YouVersion Logo
Search Icon

نَوحہ 2

2
یروشلیِم کی سزا
1خُداوند نے اپنے قہر میں دُخترِ صِیُّون کو کَیسا بادل سے چِھپا دِیا!
اُس نے اِسرائیل کے جمال کو آسمان سے زمِین پر گِرا دِیا
اور اپنے قہر کے دِن اپنے پاؤں کی چَوکی کو یاد نہ کِیا۔
2خُداوند نے یعقُوب کے تمام گھر غارت کِئے اور رحم نہ کِیا
اُس نے اپنے قہر میں دُخترِ یہُوداؔہ کے تمام قلعے
گِرا کر خاک میں مِلا دِئے۔
اُس نے مُملکِت اور اُس کے اُمرا کو ناپاک ٹھہرایا۔
3اُس نے قہرِ شدِید میں اِسرائیل کا سِینگ بِالکُل کاٹ ڈالا۔
اُس نے دُشمن کے سامنے سے دہنا ہاتھ کھینچ لِیا
اور اُس نے شُعلہ زن آگ کی طرح جو چاروں
طرف بھسم کرتی ہے یعقُوبؔ کو جلا دِیا۔
4اُس نے دُشمن کی طرح کمان کھینچی۔ مُخالِف کی طرح
دہنا ہاتھ بڑھایا۔
اور دُخترِ صِیُّون کے خَیمہ میں سب حسِینوں کو قتل کِیا۔
اُس نے اپنے قہر کی آگ کو اُنڈیل دِیا۔
5خُداوند دُشمن کی مانِند ہو گیا۔ وہ اِسرائیل کو نِگل گیا۔
وہ اُس کے تمام قصروں کو نِگل گیا۔ اُس نے
اُس کے قلعے مِسمار کر دِئے۔
اور اُس نے دُخترِ یہُوداؔہ میں ماتم و نَوحہ فراوان کر دِیا۔
6اور اُس نے اپنے مسکن کو یک لخت تباہ کر دِیا گویا خَیمئہِ باغ تھا۔
اور اپنے مجمع کے مکان کو برباد کر دِیا۔
خُداوند نے مُقدّس عِیدوں اور سبتوں کو صِیُّون سے فراموش کرا دِیا۔
اور اپنے قہر کے جوش میں بادشاہ اور کاہِن کو ذلِیل کِیا۔
7خُداوند نے اپنے مذبح کو ردّ کِیا۔ اُس نے اپنے
مَقدِس سے نفرت کی۔
اُس کے قصروں کی دِیواروں کو دُشمن کے حوالہ کر دِیا۔
اُنہوں نے خُداوند کے گھر میں اَیسا شور مچایا
جَیسا عِید کے دِن۔
8خُداوند نے دُخترِ صِیُّون کی فصِیل گِرانے کا اِرادہ کِیا ہے۔
اُس نے ڈوری ڈالی ہے اور برباد کرنے سے
دست بردار نہیں ہُؤا۔
اُس نے فصِیل اور دِیوار کو مغمُوم کِیا۔ وہ باہم ماتم کرتی ہیں۔
9اُس کے دروازے زمِین میں غرق ہو گئے۔ اُس
نے اُس کے بینڈوں کو توڑ کر برباد کر دِیا۔
اُس کے بادشاہ اور اُمرا بے شرِیعت اقوام میں ہیں۔
اُس کے نبی بھی خُداوند کی طرف سے کوئی رویا نہیں دیکھتے۔
10دُخترِ صِیُّون کے بزُرگ خاک نشِین اور خاموش ہیں۔
وہ اپنے سروں پر خاک ڈالتے اور ٹاٹ اوڑھتے ہیں۔
یروشلیِم کی کُنواریاں زمِین تک سرنگُون ہوتی ہیں۔
11میری آنکھیں روتے روتے دُھندلا گئِیں۔ میرے اندر پیچ و تاب ہے۔
میری دُخترِ قَوم کی بربادی کے باعِث میرا کلیجہ نِکل آیا۔
کیونکہ چھوٹے بچّے اور شِیر خوار شہر کے کوچُوں میں بے ہوش ہیں۔
12جب وہ شہر کے کوچُوں میں کے زخمِیوں کی طرح غش کھاتے
اور جب اپنی ماؤں کی گود میں جان بلب ہوتے ہیں
تو اُن سے کہتے ہیں کہ غلّہ اور مَے کہاں ہے؟
13اَے دُخترِ یروشلیِم مَیں تُجھے کیا نصِیحت کرُوں اور
کِس سے تشبِیہ دُوں
اَے کُنواری دُخترِ صِیُّون تُجھے کِس کی مانِند جان کر تسلّی دُوں؟
کیونکہ تیرا زخم سمُندر سا بڑا ہے۔ تُجھے کَون شِفا دے گا؟
14تیرے نبِیوں نے تیرے لِئے باطِل اور بیہُودہ رویا دیکھِیں
اور تیری بدکرداری ظاہِر نہ کی تاکہ تُجھے اسِیری سے واپس لاتے
بلکہ تیرے لِئے جُھوٹے پَیغام اور جلاوطنی کے سامان دیکھے۔
15سب آنے جانے والے تُجھ پر تالِیاں بجاتے ہیں۔
وہ دُخترِ یروشلیِم پر سُسکارتے اور سر ہِلاتے ہیں
کہ کیا یہ وُہی شہر ہے جِسے لوگ کمالِ حُسن اور
فرحتِ جہان کہتے تھے؟
16تیرے سب دُشمنوں نے تُجھ پر مُنہ پسارا ہے۔
وہ سُسکارتے اور دانت پِیستے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ہم اُسے نِگل گئے۔
بیشک ہم اِسی دِن کے مُنتظِر تھے سو آ پُہنچا اور ہم نے دیکھ لِیا
17خُداوند نے جو ٹھانا وُہی کِیا۔ اُس نے اپنے کلام کو
جو ایّامِ قدِیم میں فرمایا تھا پُورا کِیا۔
اُس نے گِرا دِیا اور رحم نہ کِیا اور اُس نے دُشمن کو تُجھ پر شادمان کِیا۔
اُس نے تیرے مُخالِفوں کا سِینگ بُلند کِیا۔
18اُن کے دِلوں نے خُداوند سے فریاد کی۔
اَے دُخترِ صِیُّون کی فصِیل شب و روز آنسُو نہر کی طرح جاری رہیں۔
تُو بِالکُل آرام نہ لے۔ تیری آنکھ کی پُتلی آرام نہ کرے۔
19اُٹھ رات کو پہروں کے شرُوع میں فریاد کر۔
خُداوند کے حضُور اپنا دِل پانی کی مانِند اُنڈیل دے۔
اپنے بچّوں کی زِندگی کے لِئے جو سب کُوچوں
میں بُھوک سے بے ہوش پڑے ہیں
اُس کے حضُور میں دستِ دُعا بُلند کر۔
20اَے خُداوند نظر کر اور دیکھ کہ تُو نے کِس سے یہ کِیا!
کیا عَورتیں اپنے پَھل یعنی اپنے لاڈلے بچّوں کو کھائیں؟
کیا کاہِن اور نبی خُداوند کے مَقدِس میں قتل کِئے جائیں؟
21پِیر و جوان گلِیوں میں خاک پر پڑے ہیں۔
میری کُنواریاں اور میرے جوان تلوار سے قتل ہُوئے۔
تُو نے اپنے قہر کے دِن اُن کو قتل کِیا۔ تُو نے اُن
کو کاٹ ڈالا اور رحم نہ کِیا۔
22تُو نے میری دہشت کو ہر طرف سے گویا عِید کے دِن بُلا لِیا
اور خُداوند کے قہر کے دِن نہ کوئی بچا نہ باقی رہا۔
جِن کو مَیں نے گود میں کِھلایا اور پالا پوسا میرے دُشمنوں نے فنا کر دِیا۔

Currently Selected:

نَوحہ 2: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy