YouVersion Logo
Search Icon

ایُّوب 7

7
1کیا اِنسان کے لِئے زمِین پر جنگ و جدل نہیں؟
اور کیا اُس کے دِن مزدُور کے سے نہیں ہوتے؟
2جَیسے نَوکر سایہ کی بڑی آرزُو کرتا ہے
اور مزدُور اپنی اُجرت کا مُنتِظر رہتا ہے۔
3وَیسے ہی مَیں بُطلان کے مہِینوں کا مالِک بنایا
گیا ہُوں
اور مُصِیبت کی راتیں میرے لِئے ٹھہرائی گئی ہیں۔
4جب مَیں لیٹتا ہُوں تو کہتا ہُوں
کب اُٹُھوں گا؟ پر رات لمبی ہوتی ہے
اور دِن نِکلنے تک اِدھر اُدھر کروٹیں بدلتا رہتا ہُوں۔
5میرا جِسم کِیڑوں اور مِٹّی کے ڈھیلوں سے
ڈھکا ہے۔
میری کھال سِمٹتی اور پِھر ناسُور ہو جاتی ہے
6میرے دِن جُلاہے کی ڈھرکی سے بھی تیز رفتار ہیں
اور بغَیر اُمّید کے گُذر جاتے ہیں۔
7آہ! یاد کر کہ میری زِندگی ہوا ہے
اور میری آنکھ خُوشی کو پِھر نہ دیکھے گی۔
8جو مُجھے اب دیکھتا ہے اُس کی آنکھ مُجھے پِھر نہ
دیکھے گی۔
تیری آنکھیں تو مُجھ پر ہوں گی پر مَیں نہ ہُوں گا۔
9جَیسے بادل پھٹ کر غائِب ہو جاتا ہے
وَیسے ہی وہ جو قبر میں اُترتا ہے پِھر کبھی اُوپر نہیں آتا۔
10وہ اپنے گھر کو پِھر نہ لَوٹے گا۔
نہ اُس کی جگہ اُسے پِھر پہچانے گی۔
11اِس لِئے مَیں اپنا مُنہ بند نہیں رکھُّوں گا۔
مَیں اپنی رُوح کی تلخی میں بولتا جاؤُں گا۔
مَیں اپنی جان کے عذاب میں شِکوہ کرُوں گا۔
12کیا مَیں سمُندر ہُوں یا مگر مچھ
جو تُو مُجھ پر پہرا بِٹھاتا ہے؟
13جب مَیں کہتا ہُوں میرا بِستر مُجھے آرام پُہنچائے گا۔
میرا بِچَھونا میرے غم کو ہلکا کرے گا
14تو تُو خوابوں سے مُجھے ڈراتا
اور رویتوں سے مُجھے سہما دیتا ہے۔
15یہاں تک کہ میری جان پھانسی
اور مَوت کو میری اِن ہڈّیوں پر ترجِیح دیتی ہے۔
16مُجھے اپنی جان سے نفرت ہے۔ مَیں ہمیشہ تک زِندہ
رہنا نہیں چاہتا۔
مُجھے چھوڑ دے کیونکہ میرے دِن بُطلان ہیں۔
17اِنسان کی بِساط ہی کیا ہے جو تُو اُسے سرفراز کرے
اور اپنا دِل اُس پر لگائے
18اور ہر صُبح اُس کی خبر لے
اور ہر لمحہ اُسے آزمائے؟
19تُو کب تک اپنی نِگاہ میری طرف سے نہیں ہٹائے گا
اور مُجھے اِتنی بھی مُہلت نہ دے گا کہ اپنا تُھوک
نِگل لُوں؟
20اَے بنی آدمؔ کے ناظِر! اگر مَیں نے گُناہ کِیا ہے
تو تیرا کیا بِگاڑتا ہُوں؟
تُو نے کیوں مُجھے اپنا نِشانہ بنا لِیا ہے
یہاں تک کہ مَیں اپنے آپ پر بوجھ ہُوں؟
21تُو میرا گُناہ کیوں نہیں مُعاف کرتا اور میری بدکاری
کیوں نہیں دُور کر دیتا؟
اب تو مَیں مِٹّی میں سو جاؤُں گا
اور تُو مُجھے خُوب ڈُھونڈے گا پر مَیں نہ ہُوں گا۔

Currently Selected:

ایُّوب 7: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy