YouVersion Logo
Search Icon

۲-سلاطِین 3

3
اِسرائیل اور موآب کے درمیان جنگ
1اور شاہِ یہُوداؔہ یہُوؔسفط کے اٹھارھویں برس سے اخیاؔب کا بیٹا یہُوراؔم سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے بارہ سال سلطنت کی۔ 2اور اُس نے خُداوند کے آگے بدی کی پر اپنے باپ اور اپنی ماں کی طرح نہیں کیونکہ اُس نے بعل کے اُس سُتُون کو جو اُس کے باپ نے بنایا تھا دُور کر دِیا۔ 3تَو بھی وہ نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا تھا لِپٹا رہا اور اُن سے کنارہ کشی نہ کی۔
4اور موآب کا بادشاہ مِیسا بُہت بھیڑ بکریاں رکھتا تھا اور اِسرائیلؔ کے بادشاہ کو ایک لاکھ برّوں اور ایک لاکھ مینڈھوں کی اُون دیتا تھا۔ 5لیکن جب اخیاؔب مَر گیا تو شاہِ موآب اِسرائیلؔ کے بادشاہ سے باغی ہو گیا۔ 6اُس وقت یہُوراؔم بادشاہ نے سامرِؔیہ سے نِکل کر سارے اِسرائیلؔ کی مَوجُودات لی۔ 7اور اُس نے جا کر شاہِ یہُوداؔہ یہُوؔسفط سے پُچھوا بھیجا کہ شاہِ موآب مُجھ سے باغی ہو گیا ہے سو کیا تُو موآب سے لڑنے کے لِئے میرے ساتھ چلے گا؟
اُس نے جواب دِیا کہ مَیں چلُوں گا کیونکہ جَیسا مَیں ہوں وَیسا ہی تُو ہے اور جَیسے میرے لوگ وَیسے ہی تیرے لوگ اور جَیسے میرے گھوڑے وَیسے ہی تیرے گھوڑے ہیں۔ 8تب اُس نے پُوچھا کہ ہم کِس راہ سے جائیں؟
اُس نے جواب دِیا دشتِ ادوؔم کی راہ سے۔
9چُنانچہ شاہِ اِسرائیلؔ اور شاہِ یہُوداؔہ اور شاہِ ادوؔم نِکلے اور اُنہوں نے سات دِن کی منزِل کا چکّر کاٹا اور اُن کے لشکر اور چَوپایوں کے لِئے جو پِیچھے پِیچھے آتے تھے کہِیں پانی نہ تھا۔ 10اور شاہِ اِسرائیلؔ نے کہا افسوس! کہ خُداوند نے اِن تِین بادشاہوں کو اِکٹّھا کِیا ہے تاکہ اُن کو شاہِ موآب کے حوالہ کر دے۔
11لیکن یہُوؔسفط نے کہا کیا خُداوند کے نبِیوں میں سے کوئی یہاں نہیں ہے تاکہ اُس کے وسِیلہ سے ہم خُداوند کی مرضی دریافت کریں؟
اور شاہِ اِسرائیلؔ کے خادِموں میں سے ایک نے جواب دِیا کہ الِیشع بِن سافط یہاں ہے جو ایلیّاہؔ کے ہاتھ پر پانی ڈالتا تھا۔
12یہُوؔسفط نے کہا خُداوند کا کلام اُس کے ساتھ ہے۔ سو شاہِ اِسرائیلؔ اور یہُوؔسفط اور شاہِ ادُوؔم اُس کے پاس گئے۔
13تب الِیشع نے شاہِ اِسرائیلؔ سے کہا مُجھ کو تُجھ سے کیا کام؟ تُو اپنے باپ کے نبیوں اور اپنی ماں کے نبِیوں کے پاس جا
پر شاہِ اِسرائیلؔ نے اُس سے کہا نہیں نہیں کیونکہ خُداوند نے اِن تِینوں بادشاہوں کو اِکٹّھا کِیا ہے تاکہ اُن کو موآب کے حوالہ کر دے۔
14الِیشع نے کہا ربُّ الافواج کی حیات کی قَسم جِس کے آگے مَیں کھڑا ہُوں اگر مُجھے شاہِ یہُوداؔہ یہُوؔسفط کی حضُوری کا پاس نہ ہوتا تو مَیں تیری طرف نظر بھی نہ کرتا اور نہ تُجھے دیکھتا۔ 15لیکن خَیر! کِسی بجانے والے کو میرے پاس لاؤ اور اَیسا ہُؤا کہ
جب اُس بجانے والے نے بجایا تو خُداوند کا ہاتھ اُس پر ٹھہرا۔ 16پس اُس نے کہا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِس وادی میں خندق ہی خندق کھود ڈالو۔ 17کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم نہ ہوا آتی دیکھو گے اور نہ مِینہ دیکھو گے تَو بھی یہ وادی پانی سے بھر جائے گی اور تُم بھی پِیو گے اور تُمہاری مواشی اور تُمہارے چَوپائے بھی۔ 18اور یہ خُداوند کے لِئے ایک ہلکی سی بات ہے۔ وہ موآبِیوں کو بھی تُمہارے ہاتھ میں کر دے گا۔ 19اور تُم ہر فصِیل دار شہر اور عُمدہ شہر مار لو گے اور ہر اچّھے درخت کو کاٹ ڈالو گے اور پانی کے سب چشموں کو بھر دو گے اور ہر اچّھے کھیت کو پتّھروں سے خراب کر دو گے۔
20سو صُبح کو قُربانی چڑھانے کے وقت اَیسا ہُؤا کہ ادوؔم کی راہ سے پانی بہتا آیا اور وہ مُلک پانی سے بھر گیا۔
21جب سب موآبِیوں نے یہ سُنا کہ بادشاہوں نے اُن سے لڑنے کو چڑھائی کی ہے تو وہ سب جو ہتھیار باندھنے کے قابِل تھے اور زِیادہ عُمر کے بھی اِکٹّھے ہو کر سرحد پر کھڑے ہو گئے۔ 22اور وہ صُبح سویرے اُٹھے اور سُورج پانی پر چمک رہا تھا اور موآبِیوں کو وہ پانی جو اُن کے مُقابِل تھا خُون کی مانِند سُرخ دِکھائی دِیا۔ 23سو وہ کہنے لگے یہ تو خُون ہے۔ وہ بادشاہ یقِیناً ہلاک ہو گئے ہیں اور اُنہوں نے آپس میں ایک دُوسرے کو مار دِیا ہے۔ سو اب اَے موآب لُوٹ کو چل۔
24اور جب وہ اِسرائیلؔ کی لشکر گاہ میں آئے تو اِسرائیلِیوں نے اُٹھ کر موآبِیوں کو اَیسا مارا کہ وہ اُن کے آگے سے بھاگے پر وہ آگے بڑھ کر موآبِیوں کو مارتے مارتے اُن کے مُلک میں گُھس گئے۔ 25اور اُنہوں نے شہروں کو مِسمار کِیا اور زمِین کے ہر اچّھے قطعہ پر سبھوں نے ایک ایک پتّھر ڈال کر اُسے بھر دِیا اور اُنہوں نے پانی کے سب چشمے بند کر دِئے اور سب اچّھے درخت کاٹ ڈالے۔ فقط قِیر حراؔست ہی کے پتّھروں کو باقی چھوڑا پر گوپیا چلانے والوں نے اُس کو بھی جا گھیرا اور اُسے مارا۔
26جب شاہِ موآؔب نے دیکھا کہ جنگ اُس کے لِئے نِہایت سخت ہو گئی تو اُس نے سات سَو شمشیرزن مرد اپنے ساتھ لِئے تاکہ صف چِیر کر شاہِ ادُوؔم تک جا پڑیں پر وہ اَیسا نہ کر سکے۔ 27تب اُس نے اپنے پہلوٹھے بیٹے کو لِیا جو اُس کی جگہ بادشاہ ہوتا اور اُسے دِیوار پر سوختنی قُربانی کے طَور پر گُذرانا۔ یُوں اِسرائیلؔ پر قہرِ شدِید ہُؤا۔ سو وہ اُس کے پاس سے ہٹ گئے اور اپنے مُلک کو لَوٹ آئے۔

Currently Selected:

۲-سلاطِین 3: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy