YouVersion Logo
Search Icon

۲-تِھسّلُنیکیوں 2

2
بےدینی کا آدمی
1بھائیو، یہ سوال اُٹھا ہے کہ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کی آمد کیسی ہو گی؟ ہم کس طرح اُس کے ساتھ جمع ہو جائیں گے؟ اِس ناتے سے ہماری آپ سے درخواست ہے 2کہ جب لوگ کہتے ہیں کہ خداوند کا دن آ چکا ہے تو آپ جلدی سے بےچین یا پریشان نہ ہو جائیں۔ اُن کی بات نہ مانیں، چاہے وہ یہ دعویٰ بھی کریں کہ اُن کے پاس ہماری طرف سے کوئی نبوّت، پیغام یا خط ہے۔ 3کوئی بھی آپ کو کسی بھی چال سے فریب نہ دے، کیونکہ یہ دن اُس وقت تک نہیں آئے گا جب تک آخری بغاوت پیش نہ آئے اور ”بےدینی کا آدمی“ ظاہر نہ ہو جائے، وہ جس کا انجام ہلاکت ہو گا۔ 4وہ ہر ایک کی مخالفت کرے گا جو خدا اور معبود کہلاتا ہے اور اپنے آپ کو اُن سب سے بڑا ٹھہرائے گا۔ ہاں، وہ اللہ کے گھر میں بیٹھ کر اعلان کرے گا، ”مَیں اللہ ہوں۔“
5کیا آپ کو یاد نہیں کہ مَیں آپ کو یہ بتاتا رہا جب ابھی آپ کے پاس تھا؟ 6اور اب آپ جانتے ہیں کہ کیا کچھ اُسے روک رہا ہے تاکہ وہ اپنے مقررہ وقت پر ظاہر ہو جائے۔ 7کیونکہ یہ پُراسرار بےدینی اب بھی اثر کر رہی ہے۔ لیکن یہ اُس وقت تک ظاہر نہیں ہو گی جب تک وہ شخص ہٹ نہ جائے جو اب تک اُسے روک رہا ہے۔ 8پھر ہی ”بےدینی کا آدمی“ ظاہر ہو گا۔ لیکن جب خداوند عیسیٰ آئے گا تو وہ اُسے اپنے منہ کی پھونک سے مار ڈالے گا، ظاہر ہونے پر ہی وہ اُسے ہلاک کر دے گا۔ 9”بےدینی کے آدمی“ میں ابلیس کام کرے گا۔ جب وہ آئے گا تو ہر قسم کی طاقت کا اظہار کرے گا۔ وہ جھوٹے نشان اور معجزے پیش کرے گا۔ 10یوں وہ اُنہیں ہر طرح کے شریر فریب میں پھنسائے گا جو ہلاک ہونے والے ہیں۔ لوگ اِس لئے ہلاک ہو جائیں گے کہ اُنہوں نے سچائی سے محبت کرنے سے انکار کیا، ورنہ وہ بچ جاتے۔ 11اِس وجہ سے اللہ اُنہیں بُری طرح سے فریب میں پھنسنے دیتا ہے تاکہ وہ اِس جھوٹ پر ایمان لائیں۔ 12نتیجے میں سب جو سچائی پر ایمان نہ لائے بلکہ ناراستی سے لطف اندوز ہوئے مجرم ٹھہریں گے۔
آپ کو نجات کے لئے چن لیا گیا ہے
13میرے بھائیو، واجب ہے کہ ہم ہر وقت آپ کے لئے خدا کا شکر کریں جنہیں خداوند پیار کرتا ہے۔ کیونکہ اللہ نے آپ کو شروع ہی سے نجات پانے کے لئے چن لیا، ایسی نجات کے لئے جو روح القدس سے پاکیزگی پا کر سچائی پر ایمان لانے سے حاصل ہوتی ہے۔ 14اللہ نے آپ کو اُس وقت یہ نجات پانے کے لئے بُلا لیا جب ہم نے آپ کو اُس کی خوش خبری سنائی۔ اور اب آپ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے جلال میں شریک ہو سکتے ہیں۔ 15بھائیو، اِس لئے ثابت قدم رہیں اور اُن روایات کو تھامے رکھیں جو ہم نے آپ کو سکھائی ہیں، خواہ زبانی یا خط کے ذریعے۔
16ہمارا خداوند عیسیٰ مسیح خود اور خدا ہمارا باپ جس نے ہم سے محبت رکھی اور اپنے فضل سے ہمیں ابدی تسلی اور ٹھوس اُمید بخشی 17آپ کی حوصلہ افزائی کرے اور یوں مضبوط کرے کہ آپ ہمیشہ وہ کچھ بولیں اور کریں جو اچھا ہے۔

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy