YouVersion Logo
Search Icon

ہوسِیعَ 7

7
1جب مَیں اِسرائیل کو شِفا بخشنے کو تھا تو اِفرائِیم کی بدکرداری اور سامرؔیہ کی شرارت ظاہِر ہُوئی کیونکہ وہ دغا کرتے ہیں۔ اندر چور گُھس آئے ہیں اور باہر ڈاکوؤں کا غول لُوٹ رہا ہے۔ 2وہ یہ نہیں سوچتے کہ مُجھے اُن کی ساری شرارت معلُوم ہے۔ اب اُن کے اعمال نے جو مُجھ پر عیاں ہیں اُن کو گھیر لِیا ہے۔
محلّ کے اندر سازِش
3وہ بادشاہ کو اپنی شرارت اور اُمرا کو دروغ گوئی سے خُوش کرتے ہیں۔ 4وہ سب کے سب بدکار ہیں۔ وہ اُس تنُور کی مانِند ہیں جِس کو نانبائی گرم کرتا ہے اور آٹا گُوندھنے کے وقت سے خمِیر اُٹھنے تک آگ بھڑکانے سے باز رہتا ہے۔ 5ہمارے بادشاہ کے جشن کے روز اُمرا تو گرمیِ مَے سے بِیمار ہُوئے اور وہ ٹھٹّھا بازوں کے ساتھ بے تکلُّف ہُؤا۔ 6گھات میں بَیٹھے اُن کے دِل تنُور کی مانِند ہیں۔ اُن کا قہر رات بھر سُلگتا رہتا ہے۔ وہ صُبح کے وقت آگ کی مانِند بھڑکتا ہے۔
7وہ سب کے سب تنُور کی مانِند دہکتے ہیں اور اپنے قاضِیوں کو کھا جاتے ہیں۔ اُن کے سب بادشاہ مارے گئے۔ اُن میں کوئی نہ رہا جو مُجھ سے دُعا کرے۔
اِسرائیلؔ اور دُوسری قَومیں
8اِفرائِیم دُوسرے لوگوں سے مِل جُل گیا۔ اِفرائِیم ایک چپاتی ہے جو اُلٹائی نہ گئی۔ 9اجنبی اُس کی توانائی کو نِگل گئے اور اُس کو خبر نہیں اور بال سفید ہونے لگے پر وہ بے خبر ہے۔ 10اور فخرِ اِسرائیل اُس کے مُنہ پر گواہی دیتا ہے تَو بھی وہ خُداوند اپنے خُدا کی طرف رجُوع نہیں لائے اور باوُجُود اِس سب کے اُس کے طالِب نہیں ہُوئے۔ 11اِفرائِیم بے وقُوف و بے دانِش فاختہ ہے۔ وہ مِصرؔ کی دُہائی دیتے اور اسُور کو جاتے ہیں۔ 12جب وہ جائیں گے تو مَیں اُن پر اپنا جال پَھیلا دُوں گا۔ اُن کو ہوا کے پرِندوں کی مانِند نِیچے اُتارُوں گا اور جَیسا اُن کی جماعت سُن چُکی ہے اُن کی تادِیب کرُوں گا۔
13اُن پر افسوس! کیونکہ وہ مُجھ سے آوارہ ہو گئے۔ وہ برباد ہوں! کیونکہ وہ مُجھ سے باغی ہُوئے۔ اگرچہ مَیں اُن کا فِدیہ دینا چاہتا ہُوں وہ میرے خِلاف دروغ گوئی کرتے ہیں۔ 14اور وہ حضُورِ قلب کے ساتھ مُجھ سے فریاد نہیں کرتے بلکہ اپنے بِستروں پر پڑے چِلاّتے ہیں۔ وہ اناج اور مَے کے لِئے تو جمع ہو جاتے ہیں پر مُجھ سے باغی رہتے ہیں۔ 15اگرچہ مَیں نے اُن کی تربِیّت کی اور اُن کو قَوی بازُو کِیا تَو بھی وہ میرے حق میں بداندیشی کرتے ہیں۔ 16وہ رجُوع ہوتے ہیں پر حق تعالیٰ کی طرف نہیں۔ وہ دغا دینے والی کمان کی مانِند ہیں۔ اُن کے اُمرا اپنی زُبان کی گُستاخی کے سبب سے تہِ تَیغ ہوں گے۔ اِس سے مُلکِ مِصرؔ میں اُن کی ہنسی ہو گی۔

Currently Selected:

ہوسِیعَ 7: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy