مکاشفہ 12:2-29
مکاشفہ 12:2-29 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”پِرگمُنؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ: جِس کے پاس دو دھاری تیز تلوار ہے وہ یہ فرماتا ہے۔ میں جانتا ہُوں کہ جہاں تُم رہتے ہو وہ شیطان کی تخت گاہ ہے لیکن پھر بھی تُم میرے نام کے وفادار رہے۔ اَور تُم نے اُن دِنوں میں بھی مُجھ پر ایمان رکھنے سے اِنکار نہ کیا جِن دِنوں میں میرا وفادار گواہ انِتپاسؔ تمہارے شہر میں اُس جگہ قتل کیا گیا تھا جہاں شیطان کی حُکومت ہے۔ لیکن مُجھے تُجھ سے چند باتوں کی شکایت ہے، اِس لیٔے کہ تیرے یہاں بعض لوگ بِلعاؔم کی تعلیم پر قائِم ہیں جِس نے بادشاہ بلقؔ کو بنی اِسرائیل کو گمراہ کرنے کے لیٔے بُتوں کو نذر کی گئی قُربانیوں کاگُوشت کھانے اَور جنسی بدفعلی کرنا سِکھایا۔ چنانچہ تمہارے یہاں بھی اَیسے لوگ ہیں جو نِیکُلیّوں کی تعلیم پر عَمل کرتے ہیں۔ لہٰذا تَوبہ کرو، ورنہ! میں جلد ہی تمہارے پاس آؤں گا اَور اَپنے مُنہ کی تلوار سے اُن کے ساتھ لڑوں گا۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالب آئے گا، میں اُسے پوشیدہ مَنّ میں سے کچھ دُوں گا۔ میں اُسے ایک سفید پتّھر بھی دُوں گا جِس پر ایک نیا نام لِکھّا ہوگا، جِس کا علم اُس کے پانے والے کے سِوا اَور کسی کو نہ ہوگا۔ ”تھُواتِیؔرہ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ: خُدا کا بیٹا جِس کی آنکھیں بھڑکتی ہُوئی آگ کے شُعلوں اَور جِس کے پاؤں تپائے ہویٔے خالص پیتل کی مانند ہیں، وہ یہ فرماتا ہے۔ مَیں تمہارے کاموں، مَحَبّت، ایمان، خدمت اَور ثابت قدمی سے واقف ہُوں، اَور یہ بھی جانتا ہُوں کہ تُو جو کچھ اَب کر رہاہے وہ تمہارے پچھلے کاموں سے زِیادہ ہیں۔ لیکن مُجھے تُجھ سے یہ شکایت ہے کہ تُونے اُس عورت اِیزبِلؔ کو اَپنے درمیان رہنے دیا، جو اَپنے آپ کو نبیّہ کہتی ہے۔ اَور میرے خادِموں کو جنسی بدفعلی کرنے اَور بُتوں کو نذر کی گئی قُربانیوں کاگُوشت کھانے کی تعلیم دے کر گُمراہ کرتی ہے۔ مَیں نے اُسے تَوبہ کرنے کی مہلت دی مگر وہ اَپنی بدچلنی سے تَوبہ کرنا نہیں چاہتی۔ لہٰذا میں اُسے بیماری کے بِستر پر ڈالتا ہُوں اَورجو اُس کے ساتھ زنا کرتے ہیں، اگر وہ اَپنی زناکاری سے تَوبہ نہیں کرتے ہیں تو، میں اُنہیں بھی سخت عذاب میں ڈالوں گا۔ میں اُس کے فرزندوں کو ہلاک کر دُوں گا۔ تَب تمام جماعتوں کو مَعلُوم ہو جائے گا کہ دِلوں اَور ذہنوں کو جانچنے والا مَیں ہی ہوں، اَور مَیں تُم میں سے ہر ایک کو اُس کے کاموں کے مُوافق بدلہ دُوں گا۔ مگر تھُواتِیؔرہ کے باقی لوگوں سے جو اِیزبِلؔ کی تعلیم کو نہیں مانتے اَورجو اُن باتوں سے ناواقِف ہیں جنہیں یہ لوگ شیطان کا گہرا راز کہتے ہیں، ’میں یہ فرماتا ہُوں کہ میں تُم پر اَور زِیادہ بوجھ نہیں ڈالوں گا، البتّہ جو تمہارے پاس ہے اُسے میرے آنے تک تھامے رہو۔‘ جو غالب آئے اَور میری مرضی کے مُوافق آخِر تک عَمل کرے، میں اُسے تمام قوموں پر اِختیار دُوں گا۔ وہ لوہے کے شاہی عصا سے اُن پر حُکومت کرےگا؛ اَور وہ کُمہار کے برتنوں کی مانند چَکنا چُور ہو جایٔیں گے۔ چنانچہ مَیں نے بھی اَیسا ہی اِختیار اَپنے باپ سے پایا ہے۔ اَور مَیں اُسے صُبح کا ستارہ بھی دُوں گا۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔
مکاشفہ 12:2-29 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پرگمن میں موجود جماعت کے فرشتے کو یہ لکھ دینا: یہ اُس کا فرمان ہے جس کے پاس دو دھاری تیز تلوار ہے۔ مَیں جانتا ہوں کہ تُو کہاں رہتا ہے، وہاں جہاں ابلیس کا تخت ہے۔ تاہم تُو میرے نام کا وفادار رہا ہے۔ تُو نے اُن دنوں میں بھی مجھ پر ایمان رکھنے کا انکار نہ کیا جب میرا وفادار گواہ انتپاس تمہارے پاس شہید ہوا، وہاں جہاں ابلیس بستا ہے۔ لیکن مجھے تجھ سے کئی باتوں کی شکایت ہے۔ تیرے پاس ایسے لوگ ہیں جو بلعام کی تعلیم کی پیروی کرتے ہیں۔ کیونکہ بلعام نے بلق کو سکھایا کہ وہ کس طرح اسرائیلیوں کو گناہ کرنے پر اُکسا سکتا ہے یعنی بُتوں کو پیش کی گئی قربانیاں کھانے اور زنا کرنے سے۔ اِسی طرح تیرے پاس بھی ایسے لوگ ہیں، جو نیکلیوں کی تعلیم کی پیروی کرتے ہیں۔ اب توبہ کر! ورنہ مَیں جلد ہی تیرے پاس آ کر اپنے منہ کی تلوار سے اُن کے ساتھ لڑوں گا۔ جو سن سکتا ہے وہ سن لے کہ روح القدس جماعتوں کو کیا کچھ بتا رہا ہے۔ جو غالب آئے گا اُسے مَیں پوشیدہ مَن میں سے دوں گا۔ مَیں اُسے ایک سفید پتھر بھی دوں گا جس پر ایک نیا نام لکھا ہو گا، ایسا نام جو صرف ملنے والے کو معلوم ہو گا۔ تھواتیرہ میں موجود جماعت کے فرشتے کو یہ لکھ دینا: یہ اللہ کے فرزند کا فرمان ہے جس کی آنکھیں آگ کے شعلوں اور پاؤں دمکتے پیتل کی مانند ہیں۔ مَیں تیرے کاموں کو جانتا ہوں یعنی تیری محبت اور ایمان، تیری خدمت اور ثابت قدمی، اور یہ کہ اِس وقت تُو پہلے کی نسبت کہیں زیادہ کر رہا ہے۔ لیکن مجھے تجھ سے یہ شکایت ہے، تُو اُس عورت ایزبل کو جو اپنے آپ کو نبیہ کہتی ہے کام کرنے دیتا ہے، حالانکہ یہ اپنی تعلیم سے میرے خادموں کو صحیح راہ سے دُور کر کے اُنہیں زنا کرنے اور بُتوں کو پیش کی گئی قربانیاں کھانے پر اُکساتی ہے۔ مَیں نے اُسے کافی دیر سے توبہ کرنے کا موقع دیا ہے، لیکن وہ اِس کے لئے تیار نہیں ہے۔ چنانچہ مَیں اُسے یوں ماروں گا کہ وہ بستر پر پڑی رہے گی۔ اور اگر وہ جو اُس کے ساتھ زنا کر رہے ہیں اپنی غلط حرکتوں سے توبہ نہ کریں تو مَیں اُنہیں شدید مصیبت میں پھنساؤں گا۔ ہاں، مَیں اُس کے فرزندوں کو مار ڈالوں گا۔ پھر تمام جماعتیں جان لیں گی کہ مَیں ہی ذہنوں اور دلوں کو پرکھتا ہوں، اور مَیں ہی تم میں سے ہر ایک کو اُس کے کاموں کا بدلہ دوں گا۔ لیکن تھواتیرہ کی جماعت کے ایسے لوگ بھی ہیں جو اِس تعلیم کی پیروی نہیں کرتے، اور جنہوں نے وہ کچھ نہیں جانا جسے اِن لوگوں نے ’ابلیس کے گہرے بھید‘ کا نام دیا ہے۔ تمہیں مَیں بتاتا ہوں کہ مَیں تم پر کوئی اَور بوجھ نہیں ڈالوں گا۔ لیکن اِتنا ضرور کرو کہ جو کچھ تمہارے پاس ہے اُسے میرے آنے تک مضبوطی سے تھامے رکھنا۔ جو غالب آئے گا اور آخر تک میرے کاموں پر قائم رہے گا اُسے مَیں قوموں پر اختیار دوں گا۔ ہاں، وہ لوہے کے شاہی عصا سے اُن پر حکومت کرے گا، اُنہیں مٹی کے برتنوں کی طرح پھوڑ ڈالے گا۔ یعنی اُسے وہی اختیار ملے گا جو مجھے بھی اپنے باپ سے ملا ہے۔ ایسے شخص کو مَیں صبح کا ستارہ بھی دوں گا۔ جو سن سکتا ہے وہ سن لے کہ روح القدس جماعتوں کو کیا کچھ بتا رہا ہے۔
مکاشفہ 12:2-29 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور پِرگُمن کی کلِیسیا کے فرِشتہ کو یہ لِکھ کہ جِس کے پاس دو دھاری تیز تلوار ہے وہ فرماتا ہے کہ مَیں یہ تو جانتا ہُوں کہ تُو شَیطان کی تخت گاہ میں سکُونت رکھتا ہے اور میرے نام پر قائِم رہتا ہے اور جِن دِنوں میں میرا وفادار شہِید انِتپاؔس تُم میں اُس جگہ قتل ہُؤا تھا جہاں شَیطان رہتا ہے اُن دِنوں میں بھی تُو نے مُجھ پر اِیمان رکھنے سے اِنکار نہیں کِیا۔ لیکن مُجھے چند باتوں کی تُجھ سے شِکایت ہے۔ اِس لِئے کہ تیرے ہاں بعض لوگ بلعاؔم کی تعلِیم ماننے والے ہیں جِس نے بلق کو بنی اِسرائیل کے سامنے ٹھوکر کِھلانے والی چِیز رکھنے کی تعلِیم دی یعنی یہ کہ وہ بُتوں کی قُربانِیاں کھائیں اور حرام کاری کریں۔ چُنانچہ تیرے ہاں بھی بعض لوگ اِسی طرح نِیکُلیوں کی تعلِیم کے ماننے والے ہیں۔ پس تَوبہ کر۔ نہیں تو مَیں تیرے پاس جلد آ کر اپنے مُنہ کی تلوار سے اُن کے ساتھ لڑُوں گا۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالِب آئے مَیں اُسے پوشِیدہ مَنّ میں سے دُوں گا اور ایک سفید پتّھر دُوں گا۔ اُس پتّھر پر ایک نیا نام لِکھا ہُؤا ہو گا جِسے اُس کے پانے والے کے سِوا کوئی نہ جانے گا۔ اور تھواتِیرؔہ کی کلِیسیا کے فرِشتہ کو یہ لِکھ کہ خُدا کا بیٹا جِس کی آنکھیں آگ کے شُعلہ کی مانِند اور پاؤں خالِص پِیتل کی مانِند ہیں یہ فرماتا ہے کہ مَیں تیرے کاموں اور مُحبّت اور اِیمان اور خِدمت اور صبر کو تو جانتا ہُوں اور یہ بھی کہ تیرے پِچھلے کام پہلے کاموں سے زِیادہ ہیں۔ پر مُجھے تُجھ سے یہ شِکایت ہے کہ تُو نے اُس عَورت اِیزبِل کو رہنے دِیا ہے جو اپنے آپ کو نبِّیہ کہتی ہے اور میرے بندوں کو حرام کاری کرنے اور بُتوں کی قُربانِیاں کھانے کی تعلِیم دے کر گُمراہ کرتی ہے۔ مَیں نے اُس کو تَوبہ کرنے کی مُہلت دی مگر وہ اپنی حرام کاری سے تَوبہ کرنا نہیں چاہتی۔ دیکھ مَیں اُس کو بِستر پر ڈالتا ہُوں اور جو اُس کے ساتھ زِنا کرتے ہیں اگر اُس کے سے کاموں سے تَوبہ نہ کریں تو اُن کو بڑی مُصِیبت میں پھنساتا ہُوں۔ اور اُس کے فرزندوں کو جان سے مارُوں گا اور سب کلِیسیاؤں کو معلُوم ہو گا کہ گُردوں اور دِلوں کا جانچنے والا مَیں ہی ہُوں اور مَیں تُم میں سے ہر ایک کو اُس کے کاموں کے مُوافِق بدلہ دُوں گا۔ مگر تُم تھواتِیرؔہ کے باقی لوگوں سے جو اُس تعلِیم کو نہیں مانتے اور اُن باتوں سے جِنہیں لوگ شَیطان کی گہری باتیں کہتے ہیں ناواقِف ہو یہ کہتا ہُوں کہ تُم پر اَور بوجھ نہ ڈالُوں گا۔ البتّہ جو تُمہارے پاس ہے میرے آنے تک اُس کو تھامے رہو۔ جو غالِب آئے اور جو میرے کاموں کے مُوافِق آخِر تک عمل کرے مَیں اُسے قَوموں پر اِختیار دُوں گا۔ اور وہ لوہے کے عَصا سے اُن پر حُکُومت کرے گا۔ جِس طرح کہ کُمہار کے برتن چکنا چُور ہو جاتے ہیں۔ چُنانچہ مَیں نے بھی اَیسا اِختیار اپنے باپ سے پایا ہے۔ اور مَیں اُسے صُبح کا سِتارہ دُوں گا۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔