YouVersion Logo
Search Icon

احبار 14

14
جِلدی بیماریوں کے بعد پاک ٹھہرایا جانا
1پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2کہ کوڑھی کے لِئے جِس دِن وہ پاک قرار دِیا جائے یہ شرع ہے کہ اُسے کاہِن کے پاس لے جائیں۔ 3اور کاہِن لشکر گاہ کے باہر جائے اور کاہِن خُود کوڑھی کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس کا کوڑھ اچھّا ہو گیا ہے۔ 4تو کاہِن حُکم دے کہ وہ جو پاک قرار دِیا جانے کو ہے اُس کے لِئے دو زِندہ پاک پرِندے اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑا اور زُوفا لیں۔ 5اور کاہِن حُکم دے کہ اُن میں سے ایک پرِندہ کِسی مِٹّی کے برتن میں بہتے ہُوئے پانی کے اُوپر ذبح کِیا جائے۔ 6پِھر وہ زِندہ پرِندہ کو اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑے اور زُوفا کو لے اور اِن کو اور اُس زِندہ پرِندہ کو اُس پرِندہ کے خُون میں غوطہ دے جو بہتے پانی پر ذبح ہو چُکا ہے۔ 7اور اُس شخص پر جو کوڑھ سے پاک قرار دِیا جانے کو ہے سات بار چِھڑک کر اُسے پاک قرار دے اور زِندہ پرِندہ کو کُھلے مَیدان میں چھوڑ دے۔ 8اور وہ جو پاک قرار دِیا جائے گا اپنے کپڑے دھوئے اور سارے بال مُنڈائے اور پانی میں غُسل کرے۔ تب وہ پاک ٹھہرے گا۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں آئے پر سات دِن تک اپنے خَیمہ کے باہر ہی رہے۔ 9اور ساتویں روز اپنے سر کے سب بال اور اپنی داڑھی اور اپنے ابرُو غرض اپنے سارے بال مُنڈائے اور اپنے کپڑے دھوئے اور پانی میں نہائے تب وہ پاک ٹھہرے گا۔
10اور وہ آٹھویں دِن دو بے عَیب نر برّے اور ایک بے عَیب یکسالہ مادہ برّہ اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل لے۔ 11تب وہ کاہِن جو اُسے پاک قرار دے گا اُس شخص کو جو پاک قرار دِیا جائے گا اور اِن چِیزوں کو خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر حاضِر کرے۔ 12اور کاہِن نر برّوں میں سے ایک کو لے کر جُرم کی قُربانی کے لِئے اُسے اور اُس لوج بھر تیل کو نزدِیک لائے اور اُن کو ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلائے۔ 13اور اُس برّہ کو مَقدِس میں اُس جگہ ذبح کرے جہاں خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی کے جانور ذبح کِئے جاتے ہیں کیونکہ جُرم کی قُربانی خطا کی قُربانی کی طرح کاہِن کا حِصّہ ٹھہرے گی۔ وہ نِہایت مُقدّس ہے۔ 14اور کاہِن جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔ 15اور کاہِن اُس لوج بھر تیل میں سے کُچھ لے کر اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔ 16اور کاہِن اپنی دہنی اُنگلی کو اپنے بائیں ہاتھ کے تیل میں ڈبوئے اور خُداوند کے حضُور کُچھ تیل سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے۔ 17اور کاہِن اپنے ہاتھ کے باقی تیل میں سے کُچھ لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر جُرم کی قُربانی کے خُون کے اُوپر لگائے۔ 18اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے اُسے وہ اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔
19اور کاہِن خطا کی قُربانی بھی گُذرانے اور اُس کے لِئے جو اپنی ناپاکی سے پاک قرار دِیا جائے گا کفّارہ دے۔ اِس کے بعد وہ سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کرے۔ 20پِھر کاہِن سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی کو مذبح پر چڑھائے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گا۔
21اور اگر وہ غریب ہو اور اِتنا اُسے مقدُور نہ ہو تو وہ ہلانے کے واسطے جُرم کی قُربانی کے لِئے ایک نر برّہ لے تاکہ اُس کے لِئے کفّارہ دِیا جائے اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل۔ 22اور اپنے مقدُور کے مُطابِق دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے بھی لے جِن میں سے ایک تو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے ہو۔ 23اِنہیں وہ آٹھویں دِن اپنے پاک قرار دِئے جانے کے لِئے کاہِن کے پاس خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور لائے۔ 24اور کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو اور اُس لوج بھر تیل کو لے کر اُن کو خُداوند کے حضُور ہلانے کی قُربانی کے طَور پر ہلائے۔ 25پِھر کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو ذبح کرے اور وہ جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے کر جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔ 26پِھر کاہِن اُس تیل میں سے کُچھ اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔ 27اور وہ اپنے بائیں ہاتھ کے تیل میں سے کُچھ اپنی دہنی اُنگلی سے خُداوند کے حضُور سات بار چِھڑکے۔ 28پِھر کاہِن کُچھ اپنے ہاتھ کے تیل میں سے لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر جُرم کی قُربانی کے خُون کی جگہ اُسے لگائے۔ 29اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے وہ اُسے اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا تاکہ اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دِیا جائے۔ 30پِھر وہ قُمریوں یا کبُوتر کے بچّوں میں سے جِنہیں وہ لا سکا ہو ایک کو چڑھائے۔ 31یعنی جو کُچھ اُسے مُیسّر ہُؤا ہو اُس میں سے ایک کو خطا کی قُربانی کے طَور پر اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے طَور پر نذر کی قُربانی کے ساتھ گُذرانے۔ یُوں کاہِن اُس شخص کے لِئے جو پاک قرار دِیا جائے گا خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔ 32اُس کوڑھی کے لِئے جو اپنے پاک قرار دِئے جانے کے سامان کو لانے کا مقدُور نہ رکھتا ہو شرع یہ ہے۔
مکانوں اور گھروں کے اندر پھپھُوندی
33پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا کہ 34جب تُم مُلکِ کنعاؔن میں جِسے مَیں تُمہاری مِلکِیّت کِئے دیتا ہُوں داخِل ہو اور مَیں تُمہارے مِیراثی مُلک کے کِسی گھر میں کوڑھ کی بلا بھیجُوں۔ 35تو اُس گھر کا مالِک جا کر کاہِن کو خبر دے کہ مُجھے اَیسا معلُوم ہوتا ہے کہ اُس گھر میں کُچھ بلا سی ہے۔ 36تب کاہِن حُکم کرے کہ اِس سے پیشتر کہ اُس بلا کو دیکھنے کے لِئے کاہِن وہاں جائے لوگ اُس گھر کو خالی کریں تاکہ جو کُچھ گھر میں ہو وہ ناپاک نہ ٹھہرایا جائے۔ اِس کے بعد کاہِن گھر دیکھنے کو اندر جائے۔ 37اور اُس بلا کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ بلا اُس گھر کی دِیواروں میں سبزی یا سُرخی مائل گہری لکیروں کی صُورت میں ہے اور دِیوار میں سطح کے اندر نظر آتی ہے۔ 38تو کاہِن گھر سے باہر نِکل کر گھر کے دروازہ پر جائے اور گھر کو سات دِن کے لِئے بند کر دے۔ 39اور وہ ساتویں دِن پِھر آ کر اُسے دیکھے۔ اگر وہ بلا گھر کی دِیواروں میں پَھیلی ہُوئی نظر آئے۔ 40تو کاہِن حُکم دے کہ اُن پتّھروں کو جِن میں وہ بلا ہے نِکال کر اُنہیں شہر کے باہر کِسی ناپاک جگہ میں پھینک دیں۔ 41پِھر وہ اُس گھر کو اندر ہی اندر چاروں طرف سے کُھرچوائے اور اُس کُھرچی ہُوئی مِٹّی کو شہر کے باہر کِسی ناپاک جگہ میں ڈالیں۔ 42اور وہ اُن پتّھروں کی جگہ اَور پتّھر لے کر لگائیں اور کاہِن تازہ گارے سے اُس گھر کی استرکاری کرائے۔
43اور اگر پتّھروں کے نِکالے جانے اور اُس گھر کے کُھرچے اور استرکاری کرائے جانے کے بعد بھی وہ بلا پِھر آ جائے اور اُس گھر میں پُھوٹ نِکلے۔ 44تو کاہِن اندر جا کر مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ بلا گھر میں پَھیل گئی ہے تو اُس گھر میں کھا جانے والا کوڑھ ہے۔ وہ ناپاک ہے۔ 45تب وہ اُس گھر کو اُس کے پتّھروں اور لکڑیوں اور اُس کی ساری مِٹّی کو گِرا دے اور وہ اُن کو شہر کے باہر نِکال کر کِسی ناپاک جگہ میں لے جائے۔ 46ماسِوا اِس کے اگر کوئی اُس گھر کے بند کر دِئے جانے کے دِنوں میں اُس کے اندر داخِل ہو تو وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 47اور جو کوئی اُس گھر میں سوئے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور جو کوئی اُس گھر میں کُچھ کھائے وہ بھی اپنے کپڑے دھوئے۔
48اور اگر کاہِن اندر جا کر مُلاحظہ کرے اور دیکھے کہ گھر کی استرکاری کے بعد وہ بلا اُس گھر میں نہیں پَھیلی تو وہ اُس گھر کو پاک قرار دے کیونکہ وہ بلا دُور ہو گئی۔ 49اور وہ اُس گھر کو پاک قرار دینے کے لِئے دو پرِندے اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑا اور زُوفا لے۔ 50اور وہ اُن پرِندوں میں سے ایک کو مِٹّی کے کِسی برتن میں بہتے ہُوئے پانی پر ذبح کرے۔ 51پِھر وہ دیودار کی لکڑی اور زُوفا اور سُرخ کپڑے اور اُس زِندہ پرِندہ کو لے کر اُن کو اُس ذبح کِئے ہُوئے پرِندہ کے خُون میں اور اُس بہتے ہُوئے پانی میں غوطہ دے اور سات بار اُس گھر پر چِھڑکے۔ 52اور وہ اُس پرِندے کے خُون سے اور بہتے ہُوئے پانی اور زِندہ پرِندہ اور دیودار کی لکڑی اور زُوفا اور سُرخ کپڑے سے اُس گھر کو پاک کرے۔ 53اور اُس زِندہ پرِندہ کو شہر کے باہر کُھلے مَیدان میں چھوڑ دے۔ یُوں وہ گھر کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گا۔
54کوڑھ کی ہر قِسم کی بلا کے اور سعفہ کے لِئے۔ 55اور کپڑے اور گھر کے کوڑھ کے لِئے۔ 56اور ورم اور پپڑی اور چمکتے ہُوئے داغ کے لِئے شرع یہ ہے۔ 57تاکہ بتایا جائے کہ کب وہ ناپاک اور کب پاک قرار دِئے جائیں۔ کوڑھ کے لِئے شرع یِہی ہے۔

Currently Selected:

احبار 14: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy