YouVersion Logo
Search Icon

خرُوج 36

36
1پس بضلی ایلؔ اور اہلیاؔب اور سب رَوشن ضمِیر آدمی کام کریں جِن کو خُداوند نے حِکمت اور فہم سے مالا مال کِیا ہے تاکہ وہ مَقدِس کی عِبادت کے سب کام کو خُداوند کے حُکم کے مُطابِق انجام دیں۔
لوگ بہُت سے ہَدئے لاتے ہیں
2تب مُوسیٰؔ نے بضلی ایلؔ اور اہلیاؔب اور سب رَوشن ضمِیر آدمیوں کو بُلایا جِن کے دِل میں خُداوند نے حِکمت بھر دی تھی یعنی جِن کے دِل میں تحرِیک ہُوئی کہ جا کر کام کریں۔ 3اور جو جو ہدئے بنی اِسرائیل لائے تھے کہ اُن سے مَقدِس کی عِبادت کی چِیزیں بنائی جائیں وہ سب اُنہوں نے مُوسیٰؔ سے لے لِئے اور لوگ پِھر بھی اپنی خُوشی سے ہر صُبح اُس کے پاس ہدیہ لاتے رہے۔ 4تب وہ سب عقل مند کارِیگر جو مَقدِس کے سب کام بنا رہے تھے اپنے اپنے کام کو چھوڑ کر مُوسیٰؔ کے پاس آئے۔ 5اور وہ مُوسیٰؔ سے کہنے لگے کہ لوگ اِس کام کے سر انجام کے لِئے جِس کے بنانے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے ضرُورت سے بُہت زِیادہ لے آئے ہیں۔
6تب مُوسیٰؔ نے جو حُکم دِیا اُس کا اِعلان اِنہوں نے تمام لشکر گاہ میں کرا دِیا کہ کوئی مَرد یا عَورت اب سے مَقدِس کے لِئے ہدیہ دینے کی غرض سے کُچھ اور کام نہ بنائے۔ یُوں وہ لوگ اَور لانے سے روک دِئے گئے۔ 7کیونکہ جو سامان اُن کے پاس پُہنچ چُکا تھا وہ سارے کام کو تیّار کرنے کے لِئے نہ فقط کافی بلکہ زِیادہ تھا۔
خَیمۂِ اِجتماع کا بنایا جانا
8اور کام کرنے والوں میں جِتنے رَوشن ضمِیر تھے اُنہوں نے مَقدِس کے واسطے بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں کے دس پردے بنائے جِن پر ماہر اُستاد کے ہاتھ کے کڑھے ہُوئے کرُّوبی تھے۔ 9ہر پردہ کی لمبائی اٹھائِیس ہاتھ اور چَوڑائی چار ہاتھ تھی اور وہ سب پردے ایک ہی ناپ کے تھے۔ 10اور اُس نے پانچ پردے ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑ دِئے اور دُوسرے پانچ پردے بھی ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑ دِئے۔ 11اور اُس نے ایک بڑے پردہ کے حاشیہ میں اُس کے مِلانے کے رُخ پر آسمانی رنگ کے تُکمے بنائے۔ اَیسے ہی تُکمے اُس نے دُوسرے بڑے پردہ کی اُس طرف کے حاشیہ میں بنائے جِدھر مِلانے کا رُخ تھا۔ 12پچاس تُکمے اُس نے ایک پردہ میں اور پچاس ہی دُوسرے پردہ کے حاشیہ میں اُس کے مِلانے کے رُخ پر بنائے۔ یہ تُکمے آپس میں ایک دُوسرے کے مُقابِل تھے۔ 13اور اُس نے سونے کی پچاس گُھنڈیاں بنائِیں اور اُن ہی گُھنڈیوں سے پردوں کو آپس میں اَیسا جوڑ دِیا کہ مسکن مِل کر ایک ہو گیا۔
14اور بکری کے بالوں سے گیارہ پردے مسکن کے اُوپر کے خَیمہ کے لِئے بنائے۔ 15ہر پردہ کی لمبائی تِیس ہاتھ اور چَوڑائی چار ہاتھ تھی اور وہ گیارہ پردے ایک ہی ناپ کے تھے۔ 16اور اُس نے پانچ پردے تو ایک ساتھ جوڑے اور چھ ایک ساتھ۔ 17اور پچاس تُکمے اُن جڑے ہُوئے پردوں میں سے کنارہ کے پردہ کے حاشیہ میں بنائے اور پچاس ہی تُکمے اُن دُوسرے جڑے ہُوئے پردوں میں سے کنارہ کے پردہ کے حاشیہ میں بنائے۔ 18اور اُس نے پِیتل کی پچاس گُھنڈیاں بھی بنائِیں تاکہ اُن سے اُس خَیمہ کو اَیسا جوڑ دے کہ وہ ایک ہو جائے۔ 19اور خَیمہ کے لِئے ایک غِلاف مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا اور اُس کے لِئے غِلاف تخس کی کھالوں کا بنایا۔
20اور اُس نے مسکن کے واسطے کِیکر کی لکڑی کے تختے بنائے کہ کھڑے کِئے جائیں۔ 21ہر تختہ کی لمبائی دس ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔ 22اور اُس نے ایک ایک تختہ کے لِئے دو دو جڑی ہُوئی چُولیں بنائِیں۔ مسکن کے سب تختوں کی چُولیں اَیسی ہی بنائِیں۔ 23اور مسکن کے لِئے جو تختے بنے تھے اُن میں سے بِیس تختے جنُوبی سِمت میں لگائے۔ 24اور اُس نے اُن بِیسوں تختوں کے نِیچے چاندی کے چالِیس خانے بنائے یعنی ہر تختہ کی دونوں چُولوں کے لِئے دو دو خانے۔ 25اور مسکن کی دُوسری طرف یعنی شِمالی سِمت کے لِئے بِیس تختے بنائے۔ 26اور اُن کے لِئے بھی چاندی کے چالِیس ہی خانے بنائے یعنی ایک ایک تختہ کے نِیچے دو دو خانے۔ 27اور مسکن کے پِچھلے حِصّہ یعنی مغرِبی سِمت کے لِئے چھ تختے بنائے۔ 28اور دو تختے مسکن کے دونوں کونوں کے لِئے پِچھلے حِصّہ میں بنائے۔ 29یہ نِیچے سے دُہرے تھے اور اِسی طرح اُوپر کے سِرے تک آ کر ایک ہی حلقہ میں مِلا دِئے گئے تھے۔ اُس نے دونوں کونوں کے دونوں تختے اِسی ڈھب کے بنائے۔ 30پس آٹھ تختے تھے اور اُن کے لِئے چاندی کے سولہ خانے یعنی ایک ایک تختہ کے لِئے دو دو خانے۔
31اور اُس نے کِیکر کی لکڑی کے بینڈے بنائے۔ پانچ بینڈے مسکن کی ایک طرف کے تختوں کے لِئے۔ 32اور پانچ بینڈے مسکن کی دُوسری طرف کے تختوں کے لِئے اور پانچ بینڈے مسکن کے پچھلے حِصّہ میں مغرِبی طرف کے تختوں کے لِئے بنائے۔ 33اور اُس نے وسطی بینڈے کو اَیسا بنایا کہ تختوں کے بِیچ میں سے ہو کر ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک پُہنچے۔ 34اور تختوں کو سونے سے منڈھا اور سونے کے کڑے بنائے تاکہ بینڈوں کے لِئے خانوں کا کام دیں اور بینڈوں کو سونے سے منڈھا۔
35اور اُس نے بیچ کا پردہ آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنایا جِس پر ماہِر اُستاد کے ہاتھ کے کرُّوبی کڑھے ہُوئے تھے۔ 36اور اُس کے لِئے کِیکر کے چار سُتُون بنائے اور اُن کو سونے سے منڈھا۔ اُن کے کُنڈے سونے کے تھے اور اُس نے اُن کے لِئے چاندی کے چار خانے ڈھال کر بنائے۔ 37اور اُس نے خَیمہ کے دروازہ کے لِئے ایک پردہ آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنایا۔ وہ بیل بُوٹے دار تھا۔ 38اور اُس کے لِئے پانچ سُتُون کنڈوں سمیت بنائے اور اُن کے سِروں اور پٹّیوں کو سونے سے منڈھا۔ اُن کے لِئے جو پانچ خانے تھے وہ پِیتل کے بنے ہُوئے تھے۔

Currently Selected:

خرُوج 36: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy