YouVersion Logo
Search Icon

خرُوج 5

5
مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ مِصرؔ کے بادشاہ کے حضُور
1اِس کے بعد مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ نے جا کر فرِعونؔ سے کہا کہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ بیابان میں میرے لِئے عِید کریں۔
2فرِعونؔ نے کہا کہ خُداوند کَون ہے کہ مَیں اُس کی بات کو مان کر بنی اِسرائیل کو جانے دُوں؟ مَیں خُداوند کو نہیں جانتا اور مَیں بنی اِسرائیل کو جانے بھی نہیں دُوں گا۔
3تب اُنہوں نے کہا کہ عِبرانیوں کا خُدا ہم سے مِلا ہے سو ہم کو اِجازت دے کہ ہم تِین دِن کی منزل بیابان میں جا کر خُداوند اپنے خُدا کے لِئے قُربانی کریں تا نہ ہو کہ وہ ہم میں وبا بھیج دے یا ہم کو تلوار سے مَروا دے۔
4تب مِصرؔ کے بادشاہ نے اُن کو کہا اَے مُوسیٰؔ اور اَے ہارُونؔ تُم کیوں اِن لوگوں کو اِن کے کام سے چُھڑواتے ہو؟ تُم جا کر اپنے اپنے بوجھ کو اُٹھاؤ۔ 5اور فرِعونؔ نے یہ بھی کہا دیکھو یہ لوگ اِس مُلک میں بُہت ہو گئے ہیں اور تُم اِن کو اِن کے کام سے بِٹھاتے ہو۔
6اور اُسی دِن فرِعونؔ نے بیگار لینے والوں اور سرداروں کو جو لوگوں پر تھے حُکم کِیا۔ 7کہ اب آگے کو تُم اِن لوگوں کو اِینٹیں بنانے کے لِئے بُھس نہ دینا جَیسے اب تک دیتے رہے۔ وہ خُود ہی جا کر اپنے لِئے بُھس بٹوریں۔ 8اور اِن سے اُتنی ہی اِینٹیں بنوانا جِتنی وہ اب تک بناتے آئے ہیں۔ تُم اُس میں سے کُچھ نہ گھٹانا کیونکہ وہ کاہِل ہو گئے ہیں۔ اِسی لِئے چِلاّ چِلاّ کر کہتے ہیں کہ ہم کو جانے دو کہ ہم اپنے خُدا کے لِئے قُربانی کریں۔ 9سو اِن سے زِیادہ سخت مِحنت لی جائے تاکہ کام میں مشغُول رہیں اور جُھوٹی باتوں سے دِل نہ لگائیں۔
10تب بیگار لینے والوں اور سرداروں نے جو لوگوں پر تھے جا کر اُن سے کہا کہ فرِعونؔ کہتا ہے مَیں تُم کو بُھس نہیں دینے کا۔ 11تُم خُود ہی جاؤ اور جہاں کہِیں تُم کو بُھس ملے وہاں سے لاؤ کیونکہ تُمہارا کام کُچھ بھی گھٹایا نہیں جائے گا۔ 12چُنانچہ وہ لوگ تمام مُلکِ مِصرؔ میں مارے مارے پِھرنے لگے کہ بُھس کے عوض کُھونٹی جمع کریں۔ 13اور بیگار لینے والے یہ کہہ کر جلدی کراتے تھے کہ تُم اپنا روز کا کام جَیسے بُھس پا کر کرتے تھے اب بھی کرو۔ 14اور بنی اِسرائیل میں سے جو جو فرِعونؔ کے بیگار لینے والوں کی طرف سے اِن لوگوں پر سردار مُقرّر ہُوئے تھے اُن پر مار پڑی اور اُن سے پُوچھا گیا کہ کیا سبب ہے کہ تُم نے پہلے کی طرح آج اور کل پُوری پُوری اِینٹیں نہیں بنوائیں؟
15تب اُن سرداروں نے جو بنی اِسرائیل میں سے مُقرّر ہُوئے تھے فرِعونؔ کے آگے جا کر فریاد کی اور کہا کہ تُو اپنے خادِموں سے اَیسا سلُوک کیوں کرتا ہے؟ 16تیرے خادِموں کو بُھس تو دِیا نہیں جاتا اور وہ ہم سے کہتے رہتے ہیں کہ اِینٹیں بناؤ اور دیکھ تیرے خادِم مار بھی کھاتے ہیں پر قصُور تیرے لوگوں کا ہے۔
17اُس نے کہا تُم سب کاہِل ہو کاہِل۔ اِسی لِئے تُم کہتے ہو کہ ہم کو جانے دے کہ خُداوند کے لِئے قُربانی کریں۔ 18سو اب تُم جاؤ کام کرو کیونکہ بُھس تُم کو نہیں مِلے گا اور اِینٹوں کو تُمہیں اُسی حساب سے دینا پڑے گا۔ 19جب بنی اِسرائیل کے سرداروں سے یہ کہا گیا کہ تُم اپنی اِینٹوں اور روزمرّہ کے کام میں کُچھ بھی کمی نہیں کرنے پاؤ گے تو وہ جان گئے کہ وہ کیسے وبال میں پھنسے ہُوئے ہیں۔
20جب وہ فرِعونؔ کے پاس سے نِکلے آ رہے تھے تو اُن کو مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ مُلاقات کے لِئے راستہ پر کھڑے مِلے۔ 21تب اُنہوں نے اُن سے کہا کہ خُداوند ہی دیکھے اور تُمہارا اِنصاف کرے کیونکہ تُم نے ہم کو فرِعونؔ اور اُس کے خادِموں کی نِگاہ میں اَیسا گِھنونا کِیا ہے کہ ہمارے قتل کے لِئے اُن کے ہاتھ میں تلوار دے دی ہے۔
مُوسیٰ خُدا سے شِکایت کرتا ہے
22تب مُوسیٰؔ خُداوند کے پاس لَوٹ کر گیا اور کہا کہ اَے خُداوند تُو نے اِن لوگوں کو کیوں دُکھ میں ڈالا اور مُجھے کیوں بھیجا؟ 23کیونکہ جب سے مَیں فرِعونؔ کے پاس تیرے نام سے باتیں کرنے گیا اُس نے اِن لوگوں سے بُرائی ہی بُرائی کی اور تُو نے اپنے لوگوں کو ذرا بھی رہائی نہ بخشی۔

Currently Selected:

خرُوج 5: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy