YouVersion Logo
Search Icon

یُوحنّا 16

16
1مَیں نے یہ باتیں تُم سے اِس لِئے کہِیں کہ تُم ٹھوکر نہ کھاؤ۔ 2لوگ تُم کو عِبادت خانوں سے خارِج کر دیں گے بلکہ وہ وقت آتا ہے کہ جو کوئی تُم کو قتل کرے گا وہ گُمان کرے گا کہ مَیں خُدا کی خِدمت کرتا ہُوں۔ 3اور وہ اِس لِئے یہ کریں گے کہ اُنہوں نے نہ باپ کو جانا نہ مُجھے۔ 4لیکن مَیں نے یہ باتیں اِس لِئے تُم سے کہِیں کہ جب اُن کا وقت آئے تو تُم کو یاد آ جائے کہ مَیں نے تُم سے کہہ دِیا تھا
رُوحُ القُدس کا کام
اور مَیں نے شرُوع میں تُم سے یہ باتیں اِس لِئے نہ کہِیں کہ مَیں تُمہارے ساتھ تھا۔ 5مگر اب مَیں اپنے بھیجنے والے کے پاس جاتا ہُوں اور تُم میں سے کوئی مُجھ سے نہیں پُوچھتا کہ تُو کہاں جاتا ہے؟ 6بلکہ اِس لِئے کہ مَیں نے یہ باتیں تُم سے کہِیں تُمہارا دِل غم سے بھر گیا۔ 7لیکن مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ میرا جانا تُمہارے لِئے فائِدہ مند ہے کیونکہ اگر مَیں نہ جاؤں تو وہ مددگار تُمہارے پاس نہ آئے گا لیکن اگر جاؤں گا تو اُسے تُمہارے پاس بھیج دُوں گا۔ 8اور وہ آ کر دُنیا کو گُناہ اور راست بازی اور عدالت کے بارے میں قصُوروار ٹھہرائے گا۔ 9گُناہ کے بارے میں اِس لِئے کہ وہ مُجھ پر اِیمان نہیں لاتے۔ 10راست بازی کے بارے میں اِس لِئے کہ مَیں باپ کے پاس جاتا ہُوں اور تُم مُجھے پِھر نہ دیکھو گے۔ 11عدالت کے بارے میں اِس لِئے کہ دُنیا کا سردار مُجرِم ٹھہرایا گیا ہے۔
12مُجھے تُم سے اَور بھی بُہت سی باتیں کہنا ہے مگر اب تُم اُن کی برداشت نہیں کر سکتے۔ 13لیکن جب وہ یعنی رُوحِ حق آئے گا تو تُم کو تمام سچّائی کی راہ دِکھائے گا۔ اِس لِئے کہ وہ اپنی طرف سے نہ کہے گا لیکن جو کُچھ سُنے گا وُہی کہے گا اور تُمہیں آیندہ کی خبریں دے گا۔ 14وہ میرا جلال ظاہِر کرے گا۔ اِس لِئے کہ مُجھ ہی سے حاصِل کر کے تُمہیں خبریں دے گا۔ 15جو کُچھ باپ کا ہے وہ سب میرا ہے۔ اِس لِئے مَیں نے کہا کہ وہ مُجھ ہی سے حاصِل کرتا ہے اور تُمہیں خبریں دے گا۔
اُداسی اور خُوشی
16تھوڑی دیر میں تُم مُجھے نہ دیکھو گے اور پِھر تھوڑی دیر میں مُجھے دیکھ لو گے۔
17پس اُس کے بعض شاگِردوں نے آپس میں کہا یہ کیا ہے جو وہ ہم سے کہتا ہے کہ تھوڑی دیر میں تُم مُجھے نہ دیکھو گے اور پِھر تھوڑی دیر میں مُجھے دیکھ لو گے اور یہ کہ اِس لِئے کہ مَیں باپ کے پاس جاتا ہُوں؟ 18پس اُنہوں نے کہا کہ تھوڑی دیر جو وہ کہتا ہے یہ کیا بات ہے؟ ہم نہیں جانتے کہ کیا کہتا ہے۔
19یِسُوعؔ نے یہ جان کر کہ وہ مُجھ سے سوال کرنا چاہتے ہیں اُن سے کہا کیا تُم آپس میں میری اِس بات کی نِسبت پُوچھ پاچھ کرتے ہو کہ تھوڑی دیر میں تُم مُجھے نہ دیکھو گے اور پِھر تھوڑی دیر میں مُجھے دیکھ لو گے؟ 20مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ تُم تو روؤ گے اور ماتم کرو گے مگر دُنیا خُوش ہو گی۔ تُم غمگِین تو ہو گے لیکن تُمہارا غم ہی خُوشی بن جائے گا۔ 21جب عَورت جننے لگتی ہے تو غمگِین ہوتی ہے اِس لِئے کہ اُس کے دُکھ کی گھڑی آ پُہنچی لیکن جب بچّہ پَیدا ہو چُکتا ہے تو اِس خُوشی سے کہ دُنیا میں ایک آدمی پَیدا ہُؤا اُس دَرد کو پِھر یاد نہیں کرتی۔ 22پس تُمہیں بھی اب تو غم ہے مگر مَیں تُم سے پِھر مِلُوں گا اور تُمہارا دِل خُوش ہو گا اور تُمہاری خُوشی کوئی تُم سے چِھین نہ لے گا۔
23اُس دِن تُم مُجھ سے کُچھ نہ پُوچھو گے۔ مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ اگر باپ سے کُچھ مانگو گے تو وہ میرے نام سے تُم کو دے گا۔ 24اب تک تُم نے میرے نام سے کُچھ نہیں مانگا۔ مانگو تو پاؤ گے تاکہ تُمہاری خُوشی پُوری ہو جائے۔
دُنیا پر غلبہ
25مَیں نے یہ باتیں تُم سے تمثِیلوں میں کہِیں۔ وہ وقت آتا ہے کہ پِھر تُم سے تمثِیلوں میں نہ کہُوں گا بلکہ صاف صاف تُمہیں باپ کی خبر دُوں گا۔ 26اُس دِن تُم میرے نام سے مانگو گے اور مَیں تُم سے یہ نہیں کہتا کہ باپ سے تُمہارے لِئے درخواست کرُوں گا۔ 27اِس لِئے کہ باپ تو آپ ہی تُم کو عزِیز رکھتا ہے کیونکہ تُم نے مُجھ کو عزِیز رکھا ہے اور اِیمان لائے ہو کہ مَیں باپ کی طرف سے نِکلا۔ 28مَیں باپ میں سے نِکلا اور دُنیا میں آیا ہُوں۔ پِھر دُنیا سے رُخصت ہو کر باپ کے پاس جاتا ہُوں۔
29اُس کے شاگِردوں نے کہا دیکھ اب تُو صاف صاف کہتا ہے اور کوئی تمثِیل نہیں کہتا۔ 30اب ہم جان گئے کہ تُو سب کُچھ جانتا ہے اور اِس کا مُحتاج نہیں کہ کوئی تُجھ سے پُوچھے۔ اِس سبب سے ہم اِیمان لاتے ہیں کہ تُو خُدا سے نِکلا ہے۔
31یِسُوع نے اُنہیں جواب دِیا کیا تُم اب اِیمان لاتے ہو؟ 32دیکھو وہ گھڑی آتی ہے بلکہ آ پُہنچی کہ تُم سب پراگندہ ہو کر اپنے اپنے گھر کی راہ لو گے اور مُجھے اکیلا چھوڑ دو گے تَو بھی مَیں اکیلا نہیں ہُوں کیونکہ باپ میرے ساتھ ہے۔ 33مَیں نے تُم سے یہ باتیں اِس لِئے کہِیں کہ تُم مُجھ میں اِطمِینان پاؤ۔ دُنیا میں مُصِیبت اُٹھاتے ہو لیکن خاطِر جمع رکھّو مَیں دُنیا پر غالِب آیا ہُوں۔

Currently Selected:

یُوحنّا 16: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in