YouVersion Logo
Search Icon

عاموس 1

1
اسرائیل کے پڑوسیوں کی عدالت
1ذیل میں عاموس کے پیغامات قلم بند ہیں۔ عاموس تقوع شہر کا گلہ بان تھا۔ زلزلے سے دو سال پہلے اُس نے اسرائیل کے بارے میں رویا میں یہ کچھ دیکھا۔ اُس وقت عُزیّاہ یہوداہ کا اور یرُبعام بن یوآس اسرائیل کا بادشاہ تھا۔
2عاموس بولا، ”رب کوہِ صیون پر سے دہاڑتا ہے، اُس کی گرجتی آواز یروشلم سے سنائی دیتی ہے۔ تب گلہ بانوں کی چراگاہیں سوکھ جاتی ہیں اور کرمل کی چوٹی پر جنگل مُرجھا جاتا ہے۔“
3رب فرماتا ہے، ”دمشق کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے جِلعاد کو گاہنے کے آہنی اوزار سے خوب کوٹ کر گاہ لیا ہے۔ 4چنانچہ مَیں حزائیل کے گھرانے پر آگ نازل کروں گا، اور بن ہدد کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔ 5مَیں دمشق کے کنڈے کو توڑ کر بِقعت آون اور بیت عدن کے حکمرانوں کو موت کے گھاٹ اُتاروں گا۔ اَرام کی قوم جلاوطن ہو کر قیر میں جا بسے گی۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔
6رب فرماتا ہے، ”غزہ کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے پوری آبادیوں کو جلاوطن کر کے ادوم کے حوالے کر دیا ہے۔ 7چنانچہ مَیں غزہ کی فصیل پر آگ نازل کروں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔ 8اشدود اور اسقلون کے حکمرانوں کو مَیں مار ڈالوں گا، عقرون پر بھی حملہ کروں گا۔ تب بچے کھچے فلستی بھی ہلاک ہو جائیں گے۔“ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔
9رب فرماتا ہے، ”صور کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے برادرانہ عہد کا لحاظ نہ کیا بلکہ پوری آبادیوں کو جلاوطن کر کے ادوم کے حوالے کر دیا۔ 10چنانچہ مَیں صور کی فصیل پر آگ نازل کروں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔“
11رب فرماتا ہے، ”ادوم کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنے اسرائیلی بھائیوں کو تلوار سے مار مار کر اُن کا تعاقب کیا اور سختی سے اُن پر رحم کرنے سے انکار کیا۔ اُن کا قہر بھڑکتا رہا، اُن کا طیش کبھی ٹھنڈا نہ ہوا۔ 12چنانچہ مَیں تیمان پر آگ نازل کروں گا، اور بُصرہ کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔“
13رب فرماتا ہے، ”عمون کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اپنی سرحدوں کو بڑھانے کے لئے اُنہوں نے جِلعاد کی حاملہ عورتوں کے پیٹ چیر ڈالے۔ 14چنانچہ مَیں ربّہ کی فصیل کو آگ لگا دوں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔ جنگ کے اُس دن ہر طرف فوجیوں کے نعرے بلند ہو جائیں گے، طوفان کے اُس دن اُن پر سخت آندھی ٹوٹ پڑے گی۔ 15اُن کا بادشاہ اپنے افسروں سمیت قیدی بن کر جلاوطن ہو جائے گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔

Currently Selected:

عاموس 1: URDGVU

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy