YouVersion Logo
Search Icon

یرمِیاہ 8

8
1خُداوند فرماتا ہے کہ اُس وقت وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں اور اُس کے سرداروں اور کاہِنوں اور نبِیوں اور یروشلیِم کے باشِندوں کی ہڈِّیاں اُن کی قبروں سے نِکال لائیں گے۔ 2اور اُن کو سُورج اور چاند اور تمام اجرامِ فلک کے سامنے جِن کو وہ دوست رکھتے اور جِن کی خِدمت و پَیروی کرتے تھے جِن سے وہ صلاح لیتے تھے اور جِن کو سِجدہ کرتے تھے بِچھائیں گے۔ وہ نہ جمع کی جائیں گی نہ دفن ہوں گی بلکہ رُویِ زمِین پر کھاد بنیں گی۔ 3اور وہ سب لوگ جو اِس بُرے گھرانے میں سے باقی بچ رہیں گے اُن سب مکانوں میں جہاں جہاں مَیں اُن کو ہانک دُوں مَوت کو زِندگی سے زِیادہ چاہیں گے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
گُناہ اور سزا
4اور تُو اُن سے کہہ دے کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کیا لوگ گِر کر پِھر نہیں اُٹھتے؟ کیا کوئی برگشتہ ہو کر واپس نہیں آتا؟ 5پِھر یروشلیِم کے یہ لوگ کیوں ہمیشہ کی برگشتگی پر اڑے ہیں؟ وہ مکر سے لِپٹے رہتے ہیں اور واپس آنے سے اِنکار کرتے ہیں۔ 6مَیں نے کان لگایا اور سُنا۔ اُن کی باتیں ٹِھیک نہیں۔ کِسی نے اپنی بُرائی سے تَوبہ کر کے نہیں کہا کہ مَیں نے کیا کِیا؟ ہر ایک اپنی راہ کو پِھرتا ہے جِس طرح گھوڑا لڑائی میں سرپٹ دَوڑتا ہے۔ 7ہاں ہوائی لقلق اپنے مُقرّرہ وقتوں کو جانتا ہے اور قُمری اور ابابِیل اور کُلنگ اپنے آنے کا وقت پہچان لیتے ہیں لیکن میرے لوگ خُداوند کے احکام کو نہیں پہچانتے۔ 8تُم کیونکر کہتے ہو کہ ہم تو دانِش مند ہیں اور خُداوند کی شرِیعت ہمارے پاس ہے؟ لیکن دیکھ لِکھنے والوں کے باطِل قلم نے بطالت پَیدا کی ہے۔ 9دانِش مند شرمِندہ ہُوئے۔ وہ حَیران ہُوئے اور پکڑے گئے۔ دیکھ اُنہوں نے خُداوند کے کلام کو رَدّ کِیا۔ اُن میں کَیسی دانائی ہے؟ 10پس مَیں اُن کی بِیویاں اَوروں کو اور اُن کے کھیت اُن کو دُوں گا جو اُن پر قابِض ہوں گے کیونکہ وہ سب چھوٹے سے بڑے تک لالچی ہیں اور نبی سے کاہِن تک ہر ایک دغاباز ہے۔ 11اور وہ میری بِنتِ قَوم کے زخم کو یُوں ہی سلامتی سلامتی کہہ کر اچّھا کرتے ہیں حالانکہ سلامتی نہیں ہے۔ 12کیا وہ اپنے مکرُوہ کاموں کے سبب سے شرمِندہ ہُوئے؟ وہ ہرگِز شرمِندہ نہ ہُوئے بلکہ وہ لجائے تک نہیں۔ اِس واسطے وہ گِرنے والوں کے ساتھ گِریں گے۔ خُداوند فرماتا ہے جب اُن کو سزا مِلے گی تو وہ پست ہو جائیں گے۔
13خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں اُن کو بِالکُل فنا کرُوں گا۔ نہ تاک میں انگُور لگیں گے اور نہ انجِیر کے درخت میں انجِیر بلکہ پتّے بھی سُوکھ جائیں گے اور جو کُچھ مَیں نے اُن کو دِیا جاتا رہے گا۔
14ہم کیوں چُپ چاپ بَیٹھے ہیں؟ آؤ اِکٹّھے ہو کر مُحکم شہروں میں بھاگ چلیں اور وہاں چُپ ہو رہیں کیونکہ خُداوند ہمارے خُدا نے ہم کو چُپ کرایا اور ہم کو اِندراین کا پانی پِینے کو دِیا ہے۔ اِس لِئے کہ ہم خُداوند کے گُنہگار ہیں۔ 15سلامتی کا اِنتِظار تھا پر کُچھ فائِدہ نہ ہُؤا اور شِفا کے وقت کا پر دیکھو دہشت! 16اُس کے گھوڑوں کے فرّانے کی آواز دان سے سُنائی دیتی ہے۔ اُس کے جنگی گھوڑوں کے ہِنہنانے کی آواز سے تمام زمِین کانپ گئی کیونکہ وہ آ پُہنچے ہیں اور زمِین کو اور سب کُچھ جو اُس میں ہے اور شہر کو بھی اُس کے باشِندوں سمیت کھا جائیں گے۔
17کیونکہ خُداوند فرماتا ہے دیکھو مَیں تُمہارے درمِیان سانپ اور افعی بھیجُوں گا جِن پر منتر کارگر نہ ہو گا اور وہ تُم کو کاٹیں گے۔
یَرمِیاہ اپنے لوگوں کے لِئے غم کرتا ہے
18کاش کہ مَیں غم سے تسلّی پاتا!
میرا دِل مُجھ میں سُست ہو گیا۔
19دیکھ میری بِنتِ قَوم کے نالہ کی آواز دُور کے مُلک سے آتی ہے۔
کیا خُداوند صِیُّون میں نہیں؟
کیا اُس کا بادشاہ اُس میں نہیں؟
اُنہوں نے کیوں اپنی تراشی ہُوئی مُورتوں سے
اور بے گانہ معبُودوں سے مُجھ کو غضب ناک کِیا؟
20فصل کاٹنے کا وقت گُذرا۔ گرمی کے ایّام تمام ہُوئے
اور ہم نے رہائی نہیں پائی۔
21اپنی بِنتِ قَوم کی شِکستگی کے سبب سے مَیں شِکستہ حال ہُؤا۔
مَیں کُڑھتا رہتا ہُوں۔ حَیرت نے مُجھے دبا لِیا۔
22کیا جِلعاد میں رَوغنِ بلسان نہیں ہے؟
کیا وہاں کوئی طبِیب نہیں؟
میری بِنتِ قَوم کیوں شِفا نہیں پاتی؟

Currently Selected:

یرمِیاہ 8: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy