YouVersion Logo
Search Icon

ایُّوب 32

32
الیہو کی تقریریں
(۳۲‏:۱‏—۳۷‏:۲۴)
1سو اُن تِینوں آدمِیوں نے ایُّوؔب کو جواب دینا چھوڑ دِیا اِس لِئے کہ وہ اپنی نظر میں صادِق تھا۔ 2تب الِیہُو بِن براکیل بُوزی کا جو رام کے خاندان سے تھا قہر بھڑکا۔ اُس کا قہر ایُّوب پر بھڑکا اِس لِئے کہ اُس نے خُدا کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو راست ٹھہرایا۔ 3اور اُس کے تِینوں دوستوں پر بھی اُس کا قہر بھڑکا اِس لِئے کہ اُنہیں جواب تو سُوجھا نہیں تَو بھی اُنہوں نے ایُّوؔب کو مُجرِم ٹھہرایا۔ 4اور الِیہُو ایُّوب سے بات کرنے سے اِس لِئے رُکا رہا کہ وہ اُس سے بڑے تھے۔ 5جب الِیہُو نے دیکھا کہ اُن تِینوں کے مُنہ میں جواب نہ رہا تو اُس کا قہر بھڑک اُٹھا۔ 6اور براکیل بُوزی کا بیٹا الِیہُو کہنے لگا:-
مَیں جوان ہُوں اور تُم بُہت عُمر رسِیدہ ہو
اِس لِئے مَیں رُکا رہا اور اپنی رائے دینے کی جُرأت نہ کی۔
7مَیں نے کہا سال خُوردہ لوگ بولیں
اور عُمر رسِیدہ حِکمت سِکھائیں۔
8لیکن اِنسان میں رُوح ہے
اور قادرِ مُطلق کا دَم خِرد بخشتا ہے۔
9بڑے آدمی ہی عقل مند نہیں ہوتے
اور عُمر رسِیدہ ہی اِنصاف کو نہیں سمجھتے۔
10اِس لِئے مَیں کہتا ہُوں میری سُنو۔
مَیں بھی اپنی رائے دُوں گا۔
11دیکھو! مَیں تُمہاری باتوں کے لِئے رُکا رہا
جب تُم الفاظ کی تلاش میں تھے۔
مَیں تُمہاری دلِیلوں کا مُنتظِر رہا
12بلکہ مَیں تُمہاری طرف توجُّہ کرتا رہا
اور دیکھو تُم میں کوئی نہ تھا جو ایُّوؔب کو قائِل کرتا
یا اُس کی باتوں کا جواب دیتا۔
13خبردار یہ نہ کہنا کہ ہم نے حِکمت کو پا لِیا ہے۔
خُدا ہی اُسے لاجواب کر سکتا ہے نہ کہ اِنسان۔
14کیونکہ نہ اُس نے مُجھے اپنی باتوں کا نِشانہ بنایا
نہ مَیں تُمہاری سی تقرِیروں سے اُسے جواب دُوں گا۔
15وہ حَیران ہیں۔ وہ اب جواب نہیں دیتے۔
اُن کے پاس کہنے کو کوئی بات نہ رہی۔
16اور کیا مَیں رُکا رہُوں اِس لِئے کہ وہ بولتے نہیں۔
اِس لِئے کہ وہ چُپ چاپ کھڑے ہیں اور اب جواب
نہیں دیتے؟
17مَیں بھی اپنی بات کہُوں گا۔
مَیں بھی اپنی رائے دُوں گا۔
18کیونکہ مَیں باتوں سے بھرا ہُوں
اور جو رُوح میرے اندر ہے وہ مُجھے مجبُور کرتی ہے۔
19دیکھو! میرا پیٹ بے نِکاس شراب کی مانِند ہے۔
وہ نئی مشکوں کی طرح پھٹنے ہی کو ہے۔
20مَیں بولُوں گا تاکہ مُجھے تسکِین ہو۔
مَیں اپنے لبوں کو کھولُوں گا اور جواب دُوں گا۔
21نہ مَیں کِسی آدمی کی طرف داری کرُوں گا
نہ مَیں کِسی شخص کو خُوشامد کے خِطاب دُوں گا
22کیونکہ مُجھے خُوشامد کے خِطاب دینا نہیں آتا۔
ورنہ میرا بنانے والا مُجھے جلد اُٹھا لیتا۔

Currently Selected:

ایُّوب 32: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy