YouVersion Logo
Search Icon

2 تھِسّلُنیِکیوں 2

2
خُداوؔند کی دُوسری آمد کی نِشانیاں
1اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم اَپنے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی دُوسری آمد اَور اُن کے پاس اَپنے جمع ہونے کی بابت تُم سے یہ درخواست کرتے ہیں، 2کہ اَیسی کسی افواہ سے کہ خُداوؔند کی آمد کا دِن آ گیا، پریشان نہ ہونا اَور نہ گھبرانا۔ یا اگر کویٔی کہے کہ اِس دِن کو کسی رُوح نے اُس پر ظاہر کیا ہے یا وہ ہمارے کسی خاص پیغام یا خط سے اُسے مَعلُوم ہُواہے تو یقین مت کرنا۔ 3نہ ہی کسی طرح کسی کے فریب میں آنا کیونکہ وہ دِن نہیں آئے گا جَب تک کہ لوگ خُدا کے خِلاف ایمان سے برگشتہ نہ ہو جایٔیں، اَور وہ مَرد گُناہ یعنی ہلاکت کا فرزند ظاہر نہ ہو جائے۔ 4وہ ہر نام نہاد خُدا یا عبادت کے لائق کسی بھی چیز کی جو خُدا یا معبُود کہلاتی ہے اُس کی مُخالفت کرےگا، وہ خُود کو اِن سَب سے بڑا معبُود ٹھہرائے گا اَور یہاں تک کہ وہ خُدا کے مَقدِس میں بیٹھ کر اَپنے خُدا ہونے کا اعلان کر دے گا۔
5کیا تُمہیں یاد نہیں کہ جَب مَیں تمہارے پاس تھا تو تُمہیں یہ باتیں بتایا کرتا تھا؟ 6اَور تُم جانتے ہو کہ اَپنے مُقرّرہ وقت سے پہلے ظاہر ہونے سے، اُسے کون سِی چیز روکے ہُوئے ہے۔ 7کیونکہ بے دینی کی باطنی طاقت پہلے سے ہی کام کر رہی ہے؛ لیکن ایک روکنے والا ہے اَور جَب تک وہ راستہ سے ہٹایا نہ جائے وہ اُسے روکے رہے گا۔ 8اُس وقت وہ بے دین ظاہر ہوگا، جسے خُداوؔند یِسوعؔ اَپنی پھُونک سے مار ڈالیں گے اَور اَپنی آمد کی شان و شوکت سے نِیست کر دیں گے۔ 9یہ بے دین شیطان کی سِی قُوّت کے ساتھ آئے گا۔ اَور ہر طرح کے فرضی نِشانات اَور عجائبات کو دِکھائے گا، 10ہلاک ہونے والوں کو ہر قِسم کا فریب دے گا۔ وہ اِس لیٔے ہلاک ہوں گے کہ اُنہُوں نے حق کی مَحَبّت کو قبُول نہ کیا جسے قبُول کرتے تو نَجات پاتے۔ 11اِس سبب سے خُدا اُن پر گمراہی کا اَیسا اثر ڈالے گا کہ وہ جھُوٹ کو سچ تسلیم کرنے لگیں گے۔ 12اَورجو لوگ حق پر یقین نہیں کرتے بَلکہ ناراستی کو پسند کرتے ہیں وہ سَب سزا پائیں گے۔
ثابت قدم رہنا
13اَے بھائیو اَور بہنوں! تُم جو خُداوؔند کے پیارے ہو، تمہارے لیٔے خُدا کا شُکر اَدا کرتے رہنا ہمارا فرض ہے کیونکہ اُس نے تُمہیں پہلے ہی سے چُن لیا تھا کہ تُم پاک رُوح سے پاکیزگی حاصل کرکے اَور حق پر ایمان لاکر نَجات پاؤ۔ 14جِس کے لیٔے اُس نے تُمہیں ہماری خُوشخبری کے ذریعہ بُلایا، تاکہ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے جلال میں شریک ہو۔
15چنانچہ اَے بھائیوں اَور بہنوں، اُس سچّائی پر ثابت قدم رہو جو روایتی تعلیمات تُم نے ہم سے زبانی یا ہمارے خط کے ذریعہ حاصل کی ہیں۔
16اَب ہمارا خُداوؔند یِسوعؔ المسیح خُود اَور ہمارا باپ خُدا، جِس نے ہم سے مَحَبّت رکھی اَور اَپنے فضل سے اَبدی تسلّی اَور اَچھّی اُمّید بخشی، 17تمہارے دِلوں کو تسلّی عطا فرمائے اَور ہر نیک کام اَور کلام میں تُمہیں مضبُوط کرے۔

Highlight

Copy

Compare

Share

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in