YouVersion Logo
Search Icon

خرُوج 13

13
اِسرائیلی پہلَوٹھوں کی مخصُوصیّت
1اور خُداوند نے مُوسیٰؔ کو فرمایا کہ 2سب پہلَوٹھوں کو یعنی جو بنی اِسرائیل میں خواہ اِنسان ہو خواہ حَیوان پہلَوٹھی کے بچّے ہوں اُن کو میرے لِئے مُقدّس ٹھہرا کیونکہ وہ میرے ہیں۔
بے خمِیری روٹی کی عِید
3اور مُوسیٰؔ نے لوگوں سے کہا کہ تُم اِس دِن کو یاد رکھنا جِس میں تُم مِصرؔ سے جو غُلامی کا گھر ہے نِکلے کیونکہ خُداوند اپنے زورِ بازُو سے تُم کو وہاں سے نِکال لایا۔ اِس میں خمِیری روٹی کھائی نہ جائے۔ 4تُم ابیبؔ کے مہِینے میں آج کے دِن نِکلے ہو۔ 5سو جب خُداوند تُجھ کو کنعانیوں اور حِتیّوں اور امورِیوں اور حویوں اور یبوسیوں کے مُلک میں پُہنچا دے جِسے تُجھ کو دینے کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی اور جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے تو تُو اِسی مہِینے میں یہ عِبادت کِیا کرنا۔ 6سات دِن تک تو تُو بے خمِیری روٹی کھانا اور ساتویں دِن خُداوند کی عِید منانا۔ 7بے خمِیری روٹی ساتوں دِن کھائی جائے اور خمِیری روٹی تیرے پاس دِکھائی بھی نہ دے اور نہ تیرے مُلک کی حدُود میں کہِیں کُچھ خمِیر نظر آئے۔ 8اور تُو اُس روز اپنے بیٹے کو یہ بتانا کہ اِس دِن کو مَیں اُس کام کے سبب سے مانتا ہُوں جو خُداوند نے میرے لِئے اُس وقت کِیا جب مَیں مُلکِ مِصرؔ سے نِکلا۔ 9اور یِہی تیرے پاس گویا تیرے ہاتھ میں ایک نِشان اور تیری دونوں آنکھوں کے سامنے ایک یادگار ٹھہرے تاکہ خُداوند کی شرِیعت تیری زُبان پر ہو کیونکہ خُداوند نے تُجھ کو اپنے زورِ بازُو سے مُلکِ مِصرؔ سے نِکالا۔ 10پس تُو اِس رسم کو اِسی وقتِ مُعیّن میں سال بسال مانا کرنا۔
پہلَوٹھے خُدا کے ہیں
11اور جب خُداوند اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تُجھ سے اور تیرے باپ دادا سے کھائی تُجھ کو کنعانیوں کے مُلک میں پُہنچا کر وہ مُلک تُجھ کو دے دے۔ 12تو تُو پہلَوٹھی کے بچّوں کو اور جانوروں کے پہلَوٹھوں کو خُداوند کے لِئے الگ کر دینا۔ سب نر بچّے خُداوند کے ہوں گے۔ 13اور گدھے کے پہلے بچّے کے فِدیہ میں برّہ دینا اور اگر تُو اُس کا فِدیہ نہ دے تو اُس کی گردن توڑ ڈالنا اور تیرے بیٹوں میں جِتنے پہلَوٹھے ہوں اُن سب کا فِدیہ تُجھ کو دینا ہو گا۔ 14اور جب آیندہ زمانہ میں تیرا بیٹا تُجھ سے سوال کرے کہ یہ کیا ہے؟ تو تُو اُسے یہ جواب دینا کہ خُداوند ہم کو مِصرؔ سے جو غُلامی کا گھر ہے بزورِ بازُو نِکال لایا۔ 15اور جب فرِعونؔ نے ہم کو جانے دینا نہ چاہا تو خُداوند نے مُلکِ مِصرؔ میں اِنسان اور حَیوان دونوں کے پہلَوٹھے مار دِئے اِس لِئے مَیں جانوروں کے سب نر بچّوں کو جو اپنی اپنی ماں کے رَحِم کو کھولتے ہیں خُداوند کے آگے قُربانی کرتا ہُوں لیکن اپنے بیٹوں کے سب پہلَوٹھوں کا فِدیہ دیتا ہُوں۔ 16اور یہ تیرے ہاتھ پر ایک نِشان اور تیری پیشانی پر ٹیکوں کی مانِند ہوں کیونکہ خُداوند اپنے زورِ بازُو سے ہم کو مِصرؔ سے نِکال لایا۔
بادل کا سُتُون اور آگ کا سُتُون
17اور جب فرِعونؔ نے اُن لوگوں کو جانے کی اِجازت دے دی تو خُدا اِن کو فلستِیوں کے مُلک کے راستہ سے نہیں لے گیا اگرچہ اُدھر سے نزدِیک پڑتا کیونکہ خُدا نے کہا اَیسا نہ ہو کہ یہ لوگ لڑائی بھڑائی دیکھ کر پچھتانے لگیں اور مِصرؔ کو لَوٹ جائیں۔ 18بلکہ خُدا اِن کو چکّر کھلا کر بحرِ قُلزؔم کے بیابان کے راستہ سے لے گیا اور بنی اِسرائیل مُلکِ مِصرؔ سے مُسلّح نِکلے تھے۔
19اور مُوسیٰؔ یُوسفؔ کی ہڈِّیوں کو ساتھ لیتا گیا کیونکہ اُس نے بنی اِسرائیل سے یہ کہہ کر کہ خُدا ضرُور تُمہاری خبر لے گا اِس بات کی سخت قَسم لے لی تھی کہ تُم یہاں سے میری ہڈِّیاں اپنے ساتھ لیتے جانا۔
20اور اُنہوں نے سکّاتؔ سے کُوچ کر کے بیابان کے کنارے ایتاؔم میں ڈیرا کِیا۔ 21اور خُداوند اُن کو دِن کو راستہ دِکھانے کے لِئے بادل کے سُتُون میں اور رات کو روشنی دینے کے لِئے آگ کے سُتُون میں ہو کر اُن کے آگے آگے چلا کرتا تھا تاکہ وہ دِن اور رات دونوں میں چل سکیں۔ 22وہ بادل کا سُتُون دِن کو اور آگ کا سُتُون رات کو اُن لوگوں کے آگے سے ہٹتا نہ تھا۔

Currently Selected:

خرُوج 13: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy