YouVersion Logo
Search Icon

خرُوج 22

22
تلافی کی بابت اَحکام
1اگر کوئی آدمی بَیل یا بھیڑ چُرا لے اور اُسے ذبح کر دے یا بیچ ڈالے تو وہ ایک بَیل کے بدلے پانچ بَیل اور ایک بھیڑ کے بدلے چار بھیڑیں بھرے۔
2اگر چور سیندھ مارتے ہُوئے پکڑا جائے اور اُس پر اَیسی مار پڑے کہ وہ مَر جائے تو اُس کے خُون کا کوئی جُرم نہیں۔ 3اگر سُورج نِکل چُکے تو اُس کا خُون جُرم ہو گا بلکہ اُسے نُقصان بھرنا پڑے گا اور اگر اُس کے پاس کُچھ نہ ہو تو وہ چوری کے لِئے بیچا جائے۔ 4اگر چوری کا مال اُس کے پاس جِیتا مِلے خواہ وہ بَیل ہو یا گدھا یا بھیڑ تو وہ اُس کا دُونا بھر دے۔
5اگر کوئی آدمی کِسی کھیت یا تاکستان کو کھلوا دے اور اپنے جانور کو چھوڑ دے کہ وہ دُوسرے کے کھیت کو چَر لے تو اپنے کھیت یا تاکِستان کی اچھّی سے اچھّی پَیداوار میں سے اُس کا مُعاوضہ دے۔
6اگر آگ بھڑکے اور کانٹوں میں لگ جائے اور اناج کے ڈھیر یا کھڑی فصل یا کھیت کو جلا کر بھسم کر دے تو جِس نے آگ جلائی ہو وہ ضرُور مُعاوضہ دے۔
7اگر کوئی اپنے ہمسایہ کو نقد یا جِنس رکھنے کو دے اور وہ اُس شخص کے گھر سے چوری ہو جائے تو اگر چور پکڑا جائے تو دُونا اُس کو بھرنا پڑے گا۔ 8پر اگر چور پکڑا نہ جائے تو اُس گھر کا مالِک خُدا کے آگے لایا جائے تاکہ معلُوم ہو جائے کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کے مال کو ہاتھ نہیں لگایا۔
9ہر قِسم کی خِیانت کے مُعاملہ میں خواہ بَیل کا خواہ گدھے یا بھیڑ یا کپڑے یا کِسی اَور کھوئی ہُوئی چِیز کا ہو جِس کی نِسبت کوئی بول اُٹھے کہ وہ چِیز یہ ہے تو فریقین کا مُقدّمہ خُدا کے حضُور لایا جائے اور جِسے خُدا مُجرم ٹھہرائے وہ اپنے ہمسایہ کو دُونا بھر دے۔
10اگر کوئی اپنے ہمسایہ کے پاس گدھا یا بَیل یا بھیڑ یا کوئی اَور جانور امانت رکھّے اور وہ بغَیر کِسی کے دیکھے مَر جائے یا چوٹ کھائے یا ہنکا دِیا جائے۔ 11تو اُن دونوں کے درمیان خُداوند کی قَسم ہو کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کے مال کو ہاتھ نہیں لگایا اور مالِک اِسے سچ مانے اور دُوسرا اُس کا مُعاوضہ نہ دے۔ 12پر اگر وہ اُس کے پاس سے چوری ہو جائے تو وہ اُس کے مالِک کو مُعاوضہ دے۔ 13اور اگر اُس کو کِسی درِندے نے پھاڑ ڈالا ہو تو وہ اُس کو گواہی کے طَور پیش کر دے اور پھاڑے ہُوئے کا نُقصان نہ بھرے۔
14اگر کوئی شخص اپنے ہمسایہ سے کوئی جانور عارِیّت لے اور وہ زخمی ہو جائے یا مَر جائے اور مالِک وہاں مَوجُود نہ ہو تو وہ ضرُور اُس کا مُعاوضہ دے۔ 15پر اگر مالِک ساتھ ہو تو اُس کا نُقصان نہ بھرے اور اگر کرایہ کی ہُوئی چِیز ہو تو اُس کا نُقصان اُس کے کرایہ میں آ گیا۔
اَخلاقی اور مذہبی قوانِین
16اگر کوئی آدمی کِسی کُنواری کو جِس کی نِسبت نہ ہُوئی ہو پُھسلا کر اُس سے مُباشرت کرے تو وہ ضرُور ہی اُسے مَہر دے کر اُس سے بیاہ کرے۔ 17لیکن اگر اُس کا باپ ہرگِز راضی نہ ہو کہ اُس لڑکی کو اُسے دے تو وہ کُنوارِیوں کے مَہر کے مُوافِق اُسے نقدی دے۔
18تُو جادُوگرنی کو جِینے نہ دینا۔
19جو کوئی کِسی جانور سے مُباشرت کرے وہ قطعی جان سے مارا جائے۔
20جو کوئی واحد خُداوند کو چھوڑ کر کِسی اَور معبُود کے آگے قُربانی چڑھائے وہ بالکل نابُود کر دِیا جائے۔
21اور تُو مُسافِر کو نہ تو ستانا نہ اُس پر سِتم کرنا اِس لِئے کہ تُم بھی مُلکِ مِصرؔ میں مُسافِر تھے۔ 22تُم کِسی بیوہ یا یتِیم لڑکے کو دُکھ نہ دینا۔ 23اگر تُو اُن کو کِسی طرح سے دُکھ دے اور وہ مُجھ سے فریاد کریں تو مَیں ضرُور اُن کی فریاد سُنوں گا۔ 24اور میرا قہر بھڑکے گا اور مَیں تُم کو تلوار سے مار ڈالُوں گا اور تُمہاری بیویاں بیوہ اور تُمہارے بچّے یتِیم ہو جائیں گے۔
25اگر تُو میرے لوگوں میں سے کِسی مُحتاج کو جو تیرے پاس رہتا ہو کُچھ قرض دے تو اُس سے قرض خواہ کی طرح سلُوک نہ کرنا اور نہ اُس سے سُود لینا۔ 26اگر تُو کِسی وقت اپنے ہمسایہ کے کپڑے گِرَو رکھّ بھی لے تو سُورج کے ڈُوبنے تک اُس کو واپس کر دینا۔ 27کیونکہ فقط وُہی اُس کا ایک اوڑھنا ہے۔ اُس کے جِسم کا وُہی لِباس ہے۔ پِھر وہ کیا اوڑھ کر سوئے گا؟ پس جب وہ فریاد کرے گا تو مَیں اُس کی سُنوں گا کیونکہ مَیں مہربان ہُوں۔
28تُو خُدا کو نہ کوسنا اور نہ اپنی قَوم کے سردار پر لَعنت بھیجنا۔
29تُو اپنی کثِیر پَیداوار اور اپنے کولُھو کے رس میں سے مُجھے نذر و نیاز دینے میں دیر نہ کرنا اور اپنے بیٹوں میں سے پہلوٹھے کو مُجھے دینا۔ 30اپنی گایوں اور بھیڑوں سے بھی اَیسا ہی کرنا۔ سات دِن تک تو بچّہ اپنی ماں کے ساتھ رہے۔ آٹھویں دِن تُو اُسے مُجھ کو دینا۔
31اور تُم میرے لِئے پاک آدمی ہونا۔ اِسی سبب سے درِندوں کے پھاڑے ہُوئے جانور کا گوشت جو مَیدان میں پڑا ہُؤا مِلے مت کھانا۔ تُم اُسے کُتّوں کے آگے پھینک دینا۔

Currently Selected:

خرُوج 22: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy