YouVersion Logo
Search Icon

احبار 27

27
خُداوند کے لِئے نذرانوں کے بارے میں قوانِین
1پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب کوئی شخص اپنی مَنّت پُوری کرنے لگے تو مَنّت کے آدمی تیرے قِیمت ٹھہرانے کے مُوافِق خُداوند کے ہوں گے۔
3سو بِیس برس کی عُمر سے لے کر ساٹھ برس کی عُمر
تک کے مَرد کے لِئے تیری ٹھہرائی ہُوئی
قِیمت مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے
چاندی کی پچاس مِثقال ہوں۔
4اور اگر وہ عَورت ہو تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت
تِیس مِثقال ہوں۔
5اور اگر پانچ برس سے لے کر بِیس برس تک کی عُمر
ہو تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت مَرد کے لِئے
بِیس مِثقال۔
اور عَورت کے لِئے دس مِثقال ہوں۔
6پر اگر عُمر ایک مہِینے سے لے کر پانچ برس تک کی
ہو تو لڑکے کے لِئے چاندی کی پانچ مِثقال۔
اور لڑکی کے لِئے چاندی کی تِین مِثقال ٹھہرائی جائیں۔
7اور اگر ساٹھ برس سے لے کر اُوپر اُوپر کی عُمر ہو تو
مَرد کے لِئے پندرہ مِثقال۔
اور عَورت کے لِئے دس مِثقال مُقرّر ہوں۔
8پر اگر کوئی تیرے اندازہ کی نِسبت کم مقدُور رکھتا ہو تو وہ کاہِن کے سامنے حاضِر کِیا جائے اور کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے یعنی جِس شخص نے مَنّت مانی ہے اُس کی جَیسی حَیثِیّت ہو وَیسی ہی قِیمت کاہِن اُس کے لِئے ٹھہرائے۔
9اور اگر وہ مَنّت کِسی اَیسے جانور کی ہے جِس کی قُربانی لوگ خُداوند کے حضُور چڑھایا کرتے ہیں تو جو جانور کوئی خُداوند کی نذر کرے وہ پاک ٹھہرے گا۔ 10وہ اُسے پِھر کِسی طرح نہ بدلے۔ نہ تو اچھّے کے عِوض بُرا دے اور نہ بُرے کے عِوض اچھّا دے اور اگر وہ کِسی حال میں ایک جانور کے بدلے دُوسرا جانور دے تو وہ اور اُس کا بدل دونوں پاک ٹھہریں گے۔ 11اور اگر وہ کوئی ناپاک جانور ہو جِس کی قُربانی خُداوند کے حضُور نہیں گُذرانتے تو وہ اُسے کاہِن کے سامنے کھڑا کرے۔ 12اور خواہ وہ اچھّا ہو یا بُرا کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے۔ اور اَے کاہِن! جو کُچھ تُو اُس کا دام ٹھہرائے گا وُہی رہے گا۔ 13اور اگر وہ چاہے کہ اُس کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو جو قِیمت تُو نے ٹھہرائی ہے اُس میں اُس کا پانچواں حِصّہ وہ اَور مِلا کر دے۔
14اور اگر کوئی اپنے گھر کو مُقدّس قرار دے تاکہ وہ خُداوند کے لِئے پاک ہو تو خواہ وہ اچھّا ہو یا بُرا کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے اور جو کُچھ وہ ٹھہرائے وُہی اُس کی قِیمت رہے گی۔ 15اور جِس نے اُس گھر کو مُقدّس قرار دِیا ہے اگر وہ چاہے کہ گھر کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اَور مِلا کر دے۔ تب وہ گھر اُسی کا رہے گا۔
16اور اگر کوئی شخص اپنے مورُوثی کھیت کا کوئی حِصّہ خُداوند کے لِئے مُقدّس قرار دے تو تُو قِیمت کا اندازہ کرتے وقت یہ دیکھنا کہ اُس میں کِتنا بِیج بویا جائے گا۔ جِتنی زمِین میں ایک خومر کے وزن کے برابر جَو بو سکیں اُس کی قِیمت چاندی کی پچاس مِثقال ہو۔ 17اگر کوئی سالِ یوبلی سے اپنا کھیت مُقدّس قرار دے تو اُس کی قِیمت جو تُو ٹھہرائے وُہی رہے گی۔ 18پر اگر وہ سالِ یوبلی کے بعد اپنے کھیت کو مُقدّس قرار دے تو جِتنے برس دُوسرے سالِ یوبلی کے باقی ہوں اُن ہی کے مُطابِق کاہِن اُس کے لِئے رُوپَے کا حِساب کرے اور جِتنا حِساب میں آئے اُتنا تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت سے کم کِیا جائے۔ 19اور اگر وہ جِس نے اُس کھیت کو مُقدّس قرار دِیا ہے یہ چاہے کہ اُس کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو وہ تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا پانچواں حِصّہ اُس کے ساتھ اَور مِلا کر دے تو وہ کھیت اُسی کا رہے گا۔ 20اور اگر وہ اُس کھیت کا فِدیہ دے کر اُسے نہ چُھڑائے یا کِسی دُوسرے شخص کے ہاتھ اُسے بیچ دے تو پِھر وہ کھیت کبھی نہ چُھڑایا جائے۔ 21بلکہ وہ کھیت جب سالِ یوبلی میں چُھوٹے تو وقف کِئے ہُوئے کھیت کی طرح وہ خُداوند کے لِئے مُقدّس ہو گا اور کاہِن کی مِلکِیّت ٹھہرے گا۔
22اور اگر کوئی شخص کِسی خرِیدے ہُوئے کھیت کو جو اُس کا مورُوثی نہیں خُداوند کے لِئے مُقدّس قرار دے۔ 23تو کاہِن جِتنے برس دُوسرے سالِ یوبلی کے باقی ہوں اُن کے مُطابِق تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا حِساب اُس کے لِئے کرے اور وہ اُسی دِن تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کو خُداوند کے لِئے مُقدّس جان کر دے دے۔ 24اور سالِ یوبلی میں وہ کھیت اُسی کو واپس ہو جائے جِس سے وہ خرِیدا گیا تھا اور جِس کی وہ مِلکِیّت ہے۔
25اور تیرے سارے قِیمت کے اندازے مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ہوں اور ایک مِثقال بِیس جیراہ کا ہو۔
26پر فقط چَوپایوں کے پہلوٹھوں کو جو پہلوٹھے ہونے کی وجہ سے خُداوند کے ٹھہر چُکے ہیں کوئی شخص مُقدّس قرار نہ دے خواہ وہ بَیل ہو یا بھیڑ بکری۔ وہ تو خُداوند ہی کا ہے۔ 27پر اگر وہ کِسی ناپاک جانور کا پہلوٹھا ہو تو وہ شخص تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا پانچواں حِصّہ قِیمت میں اَور مِلا کر اُس کا فِدیہ دے اور اُسے چُھڑائے اور اگر اُس کا فِدیہ نہ دِیا جائے تو وہ تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت پر بیچا جائے۔
28تَو بھی کوئی مخصُوص کی ہُوئی چِیز جِسے کوئی شخص اپنے سارے مال میں سے خُداوند کے لِئے مخصُوص کرے خواہ وہ اُس کا آدمی یا جانور یا مورُوثی زمِین ہو بیچی نہ جائے اور نہ اُس کا فِدیہ دِیا جائے۔ ہر ایک مخصُوص کی ہُوئی چِیز خُداوند کے لِئے نِہایت پاک ہے۔ 29اگر آدمِیوں میں سے کوئی مخصُوص کِیا جائے تو اُس کا فِدیہ نہ دِیا جائے۔ وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔
30اور زمِین کی پَیداوار کی ساری دَہ یکی خواہ وہ زمِین کے بِیج کی یا درخت کے پَھل کی ہو خُداوند کی ہے اور خُداوند کے لِئے پاک ہے۔ 31اور اگر کوئی اپنی دَہ یکی میں سے کُچھ چُھڑانا چاہے تو وہ اُس کا پانچواں حِصّہ اُس میں اَور مِلا کر اُسے چُھڑائے۔ 32اور گائے بَیل اور بھیڑ بکری یا جو جانور چرواہے کی لاٹھی کے نِیچے سے گُذرتا ہو اُن کی دَہ یکی یعنی دس پِیچھے ایک ایک جانور خُداوند کے لِئے پاک ٹھہرے۔ 33کوئی اُس کی دیکھ بھال نہ کرے کہ وہ اچھّا ہے یا بُرا ہے اور نہ اُسے بدلے اور اگر کہِیں کوئی اُسے بدلے تو وہ اصل اور بدل دونوں کے دونوں مُقدّس ٹھہریں اور اُس کا فِدیہ بھی نہ دِیا جائے۔
34جو احکام خُداوند نے کوہِ سِیناؔ پر بنی اِسرائیل کے لِئے مُوسیٰؔ کو دِئے وہ یِہی ہیں۔

Currently Selected:

احبار 27: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy