اَور بھی زِیادہ پاک کرےگا جِن کا اَنجام موت ہے تاکہ ہم زندہ خُدا کی خدمت کریں۔
15اِسی سبب سے وہ نئے عہد کا درمیانی ہے تاکہ جتنے لوگوں کو خُدا نے بُلایا ہے اُنہیں خُدا کے وعدہ کے مُطابق اَبدی مِیراث حاصل ہو، اَور یہ صِرف اِس لیٔے ممکن ہُوا کیونکہ المسیح نے مَر کر فدیہ دیا تاکہ لوگ اُن گُناہوں سے نَجات پائیں جو اُن سے اُس وقت سرزد ہویٔے تھے، جَب وہ پہلے عہد کے تحت تھے۔
16وصیّت کے سلسلہ میں وصیّت کرنے والے کی موت کا ثابت ہونا ضروُری ہوتاہے، 17کیونکہ جَب تک وصیّت کرنے والا زندہ ہو، وصیّت بے اثر ہوتی ہے۔ اُس کی موت کے بعد ہی وصیّت کی تعمیل ہوتی ہے۔ 18یہی وجہ ہے کہ پہلا عہد بھی بغیر خُون کے کارگر ثابت نہیں ہُوا تھا۔ 19چنانچہ جَب حضرت مَوشہ ساری اُمّت کو شَریعت کے تمام حُکم سُنا چُکے تو اُنہُوں نے بچھڑوں اَور بکروں کا خُون پانی سے مِلا کر اُسے سُرخ لال اُون اَور خُوشبودار زُوفے کے گُچّھے سے خُون کو شَریعت کی کِتاب اَور پُوری قوم پر یہ کہتے ہُوئے چھڑک دیا۔ 20اَور فرمایا، ”یہ اُس عہد کا خُون ہے جِس پر عَمل کرنے کا حُکم خُدا نے تُمہیں دیا ہے۔“#9:20 خُرو 24:8 21اِسی طرح حضرت مَوشہ نے مُلاقات کے خیمہ پر اَور خدمت کے تمام سامان پر خُون چھِڑکا۔ 22اَور شَریعت کے مُطابق تقریباً ساری چیزیں خُون سے پاک کی جاتی ہیں اَور بغیر خُون بہائے، گُناہوں کی مُعافی ممکن نہیں۔
23پس جَب یہ ضروُری تھا کہ یہ چیزیں جو اصل آسمانی چیزوں کی نقل ہیں، اَیسی قُربانیوں سے پاک کی جایٔیں لیکن آسمانی چیزیں خُود اَیسی قُربانیوں کا مطالبہ کرتی ہیں جو اِن سے کہیں زِیادہ بہتر ہوں۔ 24کیونکہ المسیح صِرف اِنسانی ہاتھوں سے بنے پاک مَقدِس میں داخل نہیں ہُوئے جو حقیقی مَقدِس کی نقل ہے بَلکہ وہ عالمِ بالا ہی میں داخل ہو گیٔے جہاں وہ ہماری خاطِر خُدا کے رُوبرو حاضِر ہیں۔ 25یہُودیوں کا اعلیٰ کاہِن تو پاک ترین مقام میں سال میں ایک بار خُود اَپنا نہیں یعنی جانوروں کا خُون لے کر داخل ہوتا تھا لیکن المسیح اَپنے آپ کو بار بار قُربان کرنے کے لیٔے داخل نہیں ہویٔے۔ 26ورنہ بِنائے عالَم سے لے کر اَب تک اُسے بار بار دُکھ اُٹھانا پڑتا۔ مگر اَب آخِر زمانہ میں المسیح ایک بار ظاہر ہُوئے تاکہ اَپنے آپ کو قُربان کرکے گُناہ کو نِیست کر دے۔ 27اَور جِس طرح اِنسان کا ایک بار مَرنا اَور اُس کے بعد عدالت کا ہونا مُقرّر ہے، 28اُسی طرح المسیح بھی ایک ہی بار تمام لوگوں کے گُناہوں کو اُٹھالے جانے کے لیٔے قُربان ہُوئے۔ اَور دُوسری بار جَب وہ ظاہر ہوں گے تو گُناہوں کو دُور کرنے کے لیٔے نہیں بَلکہ اُنہیں نَجات دینے کے لیٔے تشریف لائیں گے جو اُن کا اِنتظار بڑی شِدّت سے کر رہے ہیں۔
Currently Selected:
عِبرانیوں 9: UCV
Highlight
Copy
Compare
Share
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.