YouVersion Logo
Search Icon

احبار 9

9
ہارُونؔ قُربانِیاں چڑھاتا ہے
1آٹھویں دِن مُوسیٰؔ نے ہارُون ؔاور اُس کے بیٹوں کو اور بنی اِسرائیل کے بزُرگوں کو بُلایا اور ہارُونؔ سے کہا کہ 2خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب بچھڑا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب مینڈھا تو اپنے واسطے لے اور اُن کو خُداوند کے حضُور گُذران۔ 3اور بنی اِسرائیل سے کہہ کہ تُم خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا اور ایک برّہ جو یکسالہ اور بے عَیب ہوں لو۔ 4اور سلامتی کے ذِبِیحہ کے لِئے خُداوند کے حضُور چڑھانے کے واسطے ایک بَیل اور ایک مینڈھا اور تیل مِلی ہُوئی نذر کی قُربانی بھی لو کیونکہ آج خُداوند تُم پر ظاہِر ہو گا۔
5اور وہ جو کُچھ مُوسیٰؔ نے حُکم کِیا تھا سب خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے لے آئے اور ساری جماعت نزدِیک آ کر خُداوند کے حضُور کھڑی ہُوئی۔ 6مُوسیٰؔ نے کہا یہ وہ کام ہے جِس کی بابت خُداوند نے حُکم دِیا ہے کہ تُم اُسے کرو اور خُداوند کا جلال تُم پر ظاہِر ہو گا۔ 7اور مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ سے کہا کہ مذبح کے نزدِیک جا اور اپنی خطا کی قُربانی اور اپنی سوختنی قُربانی گُذران اور اپنے لِئے اور قَوم کے لِئے کفّارہ دے اور جماعت کے چڑھاوے کو گُذران اور اُن کے لِئے کفّارہ دے جَیسا خُداوند نے حُکم کِیا ہے۔
8سو ہارُونؔ نے مذبح کے پاس جا کر اُس بچھڑے کو جو اُس کی خطا کی قُربانی کے لِئے تھا ذبح کِیا۔ 9اور ہارُونؔ کے بیٹے خُون کو اُس کے پاس لے گئے اور اُس نے اپنی اُنگلی اُس میں ڈبو ڈبو کر اُسے مذبح کے سِینگوں پر لگایا اور باقی خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دِیا۔ 10لیکن خطا کی قُربانی کی چربی اور گُردوں اور جِگر پر کی جِھلّی کو اُس نے مذبح پر جلایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔ 11اور گوشت اور کھال کو لشکر گاہ کے باہر آگ میں جلایا۔
12پِھر اُس نے سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کِیا اور ہارُونؔ کے بیٹوں نے خُون اُسے دِیا اور اُس نے اُس کو مذبح کے گِرداگِرد چِھڑکا 13اور سوختنی قُربانی کو ایک ایک ٹُکڑا کر کے سر سمیت اُس کو دِیا اور اُس نے اُنہیں مذبح پر جلایا۔ 14اور اُس نے انتڑیوں اور پایوں کو دھویا اور اُن کو مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلایا۔
15پِھر جماعت کے چڑھاوے کو آگے لا کر اور اُس بکرے کو جو جماعت کی خطا کی قُربانی کے لِئے تھا لے کر اُس کو ذبح کِیا اور پہلے کی طرح اُسے بھی خطا کے لِئے گُذرانا۔ 16اور سوختنی قُربانی کے جانور کو آگے لا کر اُس نے اُسے حُکم کے مُطابِق گُذرانا۔ 17پِھر نذر کی قُربانی کو آگے لایا اور اُس میں سے ایک مُٹّھی لے کر صبُح کی سوختنی قُربانی کے علاوہ اُسے جلایا۔ 18اور اُس نے بَیل اور مینڈھے کو جو لوگوں کی طرف سے سلامتی کے ذبِیحے تھے ذبح کِیا اور ہارُونؔ کے بیٹوں نے خُون اُسے دِیا اور اُس نے اُس کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکا۔ 19اور اُنہوں نے بَیل کی چربی کو اور مینڈھے کی موٹی دُم کو اور اُس چربی کو جِس سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور دونوں گُردوں اور جِگر پر کی جِھلّی کو بھی اُسے دِیا۔ 20اور چربی سِینوں پر دھر دی۔ سو اُس نے وہ چربی مذبح پر جلائی۔ 21اور سِینہ اور دہنی ران کو ہارُونؔ نے مُوسیٰؔ کے حُکم کے مُطابِق ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلایا۔
22اور ہارُونؔ نے جماعت کی طرف اپنے ہاتھ بڑھا کر اُن کو برکت دی اور خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی اور سلامتی کی قُربانی گُذران کر نِیچے اُتر آیا۔ 23اور مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہُوئے اور باہر نِکل کر لوگوں کو برکت دی۔ تب سب لوگوں پر خُداوند کا جلال نمودار ہُؤا۔ 24اور خُداوند کے حضُور سے آگ نِکلی اور سوختنی قُربانی اور چربی کو مذبح کے اُوپر بھسم کر دِیا۔ لوگوں نے یہ دیکھ کر نعرے مارے اور سرنِگُوں ہو گئے۔

Currently Selected:

احبار 9: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy