YouVersion Logo
Search Icon

یرمِیاہ 17

17
یہُوداؔہ کا گُناہ اور سزا
1یہُوداؔہ کا گُناہ لوہے کے قلم اور ہِیرے کی نوک سے لِکھا گیا ہے۔ اُن کے دِل کی تختی پر اور اُن کے مذبحوں کے سِینگوں پر کندہ کِیا گیا ہے۔ 2کیونکہ اُن کے بیٹے اپنے مذبحوں اور یسِیرتوں کو یاد کرتے ہیں جو ہرے درختوں کے پاس اُونچے پہاڑوں پر ہیں۔ 3اَے میرے پہاڑ جو مَیدان میں ہے! مَیں تیرا مال اور تیرے سب خزانے اور تیرے اُونچے مقام جِن کو تُو نے اپنی تمام سرحدّوں پر گُناہ کے لِئے بنایا لُٹاؤُں گا۔ 4اور تُو از خُود اُس مِیراث سے جو مَیں نے تُجھے دی اپنے قصُور کے باعِث ہاتھ اُٹھائے گا اور مَیں اُس مُلک میں جِسے تُو نہیں جانتا تُجھ سے تیرے دُشمنوں کی خِدمت کراؤُں گا کیونکہ تُم نے میرے قہر کی آگ بھڑکا دی ہے جو ہمیشہ تک جلتی رہے گی۔
مُتفرِّق مقُولے
5خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
ملعُون ہے وہ آدمی
جو اِنسان پر توکُّل کرتا ہے اور بشر کو اپنا بازُو جانتا
ہے اور جِس کا دِل خُداوند سے برگشتہ ہو جاتا ہے۔
6کیونکہ وہ رتمہ کی مانِند ہو گا جو بیابان میں ہے
اور کبھی بھلائی نہ دیکھے گا
بلکہ بیابان کی بے آب جگہوں میں اور غَیر آباد
زمِینِ شور میں رہے گا۔
7مُبارک ہے وہ آدمی جو خُداوند پر توکُّل کرتا ہے اور
جِس کی اُمّیدگاہ خُداوند ہے۔
8کیونکہ وہ اُس درخت کی مانِند ہو گا جو پانی کے پاس لگایا جائے
اور اپنی جڑ دریا کی طرف پَھیلائے
اور جب گرمی آئے تو اُسے کُچھ خطرہ نہ ہو
بلکہ اُس کے پتّے ہرے رہیں
اور خُشک سالی کا اُسے کُچھ خَوف نہ ہو
اور پَھل لانے سے باز نہ رہے۔
9دِل سب چِیزوں سے زِیادہ حِیلہ باز اور لاعِلاج ہے۔
اُس کو کَون دریافت کر سکتا ہے؟
10مَیں خُداوند دِل و دِماغ کو جانچتا اور آزماتا ہُوں
تاکہ ہر ایک آدمی کو اُس کی چال کے مُوافِق
اور اُس کے کاموں کے پَھل کے مُطابِق بدلہ دُوں۔
11بے اِنصافی سے دَولت حاصِل کرنے والا
اُس تِیتر کی مانِند ہے جو کِسی دُوسرے کے انڈوں پر بَیٹھے۔
وہ آدھی عُمر میں اُسے کھو بَیٹھے گا
اور آخِر کو احمق ٹھہرے گا۔
12ہمارے مقدِس کا مکان ازل ہی سے مُقرّر کِیا ہُؤا جلالی تخت ہے۔
13اَے خُداوند اِسرائیل کی اُمّیدگاہ!
تُجھ کو ترک کرنے والے سب شرمِندہ ہوں گے۔
مُجھ کو ترک کرنے والے خاک میں مِل جائیں گے
کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کو جو آبِ حیات کا چشمہ ہے
ترک کر دِیا۔
یَرمِیاہ خُداوند سے مدد مانگتا ہے
14اَے خُداوند! تُو مُجھے شِفا بخشے تو مَیں شِفا پاؤُں گا۔ تُو ہی بچائے تو بچُوں گا کیونکہ تُو میرا فخر ہے۔
15دیکھ وہ مُجھے کہتے ہیں خُداوند کا کلام کہاں ہے؟ اب نازِل ہو۔
16مَیں نے تو تیری پَیروی میں گڈریا بننے سے گُریز نہیں کِیا اور مُصِیبت کے دِن کی آرزُو نہیں کی۔ تُو خُود جانتا ہے کہ جو کُچھ میرے لبوں سے نِکلا تیرے سامنے تھا۔ 17تُو میرے لِئے دہشت کا باعِث نہ ہو۔ مُصِیبت کے دِن تُو ہی میری پناہ ہے۔ 18مُجھ پر سِتم کرنے والے شرمِندہ ہوں پر مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے۔ وہ ہِراسان ہوں پر مُجھے ہِراسان نہ ہونے دے۔ مُصِیبت کا دِن اُن پر لا اور اُن کو شِکست پر شِکست دے۔
سبت کو ماننے کے بارے میں
19خُداوند نے مُجھ سے یُوں فرمایا ہے کہ جا اور اُس پھاٹک پر جِس سے عام لوگ اور شاہانِ یہُوداؔہ آتے جاتے ہیں بلکہ یروشلیِم کے سب پھاٹکوں پر کھڑا ہو۔ 20اور اُن سے کہہ دے کہ اَے شاہانِ یہُوداؔہ اور اَے سب بنی یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے سب باشِندو جو اِن پھاٹکوں میں سے آتے جاتے ہو خُداوند کا کلام سُنو۔ 21خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم خبردار رہو اور سبت کے دِن بوجھ نہ اُٹھاؤ اور یروشلیِم کے پھاٹکوں کی راہ سے اندر نہ لاؤ۔ 22اور تُم سبت کے دِن بوجھ اپنے گھروں سے اُٹھا کر باہر نہ لے جاؤ اور کِسی طرح کا کام نہ کرو بلکہ سبت کے دِن کو مُقدّس جانو جَیسا مَیں نے تُمہارے باپ دادا کو حُکم دِیا تھا۔ 23لیکن اُنہوں نے نہ سُنا نہ کان لگایا بلکہ اپنی گردن کو سخت کِیا کہ شِنوا نہ ہوں اور تربِیّت نہ پائیں۔
24اور یُوں ہو گا کہ اگر تُم دِل لگا کر میری سُنو گے خُداوند فرماتا ہے اور سبت کے دِن تُم اِس شہر کے پھاٹکوں کے اندر بوجھ نہ لاؤ گے بلکہ سبت کے دِن کو مُقدّس جانو گے یہاں تک کہ اُس میں کُچھ کام نہ کرو۔ 25تو اِس شہر کے پھاٹکوں سے داؤُد کے جانشِین بادشاہ اور اُمرا داخِل ہوں گے۔ وہ اور اُن کے اُمرا یہُوداؔہ کے لوگ اور یروشلیِم کے باشِندے رتھوں اور گھوڑوں پر سوار ہوں گے اور یہ شہر ہمیشہ تک آباد رہے گا۔ 26اور یہُوداؔہ کے شہروں اور یروشلیِم کی نواحی اور بِنیمِین کی سرزمِین اور مَیدان اور کوہِستان اور جنُوب سے سوختنی قُربانِیاں اور ذبِیحے اور ہدئے اور لُبان لے کر آئیں گے اور خُداوند کے گھر میں شُکرگُذاری کے ہدئے لائیں گے۔ 27لیکن اگر تُم میری نہ سُنو گے کہ سبت کے دِن کو مُقدّس جانو اور بوجھ اُٹھا کر سبت کے دِن یروشلیِم کے پھاٹکوں میں داخِل ہونے سے باز نہ رہو تو مَیں اُس کے پھاٹکوں میں آگ سُلگاؤُں گا جو اُس کے قصروں کو بھسم کر دے گی اور ہرگِز نہ بُجھے گی۔

Currently Selected:

یرمِیاہ 17: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy