YouVersion Logo
Search Icon

یُوحنّا 21

21
یِسُوع سات شاگِردوں پر ظاہِر ہوتا ہے
1اِن باتوں کے بعد یِسُوعؔ نے پِھر اپنے آپ کو تِبرؔیاس کی جِھیل کے کنارے شاگِردوں پر ظاہِر کِیا اور اِس طرح ظاہِر کِیا۔ 2شمعُوؔن پطرس اور توؔما جو تواَؔم کہلاتا ہے اور نتن ایل جو قانایِ گلِیل کا تھا اور زبدؔی کے بیٹے اور اُس کے شاگِردوں میں سے دو اَور شخص جمع تھے۔ 3شمعُوؔن پطرس نے اُن سے کہا مَیں مچھلی کے شِکار کو جاتا ہُوں۔
اُنہوں نے اُس سے کہا ہم بھی تیرے ساتھ چلتے ہیں۔ وہ نِکل کر کشتی پر سوار ہُوئے مگر اُس رات کُچھ نہ پکڑا۔ 4اور صُبح ہوتے ہی یِسُوعؔ کنارے پر آ کھڑا ہُؤا مگر شاگِردوں نے نہ پہچانا کہ یہ یِسُوعؔ ہے۔ 5پس یِسُوعؔ نے اُن سے کہا بچّو! تُمہارے پاس کُچھ کھانے کو ہے؟
اُنہوں نے جواب دِیا کہ نہیں۔
6اُس نے اُن سے کہا کشتی کی دہنی طرف جال ڈالو تو پکڑو گے۔ پس اُنہوں نے ڈالا اور مچھلِیوں کی کثرت سے پِھر کھینچ نہ سکے۔
7اِس لِئے اُس شاگِرد نے جِس سے یِسُوعؔ مُحبّت رکھتا تھا پطرؔس سے کہا کہ یہ تو خُداوند ہے۔ پس شمعُوؔن پطرس نے یہ سُن کر کہ خُداوند ہے کُرتہ کمر سے باندھا کیونکہ ننگا تھا اور جِھیل میں کُود پڑا۔ 8اور باقی شاگِرد چھوٹی کشتی پر سوار مچھلِیوں کا جال کھینچتے ہُوئے آئے کیونکہ وہ کنارے سے کُچھ دُور نہ تھے بلکہ تخمِیناً دو سَو ہاتھ کا فاصِلہ تھا۔ 9جِس وقت کنارے پر اُترے تو اُنہوں نے کوئِلوں کی آگ اور اُس پر مچھلی رکھّی ہُوئی اور روٹی دیکھی۔ 10یِسُوعؔ نے اُن سے کہا جو مچھلِیاں تُم نے ابھی پکڑی ہیں اُن میں سے کُچھ لاؤ۔
11شمعُوؔن پطرس نے چڑھ کر ایک سَو ترِپن بڑی مچھلِیوں سے بھرا ہُؤا جال کنارے پر کھینچا مگر باوجُود مچھلِیوں کی کثرت کے جال نہ پھٹا۔ 12یِسُوعؔ نے اُن سے کہا آؤ کھانا کھا لو اور شاگِردوں میں سے کِسی کو جُرأت نہ ہُوئی کہ اُس سے پُوچھتا کہ تُو کَون ہے؟ کیونکہ وہ جانتے تھے کہ خُداوند ہی ہے۔ 13یِسُوعؔ آیا اور روٹی لے کر اُنہیں دی۔ اِسی طرح مچھلی بھی دی۔
14یِسُوعؔ مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے بعد یہ تِیسری بار شاگِردوں پر ظاہِر ہُؤا۔
یِسُوع اور پطرس
15اور جب کھانا کھا چُکے تو یِسُوعؔ نے شمعُوؔن پطرس سے کہا اَے شمعُوؔن یُوحنّا کے بیٹے کیا تُو اِن سے زِیادہ مُجھ سے مُحبّت رکھتا ہے؟
اُس نے اُس سے کہا ہاں خُداوند تُو تو جانتا ہی ہے کہ مَیں تُجھے عزِیز رکھتا ہُوں۔ اُس نے اُس سے کہا۔ تو میرے برّے چرا۔ 16اُس نے دوبارہ اُس سے پِھر کہا اَے شمعُون یُوحنّا کے بیٹے کیا تُو مُجھ سے مُحبّت رکھتا ہے؟
اُس نے کہا ہاں خُداوند تُو تو جانتا ہی ہے کہ مَیں تُجھ کو عزِیز رکھتا ہُوں۔ اُس نے اُس سے کہا تُو میری بھیڑوں کی گلّہ بانی کر۔ 17اُس نے تِیسری بار اُس سے کہا اَے شمعُوؔن یُوحنّا کے بیٹے کیا تُو مُجھے عزِیز رکھتا ہے؟
چُونکہ اُس نے تِیسری بار اُس سے کہا کیا تُو مُجھے عزِیز رکھتا ہے اِس سبب سے پطرؔس نے دِل گِیر ہو کر اُس سے کہا اَے خُداوند! تُو تو سب کُچھ جانتا ہے۔ تُجھے معلُوم ہی ہے کہ مَیں تُجھے عزِیز رکھتا ہُوں۔
یِسُوعؔ نے اُس سے کہا تو میری بھیڑیں چرا۔ 18مَیں تُجھ سے سچ کہتا ہُوں کہ جب تُو جوان تھا تو آپ ہی اپنی کمر باندھتا تھا اور جہاں چاہتا تھا پِھرتا تھا مگر جب تُو بُوڑھا ہو گا تو اپنے ہاتھ لمبے کرے گا اور دُوسرا شخص تیری کمر باندھے گا اور جہاں تُو نہ چاہے گا وہاں تُجھے لے جائے گا۔ 19اُس نے اِن باتوں سے اِشارہ کر دِیا کہ وہ کِس طرح کی مَوت سے خُدا کا جلال ظاہِر کرے گا اور یہ کہہ کر اُس سے کہا میرے پِیچھے ہو لے۔
یِسُوع اور دُوسرے شاگِرد
20پطرؔس نے مُڑ کر اُس شاگِرد کو پِیچھے آتے دیکھا جِس سے یِسُوعؔ مُحبّت رکھتا تھا اور جِس نے شام کے کھانے کے وقت اُس کے سِینہ کا سہارا لے کر پُوچھا تھا کہ اَے خُداوند تیرا پکڑوانے والا کَون ہے؟ 21پطرؔس نے اُسے دیکھ کر یِسُوعؔ سے کہا اَے خُداوند! اِس کا کیا حال ہو گا؟
22یِسُوعؔ نے اُس سے کہا اگر مَیں چاہُوں کہ یہ میرے آنے تک ٹھہرا رہے تو تُجھ کو کیا؟ تُو میرے پِیچھے ہو لے۔
23پس بھائِیوں میں یہ بات مشہُور ہو گئی کہ وہ شاگِرد نہ مَرے گا لیکن یِسُوعؔ نے اُس سے یہ نہیں کہا تھا کہ یہ نہ مَرے گا بلکہ یہ کہ اگر مَیں چاہُوں کہ یہ میرے آنے تک ٹھہرا رہے تو تُجھ کو کیا؟
24یہ وُہی شاگِرد ہے جو اِن باتوں کی گواہی دیتا ہے اور جِس نے اِن کو لِکھا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ اُس کی گواہی سچّی ہے۔
اِختتامیہ
25اَور بھی بُہت سے کام ہیں جو یِسُوعؔ نے کِئے۔ اگر وہ جُدا جُدا لِکھے جاتے تو مَیں سمجھتا ہُوں کہ جو کِتابیں لِکھی جاتِیں اُن کے لِئے دُنیا میں گُنجایش نہ ہوتی۔

Currently Selected:

یُوحنّا 21: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy