۲-سموئیل 12:6-21
۲-سموئیل 12:6-21 URD
اور داؤُد بادشاہ کو خبر مِلی کہ خُداوند نے عوبیدادؔوم کے گھرانے کو اور اُس کی ہر چِیز میں خُدا کے صندُوق کے سبب سے برکت دی ہے۔ تب داؤُد گیا اور خُدا کے صندُوق کو عوبیدادؔوم کے گھر سے داؤُد کے شہر میں خُوشی خُوشی لے آیا۔ اور اَیسا ہُؤا کہ جب خُداوند کے صندُوق کے اُٹھانے والے چھ قدم چلے تو داؤُد نے ایک بَیل اور ایک موٹا بچھڑا ذبح کِیا۔ اور داؤُد خُداوند کے حضُور اپنے سارے زور سے ناچنے لگا اور داؤُد کتان کا افُود پہنے تھا۔ سو داؤُد اور اِسرائیلؔ کا سارا گھرانا خُداوند کے صندُوق کو للکارتے اور نرسِنگا پُھونکتے ہُوئے لائے۔ اور جب خُداوند کا صندُوق داؤُد کے شہر کے اندر آ رہا تھا تو ساؤُل کی بیٹی مِیکل نے کِھڑکی سے نِگاہ کی اور داؤُد بادشاہ کو خُداوند کے حضُور اُچھلتے اور ناچتے دیکھا۔ سو اُس نے اپنے دِل ہی دِل میں اُسے حقِیر جانا۔ اور وہ خُداوند کے صندُوق کو اندر لائے اور اُسے اُس کی جگہ پر اُس خَیمہ کے بِیچ میں جو داؤُد نے اُس کے لِئے کھڑا کِیا تھا رکھّا اور داؤُد نے سوختنی قُربانِیاں اور سلامتی کی قُربانِیاں خُداوند کے آگے چڑھائِیں۔ اور جب داؤُد سوختنی قُربانی اور سلامتی کی قُربانِیاں چڑھا چُکا تو اُس نے ربُّ الافواج کے نام سے لوگوں کو برکت دی۔ اور اُس نے سب لوگوں یعنی اِسرائیلؔ کے سارے انبوہ کے مَردوں اور عَورتوں دونوں کو ایک ایک روٹی اور ایک ایک ٹُکڑا گوشت اور کِشمِش کی ایک ایک ٹِکیا بانٹی۔ پِھر سب لوگ اپنے اپنے گھر چلے گئے۔ تب داؤُد لَوٹا تاکہ اپنے گھرانے کو برکت دے اور ساؤُل کی بیٹی مِیکل داؤُد کے اِستِقبال کو نِکلی اور کہنے لگی کہ اِسرائیلؔ کا بادشاہ آج کَیسا شان دار معلُوم ہوتا تھا جِس نے آج کے دِن اپنے مُلازِموں کی لَونڈیوں کے سامنے اپنے کو برہنہ کِیا جَیسے کوئی بانکا بے حیائی سے برہنہ ہو جاتا ہے۔ داؤُد نے میِکل سے کہا یہ تو خُداوند کے حضُور تھا جِس نے تیرے باپ اور اُس کے سارے گھرانے کو چھوڑ کر مُجھے پسند کِیا تاکہ وہ مُجھے خُداوند کی قَوم اِسرائیلؔ کا پیشوا بنائے۔ سو مَیں خُداوند کے آگے ناچُوں گا۔





