YouVersion Logo
Search Icon

۲-سلاطِین 8

8
شونِیمی عَورت واپس آتی ہے
1اور الِیشع نے اُس عَورت سے جِس کے بیٹے کو اُس نے جِلایا تھا یہ کہا تھا کہ اُٹھ اور اپنے کُنبہ سمیت جا اور جہاں کہِیں تُو رہ سکے وہاں رہ کیونکہ خُداوند نے کال کا حُکم دِیا ہے اور وہ مُلک میں سات برس تک رہے گا بھی۔ 2تب اُس عَورت نے اُٹھ کر مَردِ خُدا کے کہنے کے مُطابِق کِیا اور اپنے کُنبہ سمیت جا کر فِلستِیوں کے مُلک میں سات برس تک رہی۔
3اور ساتویں سال کے آخِر میں اَیسا ہُؤا کہ یہ عَورت فِلستِیوں کے مُلک سے لَوٹی اور بادشاہ کے پاس اپنے گھر اور اپنی زمِین کے لِئے فریاد کرنے لگی۔ 4اُس وقت بادشاہ مَردِ خُدا کے خادِم جیحازؔی سے باتیں کر رہا اور یہ کہہ رہا تھا کہ ذرا وہ سب بڑے بڑے کام جو الِیشع نے کِئے مُجھے بتا۔ 5اور اَیسا ہُؤا کہ جب وہ بادشاہ کو بتا ہی رہا تھا کہ اُس نے ایک مُردہ کو جِلایا تو وُہی عَورت جِس کے بیٹے کو اُس نے جِلایا تھا آ کر بادشاہ کے حضُور اپنے گھر اور اپنی زمِین کے لِئے فریاد کرنے لگی۔ تب جیحازؔی بول اُٹھا اَے میرے مالِک! اَے بادشاہ یِہی وہ عَورت ہے اور یِہی اُس کا بیٹا ہے جِسے الِیشع نے جِلایا تھا۔ 6جب بادشاہ نے اُس عَورت سے پُوچھا تو اُس نے اُسے سب کُچھ بتایا۔ تب بادشاہ نے ایک خواجہ سرا کو اُس کے لِئے مُقرّر کر دِیا اور فرمایا کہ سب کُچھ جو اِس کا تھا اور جب سے اِس نے اِس مُلک کو چھوڑا اُس وقت سے اب تک کی کھیت کی ساری پَیداوار اِس کو پھیر دو۔
الیشِع اور شاہِ ارام بن ہدد
7اور الِیشع دؔمشق میں آیا اور شاہِ اراؔم بِن ہدد بِیمار تھا اور اُس کو خبر ہُوئی کہ وہ مَردِ خُدا اِدھر آیا ہے۔ 8اور بادشاہ نے حزاؔئیل سے کہا کہ اپنے ہاتھ میں ہدیہ لے کر مَردِ خُدا کے اِستِقبال کو جا اور اُس کی معرفت خُداوند سے دریافت کر کہ مَیں اِس بِیماری سے شِفا پاؤُں گا یا نہیں؟ 9پس حزائیل اُس سے مِلنے کو چلا اور اُس نے دؔمشق کی ہر نفِیس چِیز میں سے چالِیس اُونٹوں پر ہدیہ لدوا کر اپنے ساتھ لِیا اور آ کر اُس کے سامنے کھڑا ہُؤا اور کہنے لگا تیرے بیٹے بِن ہدد شاہِ اراؔم نے مُجھ کو تیرے پاس یہ پُوچھنے کو بھیجا ہے کہ مَیں اِس بِیماری سے شِفا پاؤُں گا یا نہیں؟
10الِیشع نے اُس سے کہا جا اُس سے کہہ تُو ضرُور شِفا پائے گا تَو بھی خُداوند نے مُجھ کو یہ بتایا ہے کہ وہ یقِیناً مَر جائے گا۔ 11اور وہ اُس کی طرف ٹِکٹِکی باندھ کر دیکھتا رہا یہاں تک کہ وہ شرما گیا۔ پِھر مَردِ خُدا رونے لگا۔ 12اور حزائیل نے کہا میرا مالِک روتا کیوں ہے؟
اُس نے جواب دِیا اِس لِئے کہ مَیں اُس بدی سے جو تُو بنی اِسرائیل سے کرے گا آگاہ ہُوں۔ تُو اُن کے قلعوں میں آگ لگائے گا اور اُن کے جوانوں کو تہِ تیغ کرے گا اور اُن کے بچّوں کو پٹک پٹک کر ٹُکڑے ٹُکڑے کرے گا اور اُن کی حامِلہ عَورتوں کو چِیر ڈالے گا۔
13حزائیل نے کہا تیرے خادِم کی جو کُتّے کے برابر ہے حقِیقت ہی کیا ہے جو وہ اَیسی بڑی بات کرے؟
الِیشع نے جواب دِیا خُداوند نے مُجھے بتایا ہے کہ تُو ارام کا بادشاہ ہو گا۔
14پِھر وہ الِیشع سے رُخصت ہُؤا اور اپنے آقا کے پاس آیا۔ اُس نے پُوچھا الِیشع نے تُجھ سے کیا کہا؟
اُس نے جواب دِیا کہ اُس نے مُجھے بتایا کہ تُو ضرُور شِفا پائے گا۔ 15اور دُوسرے دِن اَیسا ہُؤا کہ اُس نے بالا پوش کو لِیا اور اُسے پانی میں بھگو کر اُس کے مُنہ پر تان دِیا اَیسا کہ وہ مر گیا
اور حزائیل اُس کی جگہ سلطنت کرنے لگا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ یُورام
16اور شاہِ اِسرائیلؔ اخیاؔب کے بیٹے یُوراؔم کے پانچویں سال جب یہُوسفط یہُوداؔہ کا بادشاہ تھا شاہِ یہُوداؔہ یہُوسفط کا بیٹا یہُوراؔم سلطنت کرنے لگا۔ 17اور جب وہ سلطنت کرنے لگا تو بتِّیس برس کا تھا اور اُس نے یروشلیِم میں آٹھ برس بادشاہی کی۔ 18اور وہ بھی اخیاؔب کے گھرانے کی طرح اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی راہ پر چلا کیونکہ اخیاؔب کی بیٹی اُس کی بِیوی تھی اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ 19تَو بھی خُداوند نے اپنے بندہ داؤُد کی خاطِر نہ چاہا کہ یہُوداؔہ کو ہلاک کرے کیونکہ اُس نے اُس سے وعدہ کِیا تھا کہ وہ اُسے اُس کی نسل کے واسطے ہمیشہ کے لِئے ایک چراغ دے گا۔
20اُسی کے دِنوں میں ادُوؔم یہُوداؔہ کی اِطاعت سے مُنحرِف ہو گیا اور اُنہوں نے اپنے لِئے ایک بادشاہ بنا لِیا۔ 21تب یُوراؔم صعیر کو گیا اور اُس کے سب رتھ اُس کے ساتھ تھے اور اُس نے رات کو اُٹھ کر ادُومیوں کو جو اُسے گھیرے ہُوئے تھے اور رتھوں کے سرداروں کو مارا اور لوگ اپنے ڈیروں کو بھاگ گئے۔ 22سو ادُوؔم یہُوداؔہ کی اِطاعت سے آج تک مُنحرِف ہے اور اُسی وقت لِبناؔہ بھی مُنحرِف ہو گیا۔
23اور یُوراؔم کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 24اور یُوراؔم اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور داؤُد کے شہر میں اپنے باپ دادا کے ساتھ دفن ہُؤا اور اُس کا بیٹا اخزیاؔہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ اخزیاہ
25اور شاہِ اِسرائیلؔ اخیاؔب کے بیٹے یُوراؔم کے بارھویں برس سے شاہِ یہُوداؔہ یہُوراؔم کا بیٹا اخزیاؔہ سلطنت کرنے لگا۔ 26اخزیاؔہ بائِیس برس کا تھا جب وہ سلطنت کرنے لگا اور اُس نے یروشلیِم میں ایک برس سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام عتلیاؔہ تھا جو شاہِ اِسرائیلؔ عُمرؔی کی بیٹی تھی۔ 27اور وہ بھی اخیاؔب کے گھرانے کی راہ پر چلا اور اُس نے اخیاؔب کے گھرانے کی مانِند خُداوند کی نظر میں بدی کی کیونکہ وہ اخیاؔب کے گھرانے کا داماد تھا۔
28اور وہ اخیاؔب کے بیٹے یُوراؔم کے ساتھ راماؔت جِلعاؔد میں شاہِ اراؔم حزائیل سے لڑنے کو گیا اور ارامیوں نے یُوراؔم کو زخمی کِیا۔ 29سو یُوراؔم بادشاہ لَوٹ گیا تاکہ وہ یزرعیل میں اُن زخموں کا عِلاج کرائے جو شاہِ اراؔم حزائیل سے لڑتے وقت رامہ میں ارامیوں کے ہاتھ سے لگے تھے اور شاہِ یہُوداؔہ یہُوراؔم کا بیٹا اخزیاؔہ اخیاؔب کے بیٹے یُوراؔم کو دیکھنے کے لِئے یزرعیل میں آیا کیونکہ وہ بِیمار تھا۔

Currently Selected:

۲-سلاطِین 8: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy