YouVersion Logo
Search Icon

مِیکاہ 3

3
مِیکاہ اِسرائیلؔ کے سرداروں کی مُذمّت کرتا ہے
1اور مَیں نے کہا اَے یعقُوب کے سردارو اور بنی اِسرائیل کے حاکِموں سُنو! کیا مُناسِب نہیں کہ تُم عدالت سے واقِف ہو؟ 2تُم نیکی سے عداوت اور بدی سے مُحبّت رکھتے ہو اور لوگوں کی کھال اُتارتے اور اُن کی ہڈِّیوں پر سے گوشت نوچتے ہو۔ 3اور میرے لوگوں کا گوشت کھاتے ہو اور اُن کی کھال اُتارتے اور اُن کی ہڈِّیوں کو توڑتے اور اُن کو ٹُکڑے ٹُکڑے کرتے ہو گویا وہ ہانڈی اور دیگ کے لِئے گوشت ہیں۔ 4تب وہ خُداوند کو پُکاریں گے پر وہ اُن کی نہ سُنے گا۔ ہاں وہ اُس وقت اُن سے مُنہ پھیر لے گا کیونکہ اُن کے اعمال بُرے ہیں۔
5اُن نبِیوں کے حق میں جو میرے لوگوں کو گُمراہ کرتے ہیں جو لُقمہ پا کر سلامتی سلامتی پُکارتے ہیں لیکن اگر کوئی کھانے کو نہ دے تو اُس سے لڑنے کو تیّار ہوتے ہیں خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ 6کہ اب تُم پر رات ہو جائے گی جِس میں رویا نہ دیکھو گے اور تُم پر تارِیکی چھا جائے گی اور غَیب بِینی نہ کر سکو گے اور نبِیوں پر آفتاب غرُوب ہو گا اور اُن کے لِئے دِن اندھیرا ہو جائے گا۔ 7تب غَیب بِین پشیمان اور فالگِیر شرمِندہ ہوں گے بلکہ سب لوگ مُنہ پر ہاتھ رکھّیں گے کیونکہ خُدا کی طرف سے کُچھ جواب نہ ہو گا۔
8لیکن مَیں خُداوند کی رُوح کے باعِث قُوّت و عدالت اور دِلیری سے معمُور ہُوں تاکہ یعقُوب کو اُس کا گُناہ اور اِسرائیلؔ کو اُس کی خطا جتاؤُں۔ 9اَے بنی یعقُوبؔ کے سردارو اور اَے بنی اِسرائیل کے حاکِمو جو عدالت سے عداوت رکھتے ہو اور ساری راستی کو مروڑتے ہو اِس بات کو سُنو۔ 10تُم جو صِیُّون کو خُون ریزی سے اور یروشلیِم کو بے اِنصافی سے تعمِیر کرتے ہو۔ 11اُس کے سردار رِشوت لے کر عدالت کرتے ہیں اور اُس کے کاہِن اُجرت لے کر تعلِیم دیتے ہیں اور اُس کے نبی رُوپیہ لے کر فال گِیری کرتے ہیں تَو بھی وہ خُداوند پر تکیہ کرتے ہیں اور کہتے ہیں کیا خُداوند ہمارے درمِیان نہیں؟ پس ہم پر کوئی بلا نہ آئے گی۔
12اِس لِئے صِیُّون تُمہارے ہی سبب سے کھیت کی طرح جَوتا جائے گا اور یروشلیِم کھنڈر ہو جائے گا اور اِس گھر کا پہاڑ جنگل کی اُونچی جگہوں کی مانِند ہو گا۔

Currently Selected:

مِیکاہ 3: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy