YouVersion Logo
Search Icon

۲-توارِیخ 3

3
رب کے گھر کی تعمیر
1سلیمان نے رب کے گھر کو یروشلم کی پہاڑی موریاہ پر تعمیر کیا۔ اُس کا باپ داؤد یہ مقام مقرر کر چکا تھا۔ یہیں جہاں پہلے اُرنان یعنی ارَوناہ یبوسی اپنا اناج گاہتا تھا رب داؤد پر ظاہر ہوا تھا۔ 2تعمیر کا یہ کام سلیمان کی حکومت کے چوتھے سال کے دوسرے ماہ اور اُس کے دوسرے دن شروع ہوا۔
3مکان کی لمبائی 90 فٹ اور چوڑائی 30 فٹ تھی۔ 4سامنے ایک برآمدہ بنایا گیا جو عمارت جتنا چوڑا یعنی 30 فٹ اور 30 فٹ اونچا تھا۔ اُس کی اندرونی دیواروں پر اُس نے خالص سونا چڑھایا۔ 5بڑے ہال کی دیواروں پر اُس نے اوپر سے لے کر نیچے تک جونیپر کی لکڑی کے تختے لگائے، پھر تختوں پر خالص سونا منڈھوا کر اُنہیں کھجور کے درختوں اور زنجیروں کی تصویروں سے آراستہ کیا۔ 6سلیمان نے رب کے گھر کو جواہر سے بھی سجایا۔ جو سونا استعمال ہوا وہ پروائم سے منگوایا گیا تھا۔ 7سونا مکان، تمام شہتیروں، دہلیزوں، دیواروں اور دروازوں پر منڈھا گیا۔ دیواروں پر کروبی فرشتوں کی تصویریں بھی کندہ کی گئیں۔
مُقدّس ترین کمرا
8عمارت کا سب سے اندرونی کمرا بنام مُقدّس ترین کمرا عمارت جیسا چوڑا یعنی 30 فٹ تھا۔ اُس کی لمبائی بھی 30 فٹ تھی۔ اِس کمرے کی تمام دیواروں پر 20,000 کلو گرام سے زائد سونا منڈھا گیا۔ 9سونے کی کیلوں کا وزن تقریباً 600 گرام تھا۔ بالاخانوں کی دیواروں پر بھی سونا منڈھا گیا۔
10پھر سلیمان نے کروبی فرشتوں کے دو مجسمے بنوائے جنہیں مُقدّس ترین کمرے میں رکھا گیا۔ اُن پر بھی سونا چڑھایا گیا۔ 11‏-13جب دونوں فرشتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مُقدّس ترین کمرے میں کھڑا کیا گیا تو اُن کے چار پَروں کی مل کر لمبائی 30 فٹ تھی۔ ہر ایک کے دو پَر تھے، اور ہر پَر کی لمبائی ساڑھے سات سات فٹ تھی۔ اُنہیں مُقدّس ترین کمرے میں یوں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا کیا گیا کہ ہر فرشتے کا ایک پَر دوسرے کے پَر سے لگتا جبکہ دائیں اور بائیں طرف ہر ایک کا دوسرا پَر دیوار کے ساتھ لگتا تھا۔ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے بڑے ہال کی طرف دیکھتے تھے۔ 14مُقدّس ترین کمرے کے دروازے پر سلیمان نے باریک کتان سے بُنا ہوا پردہ لگوایا۔ وہ نیلے، ارغوانی اور قرمزی رنگ کے دھاگے سے سجا ہوا تھا، اور اُس پر کروبی فرشتوں کی تصویریں تھیں۔
رب کے گھر کے دروازے پر دو ستون
15سلیمان نے دو ستون ڈھلوا کر رب کے گھر کے دروازے کے سامنے کھڑے کئے۔ ہر ایک 27 فٹ لمبا تھا، اور ہر ایک پر ایک بالائی حصہ رکھا گیا جس کی اونچائی ساڑھے 7 فٹ تھی۔ 16اِن بالائی حصوں کو زنجیروں سے سجایا گیا جن سے سَو انار لٹکے ہوئے تھے۔ 17دونوں ستونوں کو سلیمان نے رب کے گھر کے دروازے کے دائیں اور بائیں طرف کھڑا کیا۔ دہنے ہاتھ کے ستون کا نام اُس نے ’یکین‘ اور بائیں ہاتھ کے ستون کا نام ’بوعز‘ رکھا۔

Currently Selected:

۲-توارِیخ 3: URDGVU

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in

YouVersion uses cookies to personalize your experience. By using our website, you accept our use of cookies as described in our Privacy Policy