YouVersion Logo
Search Icon

یرمِیاہ 36

36
بارُوک ہَیکل میں طُومار پڑھتا ہے
1شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسِیاؔہ کے چَوتھے برس میں یہ کلام خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2کہ کِتاب کا ایک طُومار لے اور وہ سب کلام جو مَیں نے اِسرائیل اور یہُوداؔہ اور تمام اقوام کے خِلاف تُجھ سے کِیا اُس دِن سے لے کر جب سے مَیں تُجھ سے کلام کرنے لگا یعنی یوسیاؔہ کے ایّام سے آج کے دِن تک اُس میں لِکھ۔ 3شاید یہُوداؔہ کا گھرانا اُس تمام مُصِیبت کا حال جو مَیں اُن پر لانے کا اِرادہ رکھتا ہُوں سُنے تاکہ وہ سب اپنی بُری روِش سے باز آئیں اور مَیں اُن کی بدکرداری اور گُناہ کو مُعاف کرُوں۔
4تب یَرمِیاؔہ نے بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ کو بُلایا اور بارُوؔک نے خُداوند کا وہ سب کلام جو اُس نے یَرمِیاؔہ سے کِیا تھا اُس کی زُبانی کِتاب کے اُس طُومار میں لِکھا۔ 5اور یَرمِیاؔہ نے بارُوؔک کو حُکم دِیا اور کہا کہ مَیں تو مجبُور ہُوں۔ مَیں خُداوند کے گھر میں نہیں جا سکتا۔ 6پر تُو جا اور خُداوند کا وہ کلام جو تُو نے میرے مُنہ سے اُس طُومار میں لِکھا ہے خُداوند کے گھر میں روزہ کے دِن لوگوں کو پڑھ کر سُنا اور تمام یہُوداؔہ کے لوگوں کو بھی جو اپنے شہروں سے آئے ہوں تُو وُہی کلام پڑھ کر سُنا۔ 7شاید وہ خُداوند کے حضُور مِنّت کریں اور سب کے سب اپنی بُری روِش سے باز آئیں کیونکہ خُداوند کا قہر و غضب جِس کا اُس نے اِن لوگوں کے خِلاف اِعلان کِیا ہے شدِید ہے۔ 8اور بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ نے سب کُچھ جَیسا یَرمِیاؔہ نبی نے اُس کو فرمایا تھا وَیسا ہی کِیا اور خُداوند کے گھر میں خُداوند کا کلام اُس کِتاب سے پڑھ کر سُنایا۔
9اور شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسیاؔہ کے پانچویں برس کے نویں مہِینے میں یُوں ہُؤا کہ یروشلیِم کے سب لوگوں نے اور اُن سب نے جو یہُوداؔہ کے شہروں سے یروشلیِم میں آئے تھے خُداوند کے حضُور روزہ کی مُنادی کی۔ 10تب بارُوؔک نے کِتاب سے یَرمِیاؔہ کی باتیں خُداوند کے گھر میں جمرؔیاہ بِن سافن مُنشی کی کوٹھری میں اُوپر کے صحن کے درمِیان خُداوند کے گھر کے نئے پھاٹک کے مدخل پر سب لوگوں کے سامنے پڑھ سُنائِیں۔
طُومار اُمرا (حاکِموں) کے سامنے پڑھا جاتا ہے
11جب مِیکایاؔہ بِن جمرؔیاہ بِن سافن نے خُداوند کا وہ سب کلام جو اُس کِتاب میں تھا سُنا۔ 12تو وہ اُتر کر بادشاہ کے گھر مُنشی کی کوٹھری میں گیا اور سب اُمرا یعنی الِیسؔمع مُنشی اور دِلایاؔہ بِن سمعیاؔہ اور اِلناتن بِن عکبُور اور جمرؔیاہ بِن سافن اور صِدؔقیاہ بِن حننیاؔہ اور سب اُمرا وہاں بَیٹھے تھے۔ 13تب مِیکایاؔہ نے وہ سب باتیں جو اُس نے سُنی تِھیں جب بارُوؔک کِتاب سے پڑھ کر لوگوں کو سُناتا تھا اُن سے بیان کِیں۔ 14اور سب اُمرا نے یہُودؔی بِن نتنیاؔہ بِن سلمیاؔہ بِن کُوؔشی کو بارُوؔک کے پاس یہ کہہ کر بھیجا کہ وہ طُومار جو تُو نے لوگوں کو پڑھ کر سُنایا ہے اپنے ہاتھ میں لے اور چلا آ۔ پس بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ وہ طُومار لے کر اُن کے پاس آیا۔ 15اور اُنہوں نے اُسے کہا کہ اب بَیٹھ جا اور ہم کو یہ پڑھ کر سُنا اور بارُوؔک نے اُن کو پڑھ کر سُنایا۔ 16اور جب اُنہوں نے وہ سب باتیں سُنِیں تو ڈر کر ایک دُوسرے کا مُنہ تاکنے لگے اور بارُوؔک سے کہا کہ ہم یقِیناً یہ سب باتیں بادشاہ سے بیان کریں گے۔ 17اور اُنہوں نے یہ کہہ کر بارُوؔک سے پُوچھا کہ ہم سے کہہ کہ تُو نے یہ سب باتیں اُس کی زبانی کیونکر لِکھِیں؟
18تب بارُوؔک نے اُن سے کہا وہ یہ سب باتیں مُجھے اپنے مُنہ سے کہتا گیا اور مَیں سِیاہی سے کِتاب میں لِکھتا گیا۔
19تب اُمرا نے بارُوؔک سے کہا کہ جا اپنے آپ کو اور یَرمِیاؔہ کو چُھپا اور کوئی نہ جانے کہ تُم کہاں ہو۔
بادشاہ طُومار جلا دیتا ہے
20اور وہ بادشاہ کے پاس صحن میں گئے لیکن اُس طُومار کو الِیسمع مُنشی کی کوٹھری میں رکھ گئے اور وہ باتیں بادشاہ کو کہہ سُنائِیں۔ 21تب بادشاہ نے یہُودؔی کو بھیجا کہ طُومار لائے اور وہ اُسے الِیسمع مُنشی کی کوٹھری میں سے لے آیا اور یہُودؔی نے بادشاہ اور سب اُمرا کو جو بادشاہ کے حضُور کھڑے تھے اُسے پڑھ کر سُنایا۔ 22اور بادشاہ زمِستانی محلّ میں بَیٹھا تھا کیونکہ نواں مہِینہ تھا اور اُس کے سامنے انگِیٹھی جل رہی تھی۔ 23اور جب یہُودؔی نے تِین چار ورق پڑھے تو اُس نے اُسے مُنشی کے قلم تراش سے کاٹا اور انگِیٹھی کی آگ میں ڈال دِیا یہاں تک کہ تمام طُومار انگِیٹھی کی آگ سے بھسم ہو گیا۔ 24لیکن وہ نہ ڈرے نہ اُنہوں نے اپنے کپڑے پھاڑے نہ بادشاہ نے نہ اُس کے مُلازِموں میں سے کِسی نے جِنہوں نے یہ سب باتیں سُنی تِھیں۔ 25لیکن اِلناتن اور دِلایاؔہ اور جمریاؔہ نے بادشاہ سے عرض کی کہ طُومار کو نہ جلائے پر اُس نے اُن کی ایک نہ سُنی۔ 26اور بادشاہ نے شاہزادہ یرحمئیل کو اور شرایاؔہ بِن عزری ایل اور سلمیاؔہ بِن عبدی ایل کو حُکم دِیا کہ بارُوؔک مُنشی اور یَرمِیاؔہ نبی کو گرِفتار کریں لیکن خُداوند نے اُن کو چُھپایا۔
یَرمِیاہ ایک اور طُومار لِکھتا ہے
27اور جب بادشاہ طُومار اور اُن باتوں کو جو بارُوؔک نے یَرمِیاؔہ کی زُبانی لِکھی تِھیں جلا چُکا تو خُداوند کا یہ کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 28کہ تُو دُوسرا طُومار لے اور اُس میں وہ سب باتیں لِکھ جو پہلے طُومار میں تِھیں جِسے شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم نے جلا دِیا۔ 29اور شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم سے کہہ کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو نے طُومار کو جلا دِیا اور کہا ہے کہ تُو نے اُس میں یُوں کیوں لِکھا کہ شاہِ بابل یقِیناً آئے گا اور اِس مُلک کو غارت کرے گا اور نہ اِس میں اِنسان باقی چھوڑے گا نہ حَیوان۔ 30اِس لِئے شاہِ یہُوداؔہ یہُویقِیم کی بابت خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اُس کی نسل میں سے کوئی نہ رہے گا جو داؤُد کے تخت پر بَیٹھے اور اُس کی لاش پھینکی جائے گی تاکہ دِن کو گرمی میں اور رات کو پالے میں پڑی رہے۔ 31اور مَیں اُس کو اور اُس کی نسل کو اور اُس کے مُلازِموں کو اُن کی بدکرداری کی سزا دُوں گا اور مَیں اُن پر اور یروشلیِم کے باشِندوں پر اور یہُوداؔہ کے لوگوں پر وہ سب مُصِیبت لاؤُں گا جِس کا مَیں نے اُن کے خِلاف اِعلان کِیا پر وہ شِنوا نہ ہُوئے۔
32تب یَرمِیاؔہ نے دُوسرا طُومار لِیا اور بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ مُنشی کو دِیا اور اُس نے اُس کِتاب کی سب باتیں جِسے شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم نے آگ میں جلایا تھا یَرمِیاؔہ کی زُبانی اُس میں لِکھِیں اور اُن کے سِوا وَیسی ہی اَور بُہت سی باتیں اُن میں بڑھا دی گئِیں۔

Currently Selected:

یرمِیاہ 36: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy