YouVersion Logo
Search Icon

۱-توارِیخ 19

19
داؤُد عمُّونیوں اور ارامیوں کو شِکست دیتا ہے
1اِس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ بنی عمُّون کا بادشاہ ناحس مَر گیا اور اُس کا بیٹا اُس کی جگہ سلطنت کرنے لگا۔ 2تب داؤُد نے کہا کہ مَیں ناحس کے بیٹے حنُوؔن کے ساتھ نیکی کرُوں گا کیونکہ اُس کے باپ نے میرے ساتھ نیکی کی۔ پس داؤُد نے قاصِد بھیجے تاکہ اُس کے باپ کے بارے میں اُسے تسلّی دیں۔
سو داؤُد کے خادِم بنی عمُّون کے مُلک میں حنُوؔن کے پاس آئے کہ اُسے تسلّی دیں۔ 3پر بنی عمُّون کے امِیروں نے حنُوؔن سے کہا کیا تیرا خیال ہے کہ داؤُد تیرے باپ کی عِزّت کرتا ہے جو اُس نے تیرے پاس تسلّی دینے والے بھیجے ہیں؟ کیا اُس کے خادِم تیرے مُلک کا حال دریافت کرنے اور اُسے تباہ کرنے اور بھید لینے نہیں آئے ہیں؟
4تب حنُوؔن نے داؤُد کے خادِموں کو پکڑا اور اُن کی داڑھی مُونچھیں مُنڈوا کر اُن کی آدھی پوشاک اُن کے سُرینوں تک کٹوا ڈالی اور اُن کو روانہ کر دِیا۔ 5تب بعضوں نے جا کر داؤُد کو بتایا کہ اُن آدمِیوں سے کَیسا سلُوک کِیا گیا۔ سو اُس نے اُن کے اِستِقبال کو لوگ بھیجے اِس لِئے کہ وہ نِہایت شرماتے تھے اور بادشاہ نے کہا کہ جب تک تُمہاری داڑِھیاں نہ بڑھ جائیں یرِیحُو میں ٹھہرے رہو۔ اِس کے بعد لَوٹ آنا۔
6جب بنی عمُّون نے دیکھا کہ وہ داؤُد کے حضُور نفرت انگیز ہو گئے ہیں تو حنُوؔن اور بنی عمُّون نے مسوپتاؔمیہ اور اراؔم معکہ اور ضوباؔہ سے رتھوں اور سواروں کو کِرایہ کرنے کے لِئے ایک ہزار قِنطار چاندی بھیجی۔ 7سو اُنہوں نے بتِّیس ہزار رتھوں اور معکہ کے بادشاہ اور اُس کے لوگوں کو اپنے لِئے کرایہ کر لِیا جو آ کر مِیدؔبا کے سامنے خَیمہ زن ہو گئے اور بنی عمُّون اپنے اپنے شہر سے جمع ہُوئے اور لڑنے کو آئے۔
8جب داؤُد نے یہ سُنا تو اُس نے یُوآؔب اور سُورماؤں کے سارے لشکر کو بھیجا۔ 9تب بنی عمُّون نے نِکل کر شہر کے پھاٹک پر لڑائی کے لِئے صف باندھی اور وہ بادشاہ جو آئے تھے سو اُن سے الگ مَیدان میں تھے۔
10جب یُوآب نے دیکھا کہ اُس کے آگے اور پِیچھے لڑائی کے لِئے صف بندھی ہے تو اُس نے سب اِسرائیلؔ کے خاص لوگوں میں سے آدمی چُن لِئے اور ارامیوں کے مُقابِل اُن کی صف آرائی کی۔ 11اور باقی لوگوں کو اپنے بھائی ابیشے کے سپُرد کِیا اور اُنہوں نے بنی عمُّون کے سامنے اپنی صف باندھی۔ 12اور اُس نے کہا کہ اگر ارامی مُجھ پر غالِب آئیں تو تُو میری کُمک کرنا اور اگر بنی عمُّون تُجھ پر غالِب آئیں تو مَیں تیری کُمک کرُوں گا۔ 13سو ہِمّت باندھو اور آؤ ہم اپنی قَوم اور اپنے خُدا کے شہروں کی خاطِر مَردانگی کریں اور خُداوند جو کُچھ اُسے بھلا معلُوم ہو کرے۔
14پس یُوآؔب اپنے لوگوں سمیت ارامیوں سے لڑنے کو آگے بڑھا اور وہ اُس کے سامنے سے بھاگے۔ 15جب بنی عمُّون نے ارامیوں کو بھاگتے دیکھا تو وہ بھی اُس کے بھائی ابیشے کے سامنے سے بھاگ کر شہر میں گُھس گئے۔ تب یُوآؔب یروشلیِم کو لَوٹ آیا۔
16جب ارامیوں نے دیکھا کہ اُنہوں نے بنی اِسرائیل سے شِکست کھائی تو اُنہوں نے قاصِد بھیج کر دریایِ فرات کے پار کے ارامیوں کو بُلوایا اور ہدد عزر کا سِپہ سالار سوفک اُن کا سردار تھا۔ 17اور اِس کی خبر داؤُد کو مِلی۔ تب وہ سارے اِسرائیلؔ کو جمع کر کے یَردؔن کے پار گیا اور اُن کے قرِیب پُہنچا اور اُن کے مُقابِل صف باندھی۔ سو جب داؤُد نے ارامیوں کے مُقابلہ میں جنگ کے لِئے صف باندھی تو وہ اُس سے لڑے۔ 18اور ارامی اِسرائیلؔ کے سامنے سے بھاگے اور داؤُد نے ارامیوں کے سات ہزار رتھوں کے سواروں اور چالِیس ہزار پیادوں کو مارا اور لشکر کے سردار سوفک کو قتل کِیا۔ 19جب ہدد عزر کے مُلازِموں نے دیکھا کہ وہ اِسرائیلؔ سے ہار گئے تو وہ داؤُد سے صُلح کر کے اُس کے مُطِیع ہو گئے اور ارامی بنی عمُّون کی کُمک پر پِھر کبھی راضی نہ ہُوئے۔

Currently Selected:

۱-توارِیخ 19: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy