YouVersion Logo
Search Icon

۱-توارِیخ 23

23
1اب داؤُد بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہو گیا تھا۔ سو اُس نے اپنے بیٹے سُلیماؔن کو اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا۔
لاویوں کی ذِمّہ داریاں
2اور اُس نے اِسرائیلؔ کے سب سرداروں کو کاہِنوں اور لاویوں سمیت اِکٹّھا کِیا۔ 3اور تِیس برس کے اور اُس سے زِیادہ عُمر کے لاوی گِنے گئے اور اُن کی گِنتی ایک ایک آدمی کو شُمار کر کے اڑتِیس ہزار تھی۔ 4اِن میں سے چَوبِیس ہزار خُداوند کے گھر کے کام کی نِگرانی پر مُقرّر ہُوئے اور چھ ہزار سردار اور مُنصِف تھے۔ 5اور چار ہزار دربان تھے اور چار ہزار اُن سازوں سے خُداوند کی تعرِیف کرتے تھے جِن کو مَیں نے یعنی داؤُد نے مدح سرائی کے لِئے بنایا تھا۔
6اور داؤُد نے اُن کو جیرؔسون قِہات اور مِرارؔی نام بنی لاوی کے فرِیقوں میں تقسِیم کِیا۔
7جیرسونیوں میں سے یہ تھے۔ لعداؔن اور سِمعی۔ 8لعداؔن کے بیٹے۔ سردار یحی ایل اور زَیتاؔم اور یُواؔیل۔ یہ تِین تھے۔ 9سِمعی کے بیٹے سلُومِیت اور حزی اؔیل اور ہاراؔن یہ تِین تھے۔ یہ لعداؔن کے آبائی خاندانوں کے سردار تھے۔ 10اور سِمعی کے بیٹے یحت۔ زِینا اور یعُوؔس اور برِیعہ۔ یہ چاروں سِمعی کے بیٹے تھے۔ 11اوّل یحت تھا اور زِیزا دُوسرا اور یعُوؔس اور برِیعہ کے بیٹے بُہت نہ تھے۔ اِس سبب سے وہ ایک ہی آبائی خاندان میں گِنے گئے۔
12اور قِہات کے بیٹے عمرام۔ اِضہار حبرُوؔن اور عُزّی اؔیل۔ یہ چار تھے۔ 13عمراؔم کے بیٹے ہارُونؔ اور مُوسیٰ تھے اور ہارُونؔ الگ کِیا گیا تاکہ وہ اور اُس کے بیٹے ہمیشہ پاکترِین چِیزوں کی تقدِیس کِیا کریں اور سدا خُداوند کے آگے بخُور جلائیں اور اُس کی خِدمت کریں اور اُس کا نام لے کر برکت دیں۔ 14رہا مَردِ خُدا مُوسیٰ سو اُس کے بیٹے لاوؔی کے قبِیلہ میں گِنے گئے۔ 15اور مُوسیٰ کے بیٹے جیرؔسوم اور الِیعزر تھے۔ 16اور جیرسوؔم کا بیٹا سبُواؔیل سردار تھا۔ 17اور الِیعزر کا بیٹا رحبیاؔہ سردار تھا اور اِلیعزر کے اَور بیٹے نہ تھے پر رحبیاؔہ کے بُہت سے بیٹے تھے۔
18اِضہار کا بیٹا سلُومِیت سردار تھا۔ 19حبرُوؔن کے بیٹوں میں اوّل یریاؔہ۔ امریاؔہ دُوسرا۔ یحزی ایل تِیسرا اور یقمِعاؔم چَوتھا تھا۔ 20عُزّی اؔیل کے بیٹوں میں اوّل مِیکاؔہ سردار اور یسیاہ دُوسرا تھا۔
21مِرارؔی کے بیٹے محلی اور مُوؔشی اور محلی کے بیٹے اِلیعزر اور قِیس تھے۔ 22اور اِلیعزر مَر گیا اور اُس کے کوئی بیٹا نہ تھا فقط بیٹیاں تِھیں اور اُن کے بھائی قِیس کے بیٹوں نے اُن سے بیاہ کِیا۔ 23مُوؔشی کے بیٹے محلی اور عیدر اور یرِیموؔت یہ تِین تھے۔
24لاوؔی کے بیٹے یِہی تھے جو اپنے اپنے آبائی خاندان کے مُطابِق تھے۔ اُن کے آبائی خاندانوں کے سردار جَیسا وہ نام بنام ایک ایک کر کے گِنے گئے یِہی ہیں۔ وہ بِیس برس اور اُس سے اُوپر کی عُمر سے خُداوند کے گھر کی خِدمت کا کام کرتے تھے۔
25کیونکہ داؤُد نے کہا کہ خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا نے اپنے لوگوں کو آرام دِیا ہے اور وہ ابد تک یروشلیِم میں سکُونت کرے گا۔ 26اور لاویوں کو بھی مسکن اور اُس کی خِدمت کے سب ظرُوف کو پِھر کبھی اُٹھانا نہ پڑے گا۔ 27کیونکہ داؤُد کی پِچھلی باتوں کے مُوافِق بنی لاوی جو بِیس برس اور اُس سے زِیادہ عُمر کے تھے گِنے گئے۔ 28کیونکہ اُن کا کام یہ تھا کہ خُداوند کے گھر کی خِدمت کے وقت صحنوں اور کوٹھرِیوں میں اور سب مُقدّس چِیزوں کے پاک کرنے میں یعنی خُدا کے گھر کی خِدمت کے کام میں بنی ہارُون کی مدد کریں۔ 29اور نذر کی روٹی کا اور مَیدہ کی نذز کی قُربانی کا خواہ وہ بے خمِیری روٹیوں یا توے پر کی پکّی ہُوئی چِیزوں یا تلی ہُوئی چِیزوں کی ہو اور ہر طرح کے تول اور ناپ کا کام کریں۔ 30اور ہر صُبح اور شام کو کھڑے ہو کر خُداوند کی شُکرگُذاری اور سِتایش کریں۔ 31اور سبتوں اور نئے چاندوں اور مُقرّرہ عِیدوں میں ہمیشہ خُداوند کے حضُور پُوری تعداد میں سب سوختنی قُربانِیاں اُس قاعِدہ کے مُطابِق جو اُن کے بارے میں ہے چڑھایا کریں۔ 32اور خُداوند کے گھر کی خِدمت کو انجام دینے کے لِئے خَیمۂِ اِجتماع کی حِفاظت اور مَقدِس کی نِگرانی اور اپنے بھائی بنی ہارُون کی اِطاعت کریں۔

Currently Selected:

۱-توارِیخ 23: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy