YouVersion Logo
Search Icon

خرُوج 38

38
سوختنی قُربانی کے مذبح کا بنایا جانا
1اور اُس نے سوختنی قُربانی کا مذبح کِیکر کی لکڑی کا بنایا۔ اُس کی لمبائی پانچ ہاتھ اور چَوڑائی پانچ ہاتھ تھی۔ وہ چَوکھونٹا تھا اور اُس کی اُونچائی تِین ہاتھ تھی۔ 2اور اُس نے اُس کے چاروں کونوں پر سِینگ بنائے۔ سِینگ اور وہ مذبح دونوں ایک ہی ٹُکڑے کے تھے اور اُس نے اُس کو پِیتل سے منڈھا۔ 3اور اُس نے مذبح کے سب ظرُوف یعنی دیگیں اور بیلچے اور کٹورے اور سیخیں اور انگیٹھیاں بنائِیں۔ اُس کے سب ظرُوف پِیتل کے تھے۔ 4اور اُس نے مذبح کے لِئے اُس کی چاروں طرف کنارے کے نِیچے پِیتل کی جالی کی جھنجری اِس طرح لگائی کہ وہ اُس کی آدھی دُور تک پُہنچتی تھی۔ 5اور اُس نے پِیتل کی جھنجری کے چاروں کونوں میں لگانے کے لِئے چار کڑے ڈھالے تاکہ چوبوں کے لِئے خانوں کا کام دیں۔ 6اور چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنا کر اُن کو پِیتل سے منڈھا۔ 7اور اُس نے وہ چوبیں مذبح کی دونوں طرف کے کڑوں میں اُس کے اُٹھانے کے لِئے ڈال دِیں۔ وہ کھوکھلا تختوں کا بنا ہُؤا تھا۔
8اور جو خِدمت گُذار عَورتیں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خِدمت کرتی تِھیں اُن کے آئینوں کے پِیتل سے اُس نے پِیتل کا حَوض اور پِیتل ہی کی اُس کی کُرسی بنائی۔
مسکن کا صحن
9پِھر اُس نے صحن بنایا اور جنُوبی سِمت کے لِئے اُس صحن کے پردے بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے تھے اور سب مِلا کر سَو ہاتھ لمبے تھے۔ 10اُن کے لِئے بِیس سُتُون اور اُن کے واسطے پِیتل کے بِیس خانے تھے اور سُتُونوں کے کُنڈے اور پٹّیاں چاندی کی تِھیں۔ 11اور شِمالی سِمت میں بھی وہ سَو ہاتھ لمبے اور اُن کے لِئے بِیس سُتُون اور اُن کے واسطے بِیس ہی پِیتل کے خانے تھے اور سُتُونوں کے کُنڈے اور پٹّیاں چاندی کی تِھیں۔ 12اور مغرِبی سِمت کے لِئے سب پردے مِلا کر پچاس ہاتھ کے تھے۔ اُن کے لِئے دس سُتُون اور دس ہی اُن کے خانے تھے اور سُتُونوں کے کُنڈے اور پٹّیاں چاندی کی تِھیں۔ 13اور مشرِقی سِمت میں بھی وہ پچاس ہی ہاتھ کے تھے۔ 14اُس کے دروازہ کی ایک طرف پندرہ ہاتھ کے پردے اور اُن کے لِئے تِین سُتُون اور تِین خانے تھے۔ 15اور دُوسری طرف بھی وَیسا ہی تھا۔ پس صحن کے دروازہ کے اِدھر اور اُدھر پندرہ پندرہ ہاتھ کے پردے تھے۔ اُن کے لِئے تِین تِین سُتُون اور تِین ہی تِین خانے تھے۔ 16صحن کے گِرداگِرد کے سب پردے بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے بنے ہُوئے تھے۔ 17اور سُتُونوں کے خانے پِیتل کے اور اُن کے کنڈے اور پٹّیاں چاندی کی تِھیں۔ اُن کے سِرے چاندی سے منڈھے ہُوئے اور صحن کے کُل سُتُون چاندی کی پٹّیوں سے جڑے ہُوئے تھے۔ 18اور صحن کے دروازہ کے پردہ پر بیل بُوٹے کا کام تھا اور وہ آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنا ہُؤا تھا۔ اُس کی لمبائی بِیس ہاتھ اور اُونچائی صحن کے پردوں کی چَوڑائی کے مُطابِق پانچ ہاتھ تھی۔ 19اُن کے لِئے چار سُتُون اور چار ہی اُن کے واسطے پِیتل کے خانے تھے۔ اُن کے کُنڈے چاندی کے تھے اور اُن کے سِروں پر چاندی منڈھی ہُوئی تھی اور اُن کی پٹّیاں بھی چاندی کی تِھیں۔ 20اور مسکن کی اور صحن کے گِرداگِرد کی سب میخیں پِیتل کی تِھیں۔
مسکن میں کون کون سی دھاتیں اِستعمال ہُوئیں
21اور مسکن یعنی مسکنِ شہادت کے جو سامان لاوِیوں کی خِدمت کے لِئے بنے اور جِن کو مُوسیٰؔ کے حُکم کے مُطابِق ہارُونؔ کاہِن کے بیٹے اِتمرؔ نے گِنا اُن کا حِساب یہ ہے۔
22بضلی ایلؔ بِن اُورؔی بِن حُور ؔنے جو یہُوداؔہ کے قبیلہ کا تھا سب کُچھ جو خُداوند نے مُوسیٰؔ کو فرمایا تھا بنایا۔ 23اور اُس کے ساتھ دان کے قبیلہ کا اہلیاؔب بِن اخیسمکؔ تھا جو کندہ کار اور ماہِر کارِیگر تھا اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک کتان پر بیل بُوٹے کاڑھتا تھا۔
24سب سونا جو مَقدِس کی چِیزوں کے کام میں لگا یعنی ہدیہ کا سونا اُنتِیس قِنطار اور مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے سات سَو تِیس مِثقال تھا۔ 25اور جماعت میں سے گِنے ہُوئے لوگوں کے ہدیہ کی چاندی ایک سَو قِنطار اور مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک ہزار سات سَو پچھتّر مِثقال تھی۔ 26مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے فی آدمی جو نِکل کر شُمار کِئے ہُوؤں میں مِل گیا ایک بیکا یعنی نِیم مِثقال بِیس برس اور اُس سے زِیادہ عُمر کے لوگوں سے لِیا گیا تھا۔ یہ چھ لاکھ تِین ہزار ساڑھے پانچ سَو مَرد تھے۔ 27اِس سَو قنطار چاندی سے مَقدِس کے اور بِیچ کے پردہ کے خانے ڈھالے گئے۔ سَو قِنطار سے سَو ہی خانے بنے یعنی ایک ایک قِنطار ایک ایک خانے میں لگا۔ 28اور ایک ہزار سات سَو پچھتّر مِثقال چاندی سے سُتُونوں کے کُنڈے بنے اور اُن کے سِرے منڈھے گئے اور اُن کے لِئے پٹّیاں تیّار ہُوئِیں۔ 29اور ہدیہ کا پِیتل ستّر قِنطار اور دو ہزار چار سَو مِثقال تھا۔ 30اِس سے اُس نے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ کے خانے اور پِیتل کا مذبح اور اُس کے لِئے پِیتل کی جھنجری اور مذبح کے سب ظرُوف۔ 31اور صحن کے گِرداگِرد کے خانے اور صحن کے دروازہ کے خانے اور مسکن کی میخیں اور صحن کی چاروں طرف کی میخیں بنائِیں۔

Currently Selected:

خرُوج 38: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy