YouVersion Logo
Search Icon

ہوسیع 1

1
نبی کا خاندان اسرائیل کی علامت ہے
1ذیل میں رب کا وہ کلام درج ہے جو اُن دنوں میں ہوسیع بن بیری پر نازل ہوا جب عُزیّاہ، یوتام، آخز اور حِزقیاہ یہوداہ کے بادشاہ اور یرُبعام بن یوآس اسرائیل کا بادشاہ تھا۔
2جب رب پہلی بار ہوسیع سے ہم کلام ہوا تو اُس نے حکم دیا، ”جا، زناکار عورت سے شادی کر اور زناکار بچے پیدا کر، کیونکہ ملک رب کی پیروی چھوڑ کر مسلسل زنا کرتا رہتا ہے۔“ 3چنانچہ ہوسیع کی جُمر بنت دِبلائم سے شادی ہوئی۔ اُس کا پاؤں بھاری ہوا، اور بیٹا پیدا ہوا۔ 4تب رب نے ہوسیع سے کہا، ”اُس کا نام یزرعیل رکھنا۔ کیونکہ جلد ہی مَیں یاہو کے خاندان کو یزرعیل میں اُس قتل و غارت کی سزا دوں گا جو اُس سے سرزد ہوئی۔ ساتھ ساتھ مَیں اسرائیلی بادشاہی کو بھی ختم کروں گا۔ 5اُس دن مَیں میدانِ یزرعیل میں اسرائیل کی کمان کو توڑ ڈالوں گا۔“
6اِس کے بعد جُمر دوبارہ اُمید سے ہوئی۔ اِس بار بیٹی پیدا ہوئی۔ رب نے ہوسیع سے کہا، ”اِس کا نام لورُحامہ یعنی ’جس پر رحم نہ ہوا ہو‘ رکھنا، کیونکہ آئندہ مَیں اسرائیلیوں پر رحم نہیں کروں گا بلکہ وہ میرے رحم سے سراسر محروم رہیں گے۔
7لیکن یہوداہ کے باشندوں پر مَیں رحم کر کے اُنہیں چھٹکارا دوں گا۔ مَیں اُنہیں کمان، تلوار، جنگ کے ہتھیاروں، گھوڑوں یا گھڑسواروں کی معرفت چھٹکارا نہیں دوں گا بلکہ مَیں جو رب اُن کا خدا ہوں خود ہی اُنہیں نجات دوں گا۔“
8لورُحامہ کا دودھ چھڑانے پر جُمر پھر حاملہ ہوئی۔ اِس مرتبہ بیٹا پیدا ہوا۔ 9تب رب نے فرمایا، ”اِس کا نام لوعمی یعنی ’میری قوم نہیں‘ رکھنا۔ کیونکہ تم میری قوم نہیں، اور مَیں تمہارا خدا نہیں ہوں گا۔
10لیکن وہ وقت آئے گا جب اسرائیلی سمندر کی ریت جیسے بےشمار ہوں گے۔ نہ اُن کی پیمائش کی جا سکے گی، نہ اُنہیں گنا جا سکے گا۔ تب جہاں اُن سے کہا گیا کہ ’تم میری قوم نہیں‘ وہاں وہ ’زندہ خدا کے فرزند‘ کہلائیں گے۔ 11تب یہوداہ اور اسرائیل کے لوگ متحد ہو جائیں گے اور مل کر ایک راہنما مقرر کریں گے۔ پھر وہ ملک میں سے نکل آئیں گے، کیونکہ یزرعیل#1‏:11 یزرعیل: اللہ بیج بوتا ہے۔ کا دن عظیم ہو گا!

Currently Selected:

ہوسیع 1: URDGVU

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy