”پِرگمُنؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ: جِس کے پاس دو دھاری تیز تلوار ہے وہ یہ فرماتا ہے۔ میں جانتا ہُوں کہ جہاں تُم رہتے ہو وہ شیطان کی تخت گاہ ہے لیکن پھر بھی تُم میرے نام کے وفادار رہے۔ اَور تُم نے اُن دِنوں میں بھی مُجھ پر ایمان رکھنے سے اِنکار نہ کیا جِن دِنوں میں میرا وفادار گواہ انِتپاسؔ تمہارے شہر میں اُس جگہ قتل کیا گیا تھا جہاں شیطان کی حُکومت ہے۔ لیکن مُجھے تُجھ سے چند باتوں کی شکایت ہے، اِس لیٔے کہ تیرے یہاں بعض لوگ بِلعاؔم کی تعلیم پر قائِم ہیں جِس نے بادشاہ بلقؔ کو بنی اِسرائیل کو گمراہ کرنے کے لیٔے بُتوں کو نذر کی گئی قُربانیوں کاگُوشت کھانے اَور جنسی بدفعلی کرنا سِکھایا۔ چنانچہ تمہارے یہاں بھی اَیسے لوگ ہیں جو نِیکُلیّوں کی تعلیم پر عَمل کرتے ہیں۔ لہٰذا تَوبہ کرو، ورنہ! میں جلد ہی تمہارے پاس آؤں گا اَور اَپنے مُنہ کی تلوار سے اُن کے ساتھ لڑوں گا۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالب آئے گا، میں اُسے پوشیدہ مَنّ میں سے کچھ دُوں گا۔ میں اُسے ایک سفید پتّھر بھی دُوں گا جِس پر ایک نیا نام لِکھّا ہوگا، جِس کا علم اُس کے پانے والے کے سِوا اَور کسی کو نہ ہوگا۔ ”تھُواتِیؔرہ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ: خُدا کا بیٹا جِس کی آنکھیں بھڑکتی ہُوئی آگ کے شُعلوں اَور جِس کے پاؤں تپائے ہویٔے خالص پیتل کی مانند ہیں، وہ یہ فرماتا ہے۔ مَیں تمہارے کاموں، مَحَبّت، ایمان، خدمت اَور ثابت قدمی سے واقف ہُوں، اَور یہ بھی جانتا ہُوں کہ تُو جو کچھ اَب کر رہاہے وہ تمہارے پچھلے کاموں سے زِیادہ ہیں۔ لیکن مُجھے تُجھ سے یہ شکایت ہے کہ تُونے اُس عورت اِیزبِلؔ کو اَپنے درمیان رہنے دیا، جو اَپنے آپ کو نبیّہ کہتی ہے۔ اَور میرے خادِموں کو جنسی بدفعلی کرنے اَور بُتوں کو نذر کی گئی قُربانیوں کاگُوشت کھانے کی تعلیم دے کر گُمراہ کرتی ہے۔ مَیں نے اُسے تَوبہ کرنے کی مہلت دی مگر وہ اَپنی بدچلنی سے تَوبہ کرنا نہیں چاہتی۔ لہٰذا میں اُسے بیماری کے بِستر پر ڈالتا ہُوں اَورجو اُس کے ساتھ زنا کرتے ہیں، اگر وہ اَپنی زناکاری سے تَوبہ نہیں کرتے ہیں تو، میں اُنہیں بھی سخت عذاب میں ڈالوں گا۔ میں اُس کے فرزندوں کو ہلاک کر دُوں گا۔ تَب تمام جماعتوں کو مَعلُوم ہو جائے گا کہ دِلوں اَور ذہنوں کو جانچنے والا مَیں ہی ہوں، اَور مَیں تُم میں سے ہر ایک کو اُس کے کاموں کے مُوافق بدلہ دُوں گا۔ مگر تھُواتِیؔرہ کے باقی لوگوں سے جو اِیزبِلؔ کی تعلیم کو نہیں مانتے اَورجو اُن باتوں سے ناواقِف ہیں جنہیں یہ لوگ شیطان کا گہرا راز کہتے ہیں، ’میں یہ فرماتا ہُوں کہ میں تُم پر اَور زِیادہ بوجھ نہیں ڈالوں گا، البتّہ جو تمہارے پاس ہے اُسے میرے آنے تک تھامے رہو۔‘ جو غالب آئے اَور میری مرضی کے مُوافق آخِر تک عَمل کرے، میں اُسے تمام قوموں پر اِختیار دُوں گا۔ وہ لوہے کے شاہی عصا سے اُن پر حُکومت کرےگا؛ اَور وہ کُمہار کے برتنوں کی مانند چَکنا چُور ہو جایٔیں گے۔ چنانچہ مَیں نے بھی اَیسا ہی اِختیار اَپنے باپ سے پایا ہے۔ اَور مَیں اُسے صُبح کا ستارہ بھی دُوں گا۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔
پڑھیں مُکاشفہ 2
سنیں مُکاشفہ 2
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: مُکاشفہ 12:2-29
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos