YouVersion Logo
Search Icon

یشُوع 14

14
دریائے یَردن کے مغرِب کی سرزمیِن کی تقسِیم
1اور وہ حِصّے جِن کو کنعانؔ کے مُلک میں بنی اِسرائیل نے مِیراث کے طَور پر پایا اور جِن کو الیِعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے آبائی خاندانوں کے سرداروں نے اُن کو تقسِیم کِیا یہ ہیں۔ 2اُن کی مِیراث قُرعہ سے دی گئی جَیسا خُداوند نے ساڑھے نَو قبِیلوں کے حق میں مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔ 3کیونکہ مُوسیٰ نے یَردن کے اُس پار ڈھائی قبِیلوں کی مِیراث اُن کو دے دی تھی پر اُس نے لاویوں کو اُن کے درمِیان کُچھ مِیراث نہیں دی۔ 4کیونکہ بنی یُوسفؔ کے دو قبِیلے تھے منسّی اور اِفراؔئِیم۔ سو لاویوں کو اُس مُلک میں کُچھ حِصّہ نہ مِلا سِوا شہروں کے جو اُن کے رہنے کے لِئے تھے اور اُن کی نواحی کے جو اُن کے چَوپایوں اور مال کے لِئے تھی۔ 5جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی بنی اِسرائیل نے کِیا اور مُلک کو بانٹ لِیا۔
حبرُون کا عِلاقہ کالِب کو دِیا گیا
6تب بنی یہُوداؔہ جِلجاؔل میں یشُوع کے پاس آئے اور قنِزی یُفنّہ کے بیٹے کالِب نے اُس سے کہا تُجھے معلُوم ہے کہ خُداوند نے مَردِ خُدا مُوسیٰ سے میری اور تیری بابت قادِس برنِیع میں کیا کہا تھا۔ 7جب خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے قادِس برنِیع سے مُجھ کو اِس مُلک کا حال دریافت کرنے کو بھیجا اُس وقت مَیں چالِیس برس کا تھا اور مَیں نے اُس کو وُہی خبر لا کر دی جو میرے دِل میں تھی۔ 8تَو بھی میرے بھائیوں نے جو میرے ساتھ گئے تھے لوگوں کے دِلوں کو پِگھلا دِیا لیکن مَیں نے خُداوند اپنے خُدا کی پُوری پَیروی کی۔ 9تب مُوسیٰ نے اُس دِن قَسم کھا کر کہا کہ جِس زمِین پر تیرا قدم پڑا ہے وہ ہمیشہ کے لِئے تیری اور تیرے بیٹوں کی مِیراث ٹھہرے گی کیونکہ تُو نے خُداوند میرے خُدا کی پُوری پَیروی کی ہے۔ 10اور اب دیکھ جب سے خُداوند نے یہ بات مُوسیٰ سے کہی تب سے اِن پَینتالِیس برسوں تک جِن میں بنی اِسرائیل بیابان میں آوارہ پِھرتے رہے خُداوند نے مُجھے اپنے قَول کے مُطابِق جِیتا رکھّا اور اب دیکھ مَیں آج کے دِن پچاسی برس کا ہُوں۔ 11اور آج کے دِن بھی مَیں وَیسا ہی ہُوں جَیسا اُس دِن تھا جب مُوسیٰ نے مُجھے بھیجا تھا اور جنگ کے لِئے اور باہر جانے اور لَوٹنے کے لِئے جَیسی قُوّت مُجھ میں اُس وقت تھی وَیسی ہی اب بھی ہے۔ 12سو یہ پہاڑی جِس کا ذِکر خُداوند نے اُس روز کِیا تھا مُجھ کو دے دے کیونکہ تُو نے اُس دِن سُن لِیا تھا کہ عناقِیم وہاں بستے ہیں اور وہاں کے شہر بڑے اور فصِیل دار ہیں۔ یہ مُمکِن ہے کہ خُداوند میرے ساتھ ہو اور مَیں اُن کو خُداوند کے قَول کے مُطابِق نِکال دُوں۔
13تب یشُوع نے یُفنّہ کے بیٹے کالِب کو دُعا دی اور اُس کو حبرُوؔن مِیراث کے طَور پر دے دِیا۔ 14سو حبرُوؔن اُس وقت سے آج تک قنِزی یُفنّہ کے بیٹے کالِب کی مِیراث ہے اِس لِئے کہ اُس نے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی پُوری پَیروی کی۔ 15اور اگلے وقت میں حبرُوؔن کا نام قریت اربع تھا اور وہ اربع عناقِیم میں سب سے بڑا آدمی تھا
اور اُس مُلک کو جنگ سے فراغت مِلی۔

Currently Selected:

یشُوع 14: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy