YouVersion Logo
Search Icon

یشُوع 6

6
سقُوطِ یرِیحُو
1(اور یرِیحُو بنی اِسرائیل کے سبب سے نِہایت مضبُوطی سے بند تھا اور نہ تو کوئی باہر جاتا اور نہ کوئی اندر آتا تھا)۔ 2اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ دیکھ مَیں نے یرِیحُو کو اور اُس کے بادشاہ اور زبردست سُورماؤں کو تیرے ہاتھ میں کر دِیا ہے۔ 3سو تُم سب جنگی مَرد شہر کو گھیر لو اور ایک دفعہ اُس کے چَوگِرد گشت کرو۔ چھ دِن تک تُم اَیسا ہی کرنا۔ 4اور سات کاہِن صندُوق کے آگے آگے مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے چلیں اور ساتویں دِن تُم شہر کی چاروں طرف سات بار گُھومنا اور کاہِن نرسِنگے پُھونکیں۔ 5اور یُوں ہو گا کہ جب وہ مینڈھے کے سِینگ کو زور سے پُھونکیں اور تُم نرسِنگے کی آواز سُنو تو سب لوگ نِہایت زور سے للکاریں۔ تب شہر کی دِیوار بِالکُل گِر جائے گی اور لوگ اپنے اپنے سامنے سِیدھے چڑھ جائیں۔
6اور نُون کے بیٹے یشُوع نے کاہِنوں کو بُلا کر اُن سے کہا کہ عہد کے صندُوق کو اُٹھاؤ اور سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔ 7اور اُنہوں نے لوگوں سے کہا بڑھ کر شہر کو گھیر لو اور جو آدمی مُسلّح ہیں وہ خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔
8اور جب یشُوع لوگوں سے یہ باتیں کہہ چُکا تو سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے آگے آگے چلے اور وہ نرسِنگے پُھونکتے گئے اور خُداوند کے عہد کا صندُوق اُن کے پِیچھے پِیچھے چلا۔ 9اور وہ مُسلّح آدمی اُن کاہِنوں کے آگے آگے چلے جو نرسِنگے پُھونک رہے تھے اور دُنبالہ صندُوق کے پِیچھے پِیچھے چلا اور کاہِن چلتے چلتے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے۔ 10اور یشُوع نے لوگوں کو یہ حُکم دِیا کہ نہ تو تُم للکارنا اور نہ تُمہاری آواز سُنائی دے اور نہ تُمہارے مُنہ سے کوئی بات نِکلے۔ جب مَیں تُم کو للکارنے کو کہُوں تب تُم للکارنا۔ 11سو اُس نے خُداوند کے صندُوق کو شہر کے گِرد ایک بار پِھروایا۔ تب وہ خَیمہ گاہ میں آئے اور وہِیں رات کاٹی۔
12اور یشُوع صُبح سویرے اُٹھا اور کاہِنوں نے خُداوند کا صندُوق اُٹھا لِیا۔ 13اور وہ سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے برابر چلتے اور نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے اور وہ مُسلّح آدمی آگے آگے ہو لِئے اور دُنبالہ خُداوند کے صندُوق کے پِیچھے پِیچھے چلا اور کاہِن چلتے چلتے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے۔ 14اور دُوسرے دِن بھی وہ ایک بار شہر کے گِرد گُھوم کر خَیمہ گاہ میں پِھر آئے۔ اُنہوں نے چھ دِن تک اَیسا ہی کِیا۔
15اور ساتویں دِن یُوں ہُؤا کہ وہ صبُح کو پَو پھٹنے کے وقت اُٹھے اور اُسی طرح شہر کے گِرد سات بار پِھرے۔ سات بار شہر کے گِرد فقط اُسی دِن پِھرے۔ 16اور ساتوِیں بار اَیسا ہُؤا کہ جب کاہِنوں نے نرسِنگے پُھونکے تو یشُوع نے لوگوں سے کہا للکارو! کیونکہ خُداوند نے یہ شہر تُم کو دے دِیا ہے۔ 17اور وہ شہر اور جو کُچھ اُس میں ہے سب خُداوند کی خاطِر نیست ہو گا۔ فقط راحب کسبی اور جِتنے اُس کے ساتھ اُس کے گھر میں ہوں وہ سب جِیتے بچیں گے۔ اِس لِئے کہ اُس نے اُن قاصِدوں کو جِن کو ہم نے بھیجا چِھپا رکھّا تھا۔ 18اور تُم بہر حال اپنے آپ کو مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں سے بچائے رکھنا۔ اَیسا نہ ہو کہ اُن کو مخصُوص کرنے کے بعد تُم کِسی مخصُوص کی ہُوئی چِیز کو لو اور یُوں اِسرائیلؔ کی خَیمہ گاہ کو لَعنتی کر ڈالو اور اُسے دُکھ دو۔ 19لیکن سب چاندی اور سونا اور وہ برتن جو پِیتل اور لوہے کے ہوں خُداوند کے لِئے مُقدّس ہیں۔ سو وہ خُداوند کے خزانہ میں داخِل کِئے جائیں۔
20پس لوگوں نے للکارا اور کاہِنوں نے نرسِنگے پُھونکے اور اَیسا ہُؤا کہ جب لوگوں نے نرسِنگے کی آواز سُنی تو اُنہوں نے بُلند آواز سے للکارا اور دِیوار بِالکُل گِر پڑی اور لوگوں میں سے ہر ایک آدمی اپنے سامنے سے چڑھ کر شہر میں گُھسا اور اُنہوں نے اُس کو لے لِیا۔ 21اور اُنہوں نے اُن سب کو جو شہر میں تھے کیا مَرد کیا عَورت کیا جوان کیا بُڈّھے کیا بَیل کیا بھیڑ کیا گدھے سب کو تلوار کی دھار سے بِالکُل نیست کر دِیا۔
22اور یشُوع نے اُن دونوں آدمِیوں سے جِنہوں نے اُس مُلک کی جاسُوسی کی تھی کہا کہ اُس کسبی کے گھر جاؤ اور وہاں سے جَیسی تُم نے اُس سے قَسم کھائی ہے اُس کے مُطابِق اُس عَورت کو اور جو کُچھ اُس کے پاس ہے سب کو نِکال لاؤ۔ 23تب وہ دونوں جوان جاسُوس اندر گئے اور راحب کو اور اُس کے باپ اور اُس کی ماں اور اُس کے بھائِیوں کو اور اُس کے اسباب بلکہ اُس کے سارے خاندان کو نِکال لائے اور اُن کو بنی اِسرائیل کی خَیمہ گاہ کے باہر بِٹھا دِیا۔ 24پِھر اُنہوں نے اُس شہر کو اور جو کُچھ اُس میں تھا سب کو آگ سے پُھونک دِیا اور فقط چاندی اور سونے کو اور پِیتل اور لوہے کے برتنوں کو خُداوند کے گھر کے خزانہ میں داخِل کِیا۔ 25لیکن یشُوع نے راحب کسبی اور اُس کے باپ کے گھرانے کو اور جو کُچھ اُس کا تھا سب کو سلامت بچا لِیا۔ اُس کی بُود و باش آج کے دِن تک اِسرائیلؔ میں ہے کیونکہ اُس نے اُن قاصِدوں کو جِن کو یشُوع نے یرِیحُو میں جاسُوسی کے لِئے بھیجا تھا چِھپا رکھّا تھا۔
26اور یشُوع نے اُس وقت اُن کو قَسم دے کر تاکِید کی اور کہا کہ جو شخص اُٹھ کر اِس یرِیحُو شہر کو پِھر بنائے وہ خُداوند کے حضُور ملعُون ہو
وہ اپنے پہلوٹھے کو اُس کی نیو ڈالتے وقت
اور اپنے سب سے چھوٹے بیٹے کو اُس کے پھاٹک لگواتے وقت کھو بَیٹھے گا۔
27سو خُداوند یشُوع کے ساتھ تھا اور اُس سارے مُلک میں اُس کی شُہرت پَھیل گئی۔

Currently Selected:

یشُوع 6: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy