یسعیاہ 1:28-29

یسعیاہ 1:28-29 URD

افسوس اِفرائِیم کے متوالوں کے گھمنڈ کے تاج پر اور اُس کی شان دار شَوکت کے مُرجھائے ہُوئے پُھول پر جو اُن لوگوں کی شاداب وادی کے سِرے پر ہے جو مَے کے مغلُوب ہیں! دیکھو خُداوند کے پاس ایک زبردست اور زورآور شخص ہے جو اُس آندھی کی مانِند جِس کے ساتھ اولے ہوں اور بادِ سمُوم کی مانِند اور سَیلابِ شدِید کی مانِند زمِین پر ہاتھ سے پٹک دے گا۔ اِفرائِیم کے متوالوں کے گھمنڈ کا تاج پامال کِیا جائے گا۔ اور اُس شان دار شَوکت کا مُرجھایا ہُؤا پُھول جو اُس شاداب وادی کے سِرے پر ہے پہلے پکّے انجِیر کی مانِند ہو گا جو گرمی کے ایّام سے پیشتر لگے جِس پر کِسی کی نِگاہ پڑے اور وہ اُسے دیکھتے ہی اور ہاتھ میں لیتے ہی نِگل جائے۔ اُس وقت ربُّ الافواج اپنے لوگوں کے بقِیّہ کے لِئے شَوکت کا افسر اور حُسن کا تاج ہو گا۔ اور عدالت کی کُرسی پر بَیٹھنے والے کے لِئے اِنصاف کی رُوح اور پھاٹکوں سے لڑائی کو دفع کرنے والوں کے لِئے توانائی ہو گا۔ لیکن یہ بھی مَے خواری سے ڈگمگاتے اور نشہ میں لڑکھڑاتے ہیں۔ کاہِن اور نبی بھی نشہ میں چُور اور مَے میں غرق ہیں۔ وہ نشہ میں جُھومتے ہیں۔ وہ رویا میں خطا کرتے اور عدالت میں لغزِش کھاتے ہیں۔ کیونکہ سب دسترخوان قَے اور گندگی سے بھرے ہیں۔ کوئی جگہ باقی نہیں۔ وہ کِس کو دانِش سِکھائے گا؟ کِس کو وعظ کر کے سمجھائے گا؟ کیا اُن کو جِن کا دُودھ چُھڑایا گیا جو چھاتِیوں سے جُدا کِئے گئے؟ کیونکہ حُکم پر حُکم۔ حُکم پر حُکم۔ قانُون پر قانُون۔ قانُون پر قانُون ہے۔ تھوڑا یہاں تھوڑا وہاں۔ لیکن وہ بے گانہ لبوں اور اجنبی زُبان سے اِن لوگوں سے کلام کرے گا۔ جِن کو اُس نے فرمایا یہ آرام ہے۔ تُم تھکے ماندوں کو آرام دو اور یہ تازگی ہے پر وہ شِنوا نہ ہُوئے۔ پس خُداوند کا کلام اُن کے لِئے حُکم پر حُکم۔ حُکم پر حُکم۔ قانُون پر قانُون۔ قانُون پر قانُون۔ تھوڑا یہاں تھوڑا وہاں ہو گا تاکہ وہ چلے جائیں اور پِیچھے گِریں اور شِکست کھائیں اور دام میں پھنسیں اور گرِفتار ہوں۔ پس اَے ٹھٹّھا کرنے والو! جو یروشلیِم کے اِن باشِندوں پر حُکمرانی کرتے ہو! خُداوند کا کلام سُنو۔ چُونکہ تُم کہا کرتے ہو کہ ہم نے مَوت سے عہد باندھا اور پاتال سے پَیمان کر لِیا ہے۔ جب سزا کا سَیلاب آئے گا تو ہم تک نہیں پُہنچے گا کیونکہ ہم نے جُھوٹ کو اپنی پناہ گاہ بنایا ہے اور دروغ گوئی کی آڑ میں چِھپ گئے ہیں۔ اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے۔ دیکھو مَیں صِیُّون میں بُنیاد کے لِئے ایک پتّھر رکُھّوں گا۔ آزمُودہ پتّھر۔ مُحکم بُنیاد کے لِئے کونے کے سِرے کا قِیمتی پتّھر جو کوئی اِیمان لاتا ہے قائِم رہے گا۔ اور مَیں عدالت کو سُوت اور صداقت کو ساہُول بناؤُں گا اور اولے جُھوٹ کی پناہ گاہ کو صاف کر دیں گے اور پانی چِھپنے کے مکان پر پَھیل جائے گا۔ اور تُمہارا عہد جو مَوت سے ہُؤا منسُوخ ہو جائے گا اور تُمہارا پَیمان جو پاتال سے ہُؤا قائِم نہ رہے گا۔ جب سزا کا سَیلاب آئے گا تو تُم کو پامال کرے گا۔ اور گُذرتے وقت تُم کو بہا لے جائے گا۔ ہر صُبح اور شب و روز آئے گا بلکہ اُس کا چرچا سُننا بھی خوفناک ہو گا۔ کیونکہ پلنگ اَیسا چھوٹا ہے کہ آدمی اُس پر دراز نہیں ہو سکتا اور لِحاف اَیسا تنگ ہے کہ وہ اپنے آپ کو اُس میں لِپیٹ نہیں سکتا۔ کیونکہ خُداوند اُٹھے گا جَیسا کوہِ پراضِیم میں اور وہ غضب ناک ہو گا جَیسا جِبعُوؔن کی وادی میں تاکہ اپنا کام بلکہ اپنا عجِیب کام کرے اور اپنا کام ہاں اپنا انوکھا کام پُورا کرے۔ سو اب تُم ٹھٹّھا نہ کرو۔ ایسا نہ ہو کہ تُمہارے بند سخت ہو جائیں کیونکہ مَیں نے خُداوند ربُّ الافواج سے سُنا ہے کہ اُس نے کامِل اور مصمّم اِرادہ کِیا ہے کہ ساری سرزمِین کو تباہ کرے۔ کان لگا کر میری آواز سُنو۔ شِنوا ہو کر میری بات پر دِل لگاؤ۔ کیا کِسان بونے کے لِئے ہر روز ہل چلایا کرتا ہے؟ کیا وہ ہر وقت اپنی زمِین کو کھودتا اور اُس کے ڈھیلے پھوڑا کرتا ہے؟ جب اُس کو ہموار کر چُکا تو کیا وہ اجوائِن کو نہیں چِھینٹتا اور زِیرہ کو ڈال نہیں دیتا اور گیہُوں کو قِطاروں میں نہیں بوتا اور جَو کو اُس کے مُعیّن مکان میں اور کٹھیا گیہُوں کو اُس کی خاص کِیاری میں نہیں بوتا؟ کیونکہ اُس کا خُدا اُس کو تربِیّت کر کے اُسے سِکھاتا ہے۔ کہ اجوائِن کو داؤنے کے ہینگے سے نہیں داؤتے اور زِیرے کے اُوپر گاڑی کے پہئے نہیں گُھماتے بلکہ اجوائِن کو لاٹھی سے جھاڑتا ہے اور زِیرے کو چھڑی سے۔ روٹی کے غلّہ پر دائیں چلاتا ہے لیکن وہ ہمیشہ اُسے کُوٹتا نہیں رہتا اور اپنی گاڑی کے پہیوں اور گھوڑوں کو اُس پر ہمیشہ پِھراتا نہیں رہتا۔ وہ اُسے سراسر نہیں کُچلے گا۔ یہ بھی ربُّ الافواج سے مُقرّر ہُؤا ہے جِس کی مصلحت عجِیب اور دانائی عظِیم ہے۔