YouVersion Logo
Search Icon

۱-توارِیخ 18

18
داؤُد کی فَوجی فتُوحات
1اِس کے بعد یُوں ہُؤا کہ داؤُد نے فِلستیوں کو مارا اور اُن کو مغلُوب کِیا اور جات کو اُس کے قصبوں سمیت فِلستیوں کے ہاتھ سے لے لِیا۔ 2اور اُس نے موآؔب کو مارا اور موآبی داؤُد کے مُطِیع ہو گئے اور ہدئے لائے۔
3اور داؤُد نے ضوباؔہ کے بادشاہ ہدد عزر کو بھی جب وہ اپنی سلطنت دریایِ فراؔت تک قائِم کرنے گیا حمات میں مار لِیا۔ 4اور داؤُد نے اُس سے ایک ہزار رتھ اور سات ہزار سوار اور بِیس ہزار پیادے لے لِئے اور اُس نے رتھوں کے سب گھوڑوں کی کونچیں کٹوا دِیں پر اُن میں سے ایک سَو رتھوں کے لِئے گھوڑے بچا لِئے۔
5اور جب دمشق کے ارامی ضوؔباہ کے بادشاہ ہدد عزر کی مدد کرنے کو آئے تو داؤُد نے ارامیوں میں سے بائِیس ہزار آدمی قتل کِئے۔ 6تب داؤُد نے دمشق کے اراؔم میں سپاہیوں کی چَوکیاں بِٹھائِیں اور ارامی داؤُد کے مُطِیع ہو گئے اور ہدئے لائے اور جہاں کہِیں داؤُد جاتا خُداوند اُسے فتح بخشتا تھا۔ 7اور داؤُد ہدد عزر کے نَوکروں کی سونے کی ڈھالیں لے کر اُن کو یروشلیِم میں لایا۔ 8اور ہدد عزر کے شہروں طِبخت اور کُون سے داؤُد بُہت سا پِیتل لایا جِس سے سُلیماؔن نے پِیتل کا بڑا حَوض اور سُتُون اور پِیتل کے برتن بنائے۔
9اور جب حمات کے بادشاہ توعُو نے سُنا کہ داؤُد نے ضوؔباہ کے بادشاہ ہدد عزر کا سارا لشکر مار لِیا۔ 10تو اُس نے اپنے بیٹے ہدُوراؔم کو داؤُد بادشاہ کے پاس بھیجا تاکہ اُسے سلام کرے اور مُبارک باد دے اِس لِئے کہ اُس نے جنگ کر کے ہدد عزر کو مارا (کیونکہ ہدد عزر توعُو سے لڑا کرتا تھا) اور ہر طرح کے سونے اور چاندی اور پِیتل کے برتن اُس کے ساتھ تھے۔ 11اِن کو بھی داؤُد بادشاہ نے اُس چاندی اور سونے کے ساتھ جو اُس نے اَور سب قَوموں یعنی ادُوؔم اور موآؔب اور بنی عمُّون اور فِلستیوں اور عمالِیق سے لِیا تھا خُداوند کو نذر کِیا۔
12اور ابیشے بِن ضرُویاؔہ نے وادیِ شور میں اٹھارہ ہزار ادُومِیوں کو مارا۔ 13اور اُس نے ادُوؔم میں سِپاہیوں کی چَوکیاں بِٹھائِیں اور سب ادُومی داؤُد کے مُطِیع ہو گئے اور جہاں کہِیں داؤُد جاتا خُداوند اُسے فتح بخشتا تھا۔
14سو داؤُد سارے اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اپنی ساری رعیّت کے ساتھ عدل و اِنصاف کرتا تھا۔ 15اور یُوآؔب بِن ضرُویاؔہ لشکر کا سردار تھا اور یہُوؔسفط بِن اخِیلُود موّرِخ تھا۔ 16اور صدُوؔق بِن اخِیطوؔب اور ابی ملِک بِن ابیاؔتر کاہِن تھے اور شَوشا مُنشی تھا۔ 17اور بِنایاؔہ بِن یہوؔیدع کریتیوں اور فلیتیوں پر تھا اور داؤُد کے بیٹے بادشاہ کے خاص مُصاحِب تھے۔

Currently Selected:

۱-توارِیخ 18: URD

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy