YouVersion Logo
Search Icon

یرمِیاہ 50

50
بابل پر قبضہ
1وہ کلام جو خُداوند نے بابل اور کسدیوں کے مُلک کی بابت یَرمِیاؔہ نبی کی معرفت فرمایا:۔
2قَوموں میں اِعلان کرو
اور اِشتِہار دو
اور جھنڈا کھڑا کرو۔ مُنادی کرو۔
پوشِیدہ نہ رکھّو۔
کہہ دو کہ بابل لے لِیا گیا۔
بیل رُسوا ہُؤا۔ مرودؔک سراسِیمہ ہو گیا۔
اُس کے بُت خجِل ہُوئے۔ اُس کی مُورتیں
توڑی گئِیں۔
3کیونکہ شِمال سے ایک قَوم اُس پر چڑھی چلی آتی ہے جو اُس کی سرزمِین کو اُجاڑ دے گی یہاں تک کہ اُس میں کوئی نہ رہے گا۔ وہ بھاگ نِکلے۔ وہ چل دِئے کیا اِنسان کیا حَیوان۔
اِسرائیل کی واپسی
4خُداوند فرماتا ہے اُن دِنوں میں بلکہ اُسی وقت بنی اِسرائیل آئیں گے۔ وہ اور بنی یہُوداؔہ اِکٹّھے روتے ہُوئے چلیں گے اور خُداوند اپنے خُدا کے طالِب ہوں گے۔ 5وہ صِیُّوؔن کی طرف مُتوجِّہ ہو کر اُس کی راہ پُوچھیں گے کہ آؤ ہم خُداوند سے مِل کر اُس سے ابدی عہد کریں جو کبھی فراموش نہ ہو۔
6میرے لوگ بھٹکی ہُوئی بھیڑوں کی مانِند ہیں۔ اُن کے چَرواہوں نے اُن کو گُمراہ کر دِیا۔ اُنہوں نے اُن کو پہاڑوں پر لے جا کر چھوڑ دِیا۔ وہ پہاڑوں سے ٹِیلوں پر گئے اور اپنے آرام کا مکان بُھول گئے ہیں۔ 7سب جِنہوں نے اُن کو پایا اُن کو نِگل گئے اور اُن کے دُشمنوں نے کہا ہم قصُوروار نہیں ہیں کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کا گُناہ کِیا ہے۔ وہ خُداوند جو مسکنِ صداقت اور اُن کے باپ دادا کی اُمّیدگاہ ہے۔
8بابل میں سے بھاگو اور کسدیوں کی سرزمِین سے نِکلو اور اُن بکروں کی مانِند ہو جو گلّوں کے آگے آگے چلتے ہیں۔ 9کیونکہ دیکھ مَیں شِمال کی سرزمِین سے بڑی قَوموں کے انبوہ کو برپا کرُوں گا اور بابل پر چڑھا لاؤُں گا اور وہ اُس کے مُقابِل صف آرا ہوں گے۔ وہاں سے اُس پر قبضہ کر لیں گے۔ اُن کے تِیرکار آزمُودہ بہادُر کے سے ہوں گے جو خالی ہاتھ نہیں لَوٹتا۔ 10کسدِستان لُوٹا جائے گا اُسے لُوٹنے والے سب آسُودہ ہوں گے خُداوند فرماتا ہے۔
سقُوطِ بابل
11اَے میری مِیراث کو لُوٹنے والو چُونکہ تُم شادمان اور خُوش ہو اور داؤنے والی بچھیا کی مانِند کُودتے پھاندتے اور طاقتور گھوڑوں کی مانِند ہِنہناتے ہو۔ 12اِس لِئے تُمہاری ماں نِہایت شرمِندہ ہو گی۔ تُمہاری والِدہ خجالت اُٹھائے گی۔ دیکھو وہ قَوموں میں سب سے آخِری ٹھہرے گی اور بیابان و خُشک زمِین اور ریگستان ہو گی۔ 13خُداوند کے قہر کے سبب سے وہ آباد نہ ہو گی بلکہ بِالکُل وِیران ہو جائے گی۔ جو کوئی بابل سے گُذرے گا حَیران ہو گا اور اُس کی سب آفتوں کے باعِث سُسکارے گا۔
14اَے سب تِیراندازو! بابل کو گھیر کر اُس کے خِلاف صف آرائی کرو۔ اُس پر تِیر چلاؤ۔ تِیروں کو دریغ نہ کرو کیونکہ اُس نے خُداوند کا گُناہ کِیا ہے۔ 15اُسے گھیر کر تُم اُس پر للکارو۔ اُس نے اِطاعت منظُور کر لی۔ اُس کی بُنیادیں دھس گئِیں۔ اُس کی دِیواریں گِر گئِیں کیونکہ یہ خُداوند کا اِنتقام ہے۔ اُس سے اِنتقام لو۔ جَیسا اُس نے کِیا وَیسا ہی تُم اُس سے کرو۔ 16بابل میں ہر ایک بونے والے کو اور اُسے جو دِرَو کے وقت درانتی پکڑے کاٹ ڈالو۔ ظالِم کی تلوار کی ہَیبت سے ہر ایک اپنے لوگوں میں جا مِلے گا اور ہر ایک اپنے وطن کو بھاگ جائے گا۔
اِسرائیل کی واپسی
17اِسرائیل پراگندہ بھیڑوں کی مانِند ہے۔ شیروں نے اُسے رگیدا ہے۔ پہلے شاہِ اسُور نے اُسے کھا لِیا اور پِھر یہ شاہِ بابل نبُوکدؔرضر اُس کی ہڈِّیوں تک چبا گیا۔ 18اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں شاہِ بابل اور اُس کے مُلک کو سزا دُوں گا جِس طرح مَیں نے شاہِ اَسُور کو سزا دی ہے۔ 19لیکن مَیں اِسرائیل کو پِھر اُس کے مسکن میں لاؤُں گا اور وہ کرمِل اور بسن میں چرے گا اور اُس کی جان کوہِ اِفرائِیم اور جِلعاد پر آسُودہ ہو گی۔ 20خُداوند فرماتا ہے اُن دِنوں میں اور اُسی وقت اِسرائیل کی بدکرداری ڈُھونڈے نہ مِلے گی اور یہُوداؔہ کے گُناہوں کا پتہ نہ مِلے گا کیونکہ جِن کو مَیں باقی رکھُّوں گا اُن کو مُعاف کرُوں گا۔
بابل پر خُداوند کا غضب
21مراتاؔیم کی سرزمِین پر اور فِقود کے باشِندوں پر چڑھائی کر۔ اُسے وِیران کر اور اُن کو بِالکُل نابُود کر خُداوند فرماتا ہے اور جو کُچھ مَیں نے تُجھے فرمایا ہے اُس سب کے مُطابِق عمل کر۔ 22مُلک میں لڑائی اور بڑی ہلاکت کی آواز ہے۔ 23تمام دُنیا کا ہتھوڑا کیونکر کاٹا اور توڑا گیا! بابل قَوموں کے درمِیان کَیسا جایِ حَیرت ہُؤا! 24مَیں نے تیرے لِئے پھندا لگایا اور اَے بابل تُو پکڑا گیا اور تُجھے خبر نہ تھی۔ تیرا پتہ مِلا اور تُو گرِفتار ہو گیا کیونکہ تُو نے خُداوند سے لڑائی کی ہے۔ 25خُداوند نے اپنا سلاح خانہ کھولا اور اپنے قہر کے ہتھیاروں کو نِکالا ہے کیونکہ کسدیوں کی سرزمِین میں خُداوند ربُّ الافواج کو کُچھ کرنا ہے۔ 26سِرے سے شرُوع کر کے اُس پر چڑھو اور اُس کے انبار خانوں کو کھولو۔ اُس کو کھنڈر کر ڈالو اور اُس کو نیست کرو۔ اُس کی کوئی چِیز باقی نہ چھوڑو۔ 27اُس کے سب بَیلوں کو ذبح کرو۔ اُن کو مسلخ میں جانے دو۔ اُن پر افسوس! کہ اُن کا دِن آ گیا۔ اُن کی سزا کا وقت آ پُہنچا۔
28سرزمِینِ بابل سے فرارِیوں کی آواز! وہ بھاگتے اور صِیُّوؔن میں خُداوند ہمارے خُدا کے اِنتقام یعنی اُس کی ہَیکل کے اِنتقام کا اِعلان کرتے ہیں۔
29تِیر اندازوں کو بُلا کر اِکٹّھا کرو کہ بابل پر جائیں۔ سب کمان داروں کو ہر طرف سے اُس کے مُقابِل خَیمہ زن کرو۔ وہاں سے کوئی بچ نہ نِکلے۔ اُس کے کام کے مُوافِق اُس کو بدلہ دو۔ سب کُچھ جو اُس نے کِیا اُس سے کرو کیونکہ اُس نے خُداوند اِسرائیل کے قُدُّوس کے حضُور بُہت تکبُّر کِیا۔ 30اِس لِئے اُس کے جوان بازاروں میں گِر جائیں گے اور سب جنگی مَرد اُس دِن کاٹ ڈالے جائیں گے خُداوند فرماتا ہے۔
31اَے مغرُور دیکھ مَیں تیرا مُخالِف ہُوں خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے کیونکہ تیرا وقت آ پُہنچا ہاں وہ وقت جب مَیں تُجھے سزا دُوں۔ 32اور وہ گھمنڈی ٹھوکر کھائے گا۔ وہ گِرے گا اور کوئی اُسے نہ اُٹھائے گا اور مَیں اُس کے شہروں میں آگ بھڑکاؤُں گا اور وہ اُس کی تمام نواحی کو بھسم کر دے گی۔
33ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ بنی اِسرائیل اور بنی یہُوداؔہ دونوں مظلُوم ہیں اور اُن کو اسِیر کرنے والے اُن کو قَید میں رکھتے ہیں اور چھوڑنے سے اِنکار کرتے ہیں۔ 34اُن کا چُھڑانے والا زورآور ہے۔ ربُّ الافواج اُس کا نام ہے۔ وہ اُن کی پُوری حِمایت کرے گا تاکہ زمِین کو راحت بخشے اور بابل کے باشِندوں کو پریشان کرے۔
35خُداوند فرماتا ہے کہ
تلوار کسدیوں پر اور بابل کے باشِندوں پر
اور اُس کے اُمرا اور حُکما پر ہے۔
36لافزنوں پر تلوار ہے۔
وہ بے وُقُوف ہو جائیں گے۔
اُس کے بہادُروں پر تلوار ہے۔
وہ ڈر جائیں گے۔
37اُس کے گھوڑوں اور رتھوں
اور سب مِلے جُلے لوگوں پر جو اُس میں ہیں تلوار
ہے۔ وہ عَورتوں کی مانِند ہوں گے۔
اُس کے خزانوں پر تلوار ہے۔ وہ لُوٹے جائیں گے۔
38اُس کی نہروں پر خُشک سالی ہے۔ وہ سُوکھ جائیں گی
کیونکہ وہ تراشی ہُوئی مُورتوں کی مُملکت ہے اور
وہ بُتوں پرشیفتہ ہیں۔
39اِس لِئے دشتی درِندے گِیدڑوں کے ساتھ وہاں بسیں گے اور شُتر مُرغ اُس میں بسیرا کریں گے اور وہ پِھر ابد تک آباد نہ ہو گی۔ پُشت در پُشت کوئی اُس میں سکُونت نہ کرے گا۔ 40جِس طرح خُدا نے سدُوؔم اور عمُورؔہ اور اُن کے آس پاس کے شہروں کو اُلٹ دِیا خُداوند فرماتا ہے اُسی طرح کوئی آدمی وہاں نہ بسے گا نہ آدمؔ زاد اُس میں رہے گا۔
41دیکھ شِمالی مُلک سے ایک گروہ آتی ہے
اور اِنتہایِ زمِین سے ایک بڑی قَوم
اور بُہت سے بادشاہ برانگیختہ کِئے جائیں گے۔
42وہ تِیرانداز و نیزہ باز ہیں۔
وہ سنگ دِل و بے رحم ہیں۔
اُن کے نعروں کی صدا سمُندر کی سی ہے۔
وہ گھوڑوں پر سوار ہیں۔
اَے دُخترِ بابل وہ جنگی مَردوں کی مانِند تیرے
مُقابِل صف آرائی کرتے ہیں۔
43شاہِ بابل نے اُن کی شُہرت سُنی ہے۔
اُس کے ہاتھ ڈِھیلے ہو گئے۔
وہ زچّہ کی مانِند مُصِیبت اور درد میں گرِفتار ہے۔
44دیکھ وہ شیرِ بَبر کی طرح یردؔن کے جنگل سے نِکل کر مُحکم بستی پر چڑھ آئے گا پر مَیں اچانک اُس کو وہاں سے بھگا دُوں گا اور اپنے برگُزِیدہ کو اُس پر مُقرّر کرُوں گا کیونکہ مُجھ سا کَون ہے؟ کَون ہے جو میرے لِئے وقت مُقرّر کرے؟ اور وہ چَرواہا کَون ہے جو میرے مُقابِل کھڑا ہو سکے؟ 45پس خُداوند کی مصلحت کو جو اُس نے بابل کے خِلاف ٹھہرائی ہے اور اُس کے اِرادہ کو جو اُس نے کسدیوں کی سرزمِین کے خِلاف کِیا ہے سُنو۔ یقِیناً اُن کے گلّہ کے سب سے چھوٹوں کو بھی گھسِیٹ لے جائیں گے۔ یقِیناً اُن کا مسکن بھی اُن کے ساتھ برباد ہو گا۔ 46بابل کی شِکست کے شور سے زمِین کانپتی ہے اور فریاد کو قَوموں نے سُنا ہے۔

Currently Selected:

یرمِیاہ 50: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy