YouVersion Logo
Search Icon

یشُوع 4

4
یادگاری پتھّر نصب کِئے جاتے ہیں
1اور جب ساری قَوم یَردن کے پار ہو گئی تو خُداوند نے یشُوؔع سے کہا کہ 2قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے بارہ آدمی لوگوں میں سے چُن لو۔ 3اور اُن کو حُکم دو کہ تُم یَردن کے بِیچ میں سے جہاں کاہِنوں کے پاؤں جمے ہُوئے تھے بارہ پتّھر لو اور اُن کو اپنے ساتھ لے جا کر اُس منزِل پر جہاں تُم آج کی رات ٹِکو گے رکھ دینا۔
4تب یشُوع نے اُن بارہ آدمِیوں کو جِن کو اُس نے بنی اِسرائیل میں سے قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے تیّار کر رکھّا تھا بُلایا۔ 5اور یشُوع نے اُن سے کہا تُم خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے یَردن کے بِیچ میں جاؤ اور تُم میں سے ہر شخص بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے شُمار کے مُطابِق ایک ایک پتّھر اپنے اپنے کندھے پر اُٹھا لے۔ 6تاکہ یہ تُمہارے درمِیان ایک نِشان ہو اور جب تُمہاری اَولاد آیندہ زمانہ میں تُم سے پُوچھے کہ اِن پتّھروں سے تُمہارا مطلب کیا ہے؟ 7تو تُم اُن کو جواب دینا کہ یَردن کا پانی خُداوند کے عہد کے صندُوق کے آگے دو حِصّے ہو گیا تھا کیونکہ جب وہ یَردن پار آ رہا تھا تب یَردن کا پانی دو حِصّے ہو گیا۔ یُوں یہ پتّھر ہمیشہ کے لِئے بنی اِسرائیل کے واسطے یادگار ٹھہریں گے۔
8چُنانچہ بنی اِسرائیل نے یشُوع کے حُکم کے مُطابِق کِیا اور جَیسا خُداوند نے یشُوع سے کہا تھا اُنہوں نے بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے شُمار کے مُطابِق یَردن کے بِیچ میں سے بارہ پتّھر اُٹھا لِئے اور اُن کو اُٹھا کر اپنے ساتھ اُس جگہ لے گئے جہاں وہ ٹِکے اور وہِیں اُن کو رکھ دِیا۔ 9اور یشُوع نے یَردن کے بِیچ میں اُس جگہ جہاں عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے کاہِنوں نے پاؤں جمائے تھے بارہ پتّھر نصب کِئے چُنانچہ وہ آج کے دِن تک وہِیں ہیں۔ 10کیونکہ وہ کاہِن جو صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے یَردن کے بِیچ ہی میں کھڑے رہے جب تک اُن سب باتوں کے مُطابِق جِن کا حُکم مُوسیٰ نے یشُوع کو دِیا تھا ہر ایک بات پُوری نہ ہو چُکی جِسے لوگوں کو بتانے کا حُکم خُداوند نے یشُوع کو کِیا تھا
اور لوگوں نے جلدی کی اور پار اُترے۔ 11اور اَیسا ہُؤا کہ جب سب لوگ صاف پار ہو گئے تو خُداوند کا صندُوق اور کاہِن بھی لوگوں کے رُوبرُو پار ہُوئے۔ 12اور بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کے لوگ مُوسیٰ کے کہنے کے مُطابِق ہتھیار باندھے ہُوئے بنی اِسرائیل کے آگے پار گئے۔ 13یعنی قرِیب چالِیس ہزار آدمی لڑائی کے لِئے تیّار اور مُسلّح خُداوند کے حضُور پار ہو کر یرِیحُو کے مَیدانوں میں پُہنچے تاکہ جنگ کریں۔ 14اُس دِن خُداوند نے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے یشُوع کو سرفراز کِیا اور جَیسے وہ مُوسیٰ سے ڈرتے تھے وَیسے ہی اُس سے اُس کی زِندگی بھر ڈرتے رہے۔
15اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ 16اِن کاہِنوں کو جو عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے ہیں حُکم کر کہ وہ یَردن میں سے نِکل آئیں۔ 17چُنانچہ یشُوع نے کاہِنوں کو حُکم دِیا کہ یَردن میں سے نِکل آؤ۔ 18اور جب وہ کاہِن جو خُداوند کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے یَردن کے بِیچ میں سے نِکل آئے اور اُن کے پاؤں کے تلوے خُشکی پر آ ٹِکے تو یَردن کا پانی پِھر اپنی جگہ پر آ گیا اور پہلے کی طرح اپنے سب کناروں پر بہنے لگا۔
19اور لوگ پہلے مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو یَردن میں سے نِکل کر یرِیحُو کی مشرِقی سرحد پر جِلجاؔل میں خَیمہ زن ہُوئے۔ 20اور یشُوع نے اُن بارہ پتّھروں کو جِن کو اُنہوں نے یَردن میں سے لِیا تھا جِلجاؔل میں نصب کِیا۔ 21اور اُس نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ جب تُمہارے لڑکے آیندہ زمانہ میں اپنے اپنے باپ دادا سے پُوچھیں کہ اِن پتّھروں کا مطلب کیا ہے؟ 22تو تُم اپنے لڑکوں کو یِہی بتانا کہ اِسرائیلی خُشکی خُشکی ہو کر اِس یَردن کے پار آئے تھے۔ 23کیونکہ خُداوند تُمہارے خُدا نے جب تک تُم پار نہ ہو گئے یَردن کے پانی کو تُمہارے سامنے سے ہٹا کر سُکھا دِیا جَیسا خُداوند تُمہارے خُدا نے بحرِ قُلزم سے کِیا کہ اُسے ہمارے سامنے سے ہٹا کر سُکھا دِیا جب تک ہم پار نہ ہو گئے۔ 24تاکہ زمِین کی سب قَومیں جان لیں کہ خُداوند کا ہاتھ قَوّی ہے اور وہ خُداوند تُمہارے خُدا سے ہمیشہ ڈرتی رہیں۔

Currently Selected:

یشُوع 4: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy