یشوع 1
UGV
1
رب یشوع کو راہنمائی کی ذمہ داری سونپتا ہے
1رب کے خادم موسیٰ کی موت کے بعد رب موسیٰ کے مددگار یشوع بن نون سے ہم کلام ہوا۔ اُس نے کہا، 2”میرا خادم موسیٰ فوت ہو گیا ہے۔ اب اُٹھ، اِس پوری قوم کے ساتھ دریائے یردن کو پار کر کے اُس ملک میں داخل ہو جا جو مَیں اسرائیلیوں کو دینے کو ہوں۔ 3جس زمین پر بھی تُو اپنا پاؤں رکھے گا اُسے مَیں موسیٰ کے ساتھ کئے گئے وعدے کے مطابق تجھے دوں گا۔ 4تمہارے ملک کی سرحدیں یہ ہوں گی: جنوب میں نجب کا ریگستان، شمال میں لبنان، مشرق میں دریائے فرات اور مغرب میں بحیرۂ روم۔ حِتّی قوم کا پورا علاقہ اِس میں شامل ہو گا۔ 5تیرے جیتے جی کوئی تیرا سامنا نہیں کر سکے گا۔ جس طرح مَیں موسیٰ کے ساتھ تھا، اُسی طرح تیرے ساتھ بھی ہوں گا۔ مَیں تجھے کبھی نہیں چھوڑوں گا، نہ تجھے ترک کروں گا۔
6مضبوط اور دلیر ہو، کیونکہ تُو ہی اِس قوم کو میراث میں وہ ملک دے گا جس کا مَیں نے اُن کے باپ دادا سے قَسم کھا کر وعدہ کیا تھا۔ 7لیکن خبردار، مضبوط اور بہت دلیر ہو۔ احتیاط سے اُس پوری شریعت پر عمل کر جو میرے خادم موسیٰ نے تجھے دی ہے۔ اُس سے نہ دائیں اور نہ بائیں طرف ہٹنا۔ پھرجہاں کہیں بھی تُو جائے کامیاب ہو گا۔ 8جو باتیں اِس شریعت کی کتاب میں لکھی ہیں وہ تیرے منہ سے نہ ہٹیں۔ دن رات اُن پر غور کرتا رہ تاکہ تُو احتیاط سے اِس کی ہر بات پر عمل کر سکے۔ پھر تُو ہر کام میں کامیاب اور خوش حال ہو گا۔
9مَیں پھر کہتا ہوں کہ مضبوط اور دلیر ہو۔ نہ گھبرا اور نہ حوصلہ ہار، کیونکہ جہاں بھی تُو جائے گا وہاں رب تیرا خدا تیرے ساتھ رہے گا۔“
ملک میں داخل ہونے کی تیاریاں
10پھر یشوع قوم کے نگہبانوں سے مخاطب ہوا، 11”خیمہ گاہ میں ہر جگہ جا کر لوگوں کو اطلاع دیں کہ سفر کے لئے کھانے کا بندوبست کر لیں۔ کیونکہ تین دن کے بعد آپ دریائے یردن کو پار کر کے اُس ملک پر قبضہ کریں گے جو رب آپ کا خدا آپ کو ورثے میں دے رہا ہے۔“
12پھر یشوع روبن، جد اور منسّی کے آدھے قبیلے سے مخاطب ہوا، 13”یہ بات یاد رکھیں جو رب کے خادم موسیٰ نے آپ سے کہی تھی، ’رب تمہارا خدا تم کو دریائے یردن کے مشرقی کنارے پر کا یہ علاقہ دیتا ہے تاکہ تم یہاں امن و امان کے ساتھ رہ سکو۔‘ 14اب جب ہم دریائے یردن کو پار کر رہے ہیں تو آپ کے بال بچے اور مویشی یہیں رہ سکتے ہیں۔ لیکن لازم ہے کہ آپ کے تمام جنگ کرنے کے قابل مرد مسلح ہو کر اپنے بھائیوں کے آگے آگے دریا کو پار کریں۔ آپ کو اُس وقت تک اپنے بھائیوں کی مدد کرنا ہے 15جب تک رب اُنہیں وہ آرام نہ دے جو آپ کو حاصل ہے اور وہ اُس ملک پر قبضہ نہ کر لیں جو رب آپ کا خدا اُنہیں دے رہا ہے۔ اِس کے بعد ہی آپ کو اپنے اُس علاقے میں واپس جا کر آباد ہونے کی اجازت ہو گی جو رب کے خادم موسیٰ نے آپ کو دریائے یردن کے مشرقی کنارے پر دیا تھا۔“
16اُنہوں نے جواب میں یشوع سے کہا، ”جو بھی حکم آپ نے ہمیں دیا ہے وہ ہم مانیں گے اور جہاں بھی ہمیں بھیجیں گے وہاں جائیں گے۔ 17جس طرح ہم موسیٰ کی ہر بات مانتے تھے اُسی طرح آپ کی بھی ہر بات مانیں گے۔ لیکن رب آپ کا خدا اُسی طرح آپ کے ساتھ ہو جس طرح وہ موسیٰ کے ساتھ تھا۔ 18جو بھی آپ کے حکم کی خلاف ورزی کر کے آپ کی وہ تمام باتیں نہ مانے جو آپ فرمائیں گے اُسے سزائے موت دی جائے۔ لیکن مضبوط اور دلیر ہوں!“

Copyright 2010 Geolink Resource Consultants, LLC

Jifunze Mengi Kuhusu اردو جیو ورژن