YouVersion Logo
Search Icon

یرمِیاہ 41

41
1اور ساتویں مہِینے میں یُوں ہُؤا کہ اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ بِن الیسمع جو شاہی نسل سے اور بادشاہ کے سرداروں میں سے تھا دس آدمی ساتھ لے کر جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کے پاس مِصفاؔہ میں آیا اور اُنہوں نے وہاں مِصفاؔہ میں مِل کر کھانا کھایا۔ 2تب اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ اُن دس آدمِیوں سمیت جو اُس کے ساتھ تھے اُٹھا اور جِدلیاؔہ بِن اخیقاؔم بِن سافن کو جِسے شاہِ بابل نے مُلک کا حاکِم مُقرّر کِیا تھا تلوار سے مارا اور اُسے قتل کِیا۔ 3اور اِسمٰعیل نے اُن سب یہُودِیوں کو جو جِدلیاؔہ کے ساتھ مِصفاؔہ میں تھے اور کسدی سِپاہِیوں کو جو وہاں حاضِر تھے قتل کِیا۔
4اور جب وہ جِدلیاؔہ کو مار چُکا اور کِسی کو خبر نہ ہُوئی تو اُس کے دُوسرے دِن یُوں ہُؤا۔ 5کہ سِکم اور سَیلا اور سامرِؔیہ سے کُچھ لوگ جو سب کے سب اسّی آدمی تھے داڑھی مُنڈائے اور کپڑے پھاڑے اور اپنے آپ کو گھایل کِئے اور ہدئے اور لُبان ہاتھوں میں لِئے ہُوئے وہاں آئے تاکہ خُداوند کے گھر میں گُذرانیں۔ 6اور اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ مِصفاؔہ سے اُن کے اِستقبال کو نِکلا اور روتا ہُؤا چلا اور یُوں ہُؤا کہ جب وہ اُن سے مِلا تو اُن سے کہنے لگا کہ جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کے پاس چلو۔ 7اور پِھر جب وہ شہر کے وسط میں پُہنچے تو اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ اور اُس کے ساتِھیوں نے اُن کو قتل کر کے حَوض میں پھینک دِیا۔
8پر اُن میں سے دس آدمی تھے جِنہوں نے اِسمٰعیل سے کہا کہ ہم کو قتل نہ کر کیونکہ ہمارے گیہُوں اور جَو اور تیل اور شہد کے ذخِیرے کھیتوں میں پوشِیدہ ہیں۔ سو وہ باز رہا اور اُن کو اُن کے بھائِیوں کے ساتھ قتل نہ کِیا۔ 9اور وہ حَوض جِس میں اِسمٰعیل نے اُن لوگوں کی لاشوں کو پھینکا تھا جِن کو اُس نے جِدلیاؔہ کے ساتھ قتل کِیا (وُہی ہے جِسے آسا بادشاہ نے شاہِ اِسرائیل بعشا کے ڈر سے بنایا تھا) اور اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ نے اُس کو مقتُولوں کی لاشوں سے بھر دِیا۔ 10تب اِسمٰعیل سب باقی لوگوں کو یعنی شاہزادِیوں اور اُن سب لوگوں کو جو مِصفاؔہ میں رہتے تھے جِن کو جلوداروں کے سردار نبُوزراداؔن نے جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کے سِپُرد کِیا تھا اسِیر کر کے لے گیا۔ اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ اُن کو اسِیر کر کے روانہ ہُؤا کہ پار ہو کر بنی عمُّون میں جا پُہنچے۔
11لیکن جب یُوحناؔن بِن قرِیح نے اور لشکر کے سب سرداروں نے جو اُس کے ساتھ تھے اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ کی تمام شرارت کی بابت جو اُس نے کی تھی سُنا۔ 12تو وہ سب لوگوں کو لے کر اُس سے لڑنے کو گئے اور جِبعُوؔن کے بڑے تالاب پر اُسے جا لِیا۔ 13اور یُوں ہُؤا کہ جب اُن سب لوگوں نے جو اِسمٰعیل کے ساتھ تھے یُوحناؔن بِن قرِیح کو اور اُس کے ساتھ سب فَوجی سرداروں کو دیکھا تو وہ خُوش ہُوئے۔ 14تب وہ سب لوگ جِن کو اِسمٰعیل مِصفاؔہ سے پکڑ لے گیا تھا پلٹے اور یُوحناؔن بِن قرِیح کے پاس واپس آئے۔ 15پر اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ آٹھ آدمِیوں کے ساتھ یُوحناؔن کے سامنے سے بھاگ نِکلا اور بنی عمُّون کی طرف چلا گیا۔
16تب یُوحناؔن بِن قرِیح اور وہ فَوجی سردار جو اُس کے ہمراہ تھے سب باقی ماندہ لوگوں کو واپس لائے جِن کو اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کو قتل کرنے کے بعد مِصفاؔہ سے لے گیا تھا یعنی جنگی مَردوں اور عَورتوں اور لڑکوں اور خواجہ سراؤں کو جِن کو وہ جِبعُوؔن سے واپس لایا تھا۔ 17اور وہ روانہ ہُوئے اور سرایِ کِمہاؔم میں جو بَیت لحم کے نزدِیک ہے آ رہے تاکہ مِصرؔ کو جائیں۔ 18کیونکہ وہ کسدیوں سے ڈرے اِس لِئے کہ اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ نے جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کو جِسے شاہِ بابل نے اُس مُلک پر حاکِم مُقرّر کِیا تھا قتل کر ڈالا۔

Currently Selected:

یرمِیاہ 41: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy