YouVersion Logo
Search Icon

صفنیاہ 2

2
تَوبہ کے لِئے دلِیل
1اَے بے حیا قَوم جمع ہو! جمع ہو! 2اِس سے پہلے کہ تقدِیرِ الٰہی ظاہِر ہو اور وہ دِن بُھس کی مانِند جاتا رہے اور خُداوند کا قہرِ شدِید تُم پر نازِل ہو اور اُس کے غضب کا دِن تُم پر آ پُہنچے۔ 3اَے مُلک کے سب حلِیم لوگو جو خُداوند کے احکام پر چلتے ہو اُس کے طالِب ہو! راست بازی کو ڈُھونڈو۔ فروتنی کی تلاش کرو۔ شاید خُداوند کے غضب کے دِن تُم کو پناہ مِلے۔
اِسرائیلؔ کے گِردونواح کی قَوموں کا حَشر
4کیونکہ غزّہ مترُوک ہو گا اور اسقلوؔن وِیران کِیا جائے گا اور اشدُود دوپہر کو خارِج کر دِیا جائے گا اور عقرُوؔن کی بیخ کنی کی جائے گی۔ 5سمُندر کے ساحِل کے رہنے والوں یعنی کریتیوں کی قَوم پر افسوس! اَے کنعاؔن فلِستِیوں کی سرزمِین! خُداوند کا کلام تیرے خِلاف ہے۔ مَیں تُجھے نیست و نابُود کرُوں گا یہاں تک کہ کوئی بسنے والا نہ رہے۔ 6اور سمُندر کے ساحِل چراگاہیں ہوں گے جِن میں چرواہوں کی جھونپڑیاں اور بھیڑ خانے ہوں گے۔ 7اور وُہی ساحِل یہُوداؔہ کے گھرانے کے بقِیّہ کے لِئے ہوں گے۔ وہ اُن میں چرایا کریں گے۔ وہ شام کے وقت اسقلوؔن کے مکانوں میں لیٹا کریں گے کیونکہ خُداوند اُن کا خُدا اُن پر پِھر نظر کرے گا اور اُن کی اسِیری کو مَوقُوف کرے گا۔
8مَیں نے موآب کی ملامت اور بنی عمُّون کی لَعن طَعن سُنی ہے۔ اُنہوں نے میری قَوم کو ملامت کی اور اُن کی حدُود کو دبا لِیا ہے۔ 9اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا فرماتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم! یقِیناً موآب سدُوؔم کی مانِند ہو گا اور بنی عمُّون عمُورؔہ کی مانِند۔ وہ پُرخار و نمکزار اور ابدُالآباد برباد رہیں گے۔ میرے لوگوں کا بقِیّہ اُن کو غارت کرے گا اور میری قَوم کے باقی لوگ اُن کے وارِث ہوں گے۔
10یہ سب کُچھ اُن کے تکبُّر کے سبب سے اُن پر آئے گا کیونکہ اُنہوں نے ربُّ الافواج کے لوگوں کو ملامت کی اور اُن پر زِیادتی کی۔ 11خُداوند اُن کے لِئے ہَیبت ناک ہو گا اور زمِین کے تمام معبُودوں کو لاغر کر دے گا اور بحری مُمالِک کے سب باشِندے اپنی اپنی جگہ میں اُس کی پرستِش کریں گے۔
12اَے کُوؔش کے باشِندو! تُم بھی میری تلوار سے مارے جاؤ گے۔
13اور وہ شِمال کی طرف اپنا ہاتھ بڑھائے گا اور اؔسُور کو نیست کرے گا اور نِینوؔہ کو وِیران اور بیابان کی مانِند خُشک کر دے گا۔ 14اور جنگلی جانور اُس میں لیٹیں گے اور ہر قِسم کے حَیوان حواصِل اور خارپُشت اُس کے سُتُونوں کے سِروں پر مقام کریں گے۔ اُن کی آواز اُس کے جھروکوں میں ہو گی۔ اُس کی دہلِیزوں میں وِیرانی ہو گی کیونکہ دیودار کا کام کُھلا چھوڑا گیا ہے۔ 15یہ وہ شادمان شہر ہے جو بے فِکر تھا۔ جِس نے دِل میں کہا کہ مَیں ہُوں اور میرے سِوا کوئی دُوسرا نہیں۔ وہ کَیسا وِیران ہُؤا! حَیوانوں کے بَیٹھنے کی جگہ! ہر ایک جو اُدھر سے گُذرے گا سُسکارے گا اور ہاتھ ہِلائے گا۔

Currently Selected:

صفنیاہ 2: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy