YouVersion Logo
Search Icon

امثال 6

6
دیگر باتوں کے خِلاف اِنتباہ
1اَے میرے بیٹے! اگر تُو اپنے پڑوسی کا ضامِن ہُؤا ہے۔ اگر تُو ہاتھ پر ہاتھ مار کر کِسی بیگانہ کا ذِمّہ وار ہُؤا ہے 2تو تُو اپنے ہی مُنہ کی باتوں میں پھنسا۔ تُو اپنے ہی مُنہ کی باتوں سے پکڑا گیا۔ 3سو اَے میرے بیٹے! چُونکہ تُو اپنے پڑوسی کے ہاتھ میں پھنس گیا ہے۔ اب یہ کر اور اپنے آپ کو بچا لے۔ جا۔ خاکسار بن کر اپنے پڑوسی سے اِصرار کر۔ 4تُو نہ اپنی آنکھوں میں نِیند آنے دے اور نہ اپنی پلکوں میں جھپکی۔ 5اپنے آپ کو ہرنی کی مانِند صیّاد کے ہاتھ سے اور چِڑیا کی مانِند چڑیمار کے ہاتھ سے چُھڑا۔
6اَے کاہِل! چیونٹی کے پاس جا۔ اُس کی روِشوں پر غَور کر اور دانِش مند بن۔ 7جو باوُجُودیکہ اُس کا نہ کوئی سردار نہ ناظِر نہ حاکِم ہے۔ 8گرمی کے مَوسم میں اپنی خُوراک مُہیّا کرتی ہے اور فصل کٹنے کے وقت اپنی خُورِش جمع کرتی ہے۔ 9اَے کاہِل! تُو کب تک پڑا رہے گا؟ تُو نِیند سے کب اُٹھے گا؟ 10تھوڑی سی نِیند۔ ایک اَور جھپکی۔ ذرا پڑے رہنے کو ہاتھ پر ہاتھ۔ 11اِسی طرح تیری مُفلسی راہزن کی طرح اور تیری تنگ دستی مسلّح آدمی کی طرح آ پڑے گی۔
12خبِیث و بدکار آدمی ٹیڑھی تِرچھی زُبان لِئے پِھرتا ہے۔ 13وہ آنکھ مارتا ہے۔ وہ پاؤں سے باتیں اور اُنگلیوں سے اِشارہ کرتا ہے۔ 14اُس کے دِل میں کجی ہے۔ وہ بُرائی کے منصُوبے باندھتا رہتا ہے وہ فِتنہ انگیز ہے۔ 15اِس لئے آفت اُس پر ناگہاں آ پڑے گی۔ وہ یک لخت توڑ دِیا جائے گا اور کوئی چارہ نہ ہو گا۔
16چھ چِیزیں ہیں جِن سے خُداوند کو نفرت ہے بلکہ سات ہیں جِن سے اُسے کراہِیت ہے۔
17اُونچی آنکھیں۔
جُھوٹی زُبان۔
بے گُناہ کا خُون بہانے والے ہاتھ۔
18برُے منصُوبے باندھنے والا دِل۔
شرارت کے لِئے تیز رَو پاؤں۔
19جُھوٹا گواہ جو دروغ گوئی کرتا ہے
اور جو بھائیوں میں نِفاق ڈالتا ہے۔
زِناکاری کے خِلاف اِنتباہ
20اَے میرے بیٹے! اپنے باپ کے فرمان کو بجا لا اور اپنی ماں کی تعلِیم کو نہ چھوڑ۔ 21اِن کو اپنے دِل پر باندھے رکھ اور اپنے گلے کا طَوق بنا لے۔ 22یہ چلتے وقت تیری رہبری اور سوتے وقت تیری نِگہبانی اور جاگتے وقت تُجھ سے باتیں کرے گی۔ 23کیونکہ فرمان چراغ ہے اور تعلِیم نُور اور تربِیّت کی ملامت حیات کی راہ ہے۔ 24تاکہ تُجھ کو برُی عَورت سے بچائے یعنی بیگانہ عَورت کی زُبان کی چاپلُوسی سے۔ 25تُو اپنے دِل میں اُس کے حُسن پر عاشِق نہ ہو اور وہ تُجھ کو اپنی پلکوں سے شِکار نہ کرے۔ 26کیونکہ چھنال کے سبب سے آدمی ٹُکڑے کا مُحتاج ہو جاتا ہے۔ اور زانِیہ قیمتی جان کا شِکار کرتی ہے۔
27کیا ممُکِن ہے کہ آدمی اپنے سِینہ میں آگ رکھّے اور اُس کے کپڑے نہ جلیں؟ 28یا کوئی انگاروں پر چلے اور اُس کے پاؤں نہ جُھلسیں؟ 29وہ بھی اَیسا ہے جو اپنے پڑوسی کی بِیوی کے پاس جاتا ہے۔ جو کوئی اُسے چُھوئے بے سزا نہ رہے گا۔ 30چور اگر بُھوک کے مارے اپنا پیٹ بھرنے کو چوری کرے تو لوگ اُسے حقِیر نہیں جانتے۔ 31پر اگر وہ پکڑا جائے تو سات گُناہ بھرے گا۔ اُسے اپنے گھر کا سارا مال دینا پڑے گا۔ 32جو کِسی عَورت سے زِنا کرتا ہے وہ بے عقل ہے۔ وُہی اَیسا کرتا ہے جو اپنی جان کو ہلاک کرنا چاہتا ہے۔ 33وہ زخم اور ذِلّت اُٹھائے گا اور اُس کی رُسوائی کبھی نہ مِٹے گی۔ 34کیونکہ غَیرت سے آدمی غضب ناک ہوتا ہے اور وہ اِنتقام کے دِن نہیں چھوڑے گا۔ 35وہ کوئی فدِیہ منظُور نہیں کرے گا اور گو تُو بُہت سے اِنعام بھی دے تَو بھی وہ راضی نہ ہو گا۔

Currently Selected:

امثال 6: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy