YouVersion Logo
Search Icon

خرُوج 10

10
ٹِڈّیاں
1اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ فرِعونؔ کے پاس جا کیونکہ مَیں ہی نے اُس کے دِل اور اُس کے نوکروں کے دِل کو سخت کر دِیا ہے تاکہ مَیں اپنے یہ نِشان اُن کے بِیچ دِکھاؤُں۔ 2اور تُو اپنے بیٹے اور اپنے پوتے کو میرے نِشان اور وہ کام جو مَیں نے مِصرؔ میں اُن کے درمیان کِئے سُنائے اور تُم جان لو کہ خُداوند مَیں ہی ہُوں۔
3اور مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ نے فرِعونؔ کے پاس جا کر اُس سے کہا کہ خُداوند عِبرانیوں کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُو کب تک میرے سامنے نِیچا بننے سے اِنکار کرے گا؟ میرے لوگوں کو جانے دے کہ وہ میری عِبادت کریں۔ 4ورنہ اگر تُو میرے لوگوں کو جانے نہ دے گا تو دیکھ کل مَیں تیرے مُلک میں ٹِڈّیاں لے آؤُں گا۔ 5اور وہ زمِین کی سطح کو اَیسا ڈھانک لیں گی کہ کوئی زمِین کو دیکھ بھی نہ سکے گا اور تُمہارا جو کُچھ اَولوں سے بچ رہا ہے وہ اُسے کھا جائیں گی اور تُمہارے جِتنے درخت مَیدان میں لگے ہیں اُن کو بھی چٹ کر جائیں گی۔
6اور وہ تیرے اور تیرے نوکروں بلکہ سب مِصریوں کے گھروں میں بھر جائیں گی اور اَیسا تیرے آبا و اجداد نے جب سے وہ پَیدا ہُوئے اُس وقت سے آج تک نہیں دیکھا ہو گا اور وہ لَوٹ کر فرِعونؔ کے پاس سے چلا گیا۔
7تب فرِعونؔ کے نوکر فرِعونؔ سے کہنے لگے کہ یہ شخص کب تک ہمارے لِئے پھندا بنا رہے گا؟ اِن لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت کریں۔ کیا تُجھے خبر نہیں کہ مِصرؔ برباد ہو گیا؟
8تب مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ فرِعونؔ کے پاس پِھر بُلا لِئے گئے اور اُس نے اُن کو کہا کہ جاؤ اور خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت کرو پر وہ کَون کَون ہیں جو جائیں گے؟
9مُوسیٰؔ نے کہا کہ ہم اپنے جوانوں اور بُڈّھوں اور اپنے بیٹوں اور بیٹیوں اور اپنی بھیڑ بکرِیوں اور اپنے گائے بَیلوں سمیت جائیں گے کیونکہ ہم کو اپنے خُدا کی عِید کرنی ہے۔
10تب اُس نے اُن کو کہا کہ خُداوند ہی تُمہارے ساتھ رہے۔ مَیں تو ضرُور ہی تُم کو بچّوں سمیت جانے دُوں گا۔ خبردار ہو جاؤ۔ اِس میں تُمہاری خرابی ہے۔ 11نہیں۔ اَیسا نہیں ہونے پائے گا۔ سو تُم مَرد ہی مَرد جا کر خُداوند کی عِبادت کرو کیونکہ تُم یہی چاہتے تھے اور وہ فرِعونؔ کے پاس سے نِکال دِئے گئے۔
12تب خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ مُلکِ مِصرؔ پر اپنا ہاتھ بڑھا تاکہ ٹِڈّیاں مُلکِ مِصرؔ پر آئیں اور ہر قِسم کی سبزی کو جو اِس مُلک میں اَولوں سے بچ رہی ہے چَٹ کر جائیں۔ 13پس مُوسیٰؔ نے مُلکِ مِصرؔ پر اپنی لاٹھی بڑھائی اور خُداوند نے اُس سارے دِن اور ساری رات پُروا آندھی چلائی اور صُبح ہوتے ہوتے پُروا آندھی ٹِڈّیاں لے آئی۔ 14اور ٹِڈّیاں سارے مُلکِ مِصرؔ پر چھا گئیں اور وہیں مِصرؔ کی حدُود میں بسیرا کِیا اور اُن کا دَل اَیسا بھاری تھا کہ نہ تو اُن سے پہلے اَیسی ٹِڈّیاں کبھی آئیں نہ اُن کے بعد پِھر آئیں گی۔ 15کیونکہ اُنہوں نے تمام رُویِ زمِین کو ڈھانک لِیا اَیسا کہ مُلک میں اندھیرا ہو گیا اور اُنہوں نے اُس مُلک کی ایک ایک سبزی کو اور درختوں کے میووں کو جو اَولوں سے بچ گئے تھے چَٹ کر لِیا اور مُلکِ مِصرؔ میں نہ تو کِسی درخت کی نہ کھیت کی کِسی سبزی کی ہریالی باقی رہی۔
16تب فرِعونؔ نے جلد مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ کو بُلوا کر کہا کہ مَیں خُداوند تُمہارے خُدا کا اور تُمہارا گُنہگار ہُوں۔ 17سو فقط اِس بار میرا گُناہ بخشو اور خُداوند اپنے خُدا سے شِفاعت کرو کہ وہ صِرف اِس مَوت کو مُجھ سے دُور کر دے۔ 18سو اُس نے فرِعونؔ کے پاس سے نِکل کر خُداوند سے شِفاعت کی۔ 19اور خُداوند نے پچھوا آندھی بھیجی جو ٹِڈّیوں کو اُڑا کر لے گئی اور اُن کو بحرِ قُلزؔم میں ڈال دِیا اور مِصرؔ کی حدُود میں ایک ٹِڈّی بھی باقی نہ رہی۔ 20پر خُداوند نے فرِعونؔ کے دِل کو سخت کر دِیا اور اُس نے بنی اِسرائیل کو جانے نہ دِیا۔
تارِیکی
21پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ اپنا ہاتھ آسمان کی طرف بڑھا تاکہ مُلکِ مِصرؔ میں تارِیکی چھا جائے۔ اَیسی تارِیکی جِسے ٹٹول سکیں۔ 22اور مُوسیٰؔ نے اپنا ہاتھ آسمان کی طرف بڑھایا اور تِین دِن تک سارے مُلکِ مِصرؔ میں گہری تارِیکی رہی۔ 23تِین دِن تک نہ تو کِسی نے کِسی کو دیکھا اور نہ کوئی اپنی جگہ سے ہِلا پر سب بنی اِسرائیل کے مکانوں میں اُجالا رہا۔
24تب فرِعونؔ نے مُوسیٰؔ کو بُلوا کر کہا کہ تُم جاؤ اور خُداوند کی عِبادت کرو۔ فقط اپنی بھیڑ بکرِیوں اور گائے بَیلوں کو یہِیں چھوڑ جاؤ اور جو تُمہارے بال بچّے ہیں اُن کو بھی ساتھ لیتے جاؤ۔
25مُوسیٰؔ نے کہا کہ تُجھے ہم کو قُربانیوں اور سوختنی قُربانیوں کے لِئے جانور دینے پڑیں گے تاکہ ہم خُداوند اپنے خُدا کے آگے قُربانی کریں۔ 26سو ہمارے چَوپائے بھی ہمارے ساتھ جائیں گے اور اُن کا ایک کُھر تک بھی پِیچھے نہیں چھوڑا جائے گا کیونکہ اُن ہی میں سے ہم کو خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت کا سامان لینا پڑے گا اور جب تک ہم وہاں پُہنچ نہ جائیں ہم نہیں جانتے کہ کیا کیا لے کر ہم کو خُداوند کی عِبادت کرنی ہو گی۔
27لیکن خُداوند نے فرِعونؔ کے دِل کو سخت کر دِیا اور اُس نے اُن کو جانے ہی نہ دِیا۔ 28اور فرِعونؔ نے اُسے کہا میرے سامنے سے چلا جا اور ہوشیار رہ۔ پِھر میرا مُنہ دیکھنے کو مت آنا کیونکہ جِس دِن تُو نے میرا مُنہ دیکھا تُو مارا جائے گا۔
29تب مُوسیٰؔ نے کہا کہ تُو نے ٹِھیک کہا ہے۔ مَیں پِھر تیرا مُنہ کبھی نہیں دیکھوں گا۔

Currently Selected:

خرُوج 10: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy