YouVersion Logo
Search Icon

فِلپّیوں 4

4
ہدایات
1چنانچہ میرے پیارے بھائیو، جن کا آرزومند مَیں ہوں اور جو میری مسرت کا باعث اور میرا تاج ہیں، خداوند میں ثابت قدم رہیں۔ عزیزو، 2مَیں یوؤدیہ اور سنتخے سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خداوند میں ایک جیسی سوچ رکھیں۔ 3ہاں میرے ہم خدمت بھائی، میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ اُن کی مدد کریں۔ کیونکہ وہ اللہ کی خوش خبری پھیلانے کی جد و جہد میں میرے ساتھ خدمت کرتی رہی ہیں، اُس مقابلے میں جس میں کلیمینس اور میرے وہ باقی مددگار بھی شریک تھے جن کے نام کتابِ حیات میں درج ہیں۔
4ہر وقت خداوند میں خوشی منائیں۔ ایک بار پھر کہتا ہوں، خوشی منائیں۔
5آپ کی نرم دلی تمام لوگوں پر ظاہر ہو۔ یاد رکھیں کہ خداوند آنے کو ہے۔ 6اپنی کسی بھی فکر میں اُلجھ کر پریشان نہ ہو جائیں بلکہ ہر حالت میں دعا اور التجا کر کے اپنی درخواستیں اللہ کے سامنے پیش کریں۔ دھیان رکھیں کہ آپ یہ شکرگزاری کی روح میں کریں۔ 7پھر اللہ کی سلامتی جو سمجھ سے باہر ہے آپ کے دلوں اور خیالات کو مسیح عیسیٰ میں محفوظ رکھے گی۔
8بھائیو، ایک آخری بات، جو کچھ سچا ہے، جو کچھ شریف ہے، جو کچھ راست ہے، جو کچھ مُقدّس ہے، جو کچھ پسندیدہ ہے، جو کچھ عمدہ ہے، غرض، اگر کوئی اخلاقی یا قابلِ تعریف بات ہو تو اُس کا خیال رکھیں۔ 9جو کچھ آپ نے میرے وسیلے سے سیکھ لیا، حاصل کر لیا، سن لیا یا دیکھ لیا ہے اُس پر عمل کریں۔ پھر سلامتی کا خدا آپ کے ساتھ ہو گا۔
جماعت کی مالی امداد کے لئے شکریہ
10مَیں خداوند میں نہایت ہی خوش ہوا کہ اب آخرکار آپ کی میرے لئے فکرمندی دوبارہ جاگ اُٹھی ہے۔ ہاں، مجھے پتا ہے کہ آپ پہلے بھی فکرمند تھے، لیکن آپ کو اِس کا اظہار کرنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ 11مَیں یہ اپنی کسی ضرورت کی وجہ سے نہیں کہہ رہا، کیونکہ مَیں نے ہر حالت میں خوش رہنے کا راز سیکھ لیا ہے۔ 12مجھے دبائے جانے کا تجربہ ہوا ہے اور ہر چیز کثرت سے میسر ہونے کا بھی۔ مجھے ہر حالت سے خوب واقف کیا گیا ہے، سیر ہونے سے اور بھوکا رہنے سے بھی، ہر چیز کثرت سے میسر ہونے سے اور ضرورت مند ہونے سے بھی۔ 13مسیح میں مَیں سب کچھ کرنے کے قابل ہوں، کیونکہ وہی مجھے تقویت دیتا رہتا ہے۔
14توبھی اچھا تھا کہ آپ میری مصیبت میں شریک ہوئے۔ 15آپ جو فلپی کے رہنے والے ہیں خود جانتے ہیں کہ اُس وقت جب مسیح کی منادی کا کام آپ کے علاقے میں شروع ہوا تھا اور مَیں صوبہ مکدُنیہ سے نکل آیا تھا تو صرف آپ کی جماعت پورے حساب کتاب کے ساتھ پیسے دے کر میری خدمت میں شریک ہوئی۔ 16اُس وقت بھی جب مَیں تھسلُنیکے شہر میں تھا آپ نے کئی بار میری ضروریات پوری کرنے کے لئے کچھ بھیج دیا۔ 17کہنے کا مطلب یہ نہیں کہ مَیں آپ سے کچھ پانا چاہتا ہوں، بلکہ میری شدید خواہش یہ ہے کہ آپ کے دینے سے آپ ہی کو اللہ سے کثرت کا سود مل جائے۔ 18یہی میری رسید ہے۔ مَیں نے پوری رقم وصول پائی ہے بلکہ اب میرے پاس ضرورت سے زیادہ ہے۔ جب سے مجھے اِپَفرُدِتس کے ہاتھ آپ کا ہدیہ مل گیا ہے میرے پاس بہت کچھ ہے۔ یہ خوشبودار اور قابلِ قبول قربانی اللہ کو پسندیدہ ہے۔ 19جواب میں میرا خدا اپنی اُس جلالی دولت کے موافق جو مسیح عیسیٰ میں ہے آپ کی تمام ضروریات پوری کرے۔ 20اللہ ہمارے باپ کا جلال ازل سے ابد تک ہو۔ آمین۔
سلام اور برکت
21تمام مقامی مُقدّسین کو مسیح عیسیٰ میں میرا سلام دینا۔ جو بھائی میرے ساتھ ہیں وہ آپ کو سلام کہتے ہیں۔ 22یہاں کے تمام مُقدّسین آپ کو سلام کہتے ہیں، خاص کر شہنشاہ کے گھرانے کے بھائی اور بہنیں۔ 23خداوند عیسیٰ مسیح کا فضل آپ کی روح کے ساتھ رہے۔ آمین۔

Currently Selected:

فِلپّیوں 4: URDGVU

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy