YouVersion Logo
تلاش

یشوع 23

23
یشوع کی آخری نصیحتیں
1اب اسرائیلی کافی دیر سے سلامتی سے اپنے ملک میں رہتے تھے، کیونکہ رب نے اُنہیں ارد گرد کے دشمنوں کے حملوں سے محفوظ رکھا۔ جب یشوع بہت بوڑھا ہو گیا تھا 2تو اُس نے اسرائیل کے تمام بزرگوں، سرداروں، قاضیوں اور نگہبانوں کو اپنے پاس بُلا کر کہا، ”اب مَیں بوڑھا ہو گیا ہوں۔ 3آپ نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ رب نے اِس علاقے کی تمام قوموں کے ساتھ کیا کچھ کیا ہے۔ رب آپ کے خدا ہی نے آپ کے لئے جنگ کی۔ 4یاد رکھیں کہ مَیں نے مشرق میں دریائے یردن سے لے کر مغرب میں سمندر تک سارا ملک آپ کے قبیلوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ بہت سی قوموں پر مَیں نے فتح پائی، لیکن چند ایک اب تک باقی رہ گئی ہیں۔ 5لیکن رب آپ کا خدا آپ کے آگے آگے چلتے ہوئے اُنہیں بھی نکال کر بھگا دے گا۔ آپ اُن کی زمینوں پر قبضہ کر لیں گے جس طرح رب آپ کے خدا نے وعدہ کیا ہے۔
6اب پوری ہمت سے ہر بات پر عمل کریں جو موسیٰ کی شریعت کی کتاب میں لکھی ہوئی ہے۔ نہ دائیں اور نہ بائیں طرف ہٹیں۔ 7اُن دیگر قوموں سے رشتہ مت باندھنا جو اب تک ملک میں باقی رہ گئی ہیں۔ اُن کے بُتوں کے نام اپنی زبان پر نہ لانا، نہ اُن کے نام لے کر قَسم کھانا۔ نہ اُن کی خدمت کرنا، نہ اُنہیں سجدہ کرنا۔ 8رب اپنے خدا کے ساتھ یوں لپٹے رہنا جس طرح آج تک لپٹے رہے ہیں۔
9رب نے آپ کے آگے آگے چل کر بڑی بڑی اور طاقت ور قومیں نکال دی ہیں۔ آج تک آپ کے سامنے کوئی نہیں کھڑا رہ سکا۔ 10آپ میں سے ایک شخص ہزار دشمنوں کو بھگا دیتا ہے، کیونکہ رب آپ کا خدا خود آپ کے لئے لڑتا ہے جس طرح اُس نے وعدہ کیا تھا۔ 11چنانچہ سنجیدگی سے دھیان دیں کہ آپ رب اپنے خدا سے پیار کریں، کیونکہ آپ کی زندگی اِسی پر منحصر ہے۔ 12اگر آپ اُس سے دُور ہو کر اُن دیگر قوموں سے لپٹ جائیں جو اب تک ملک میں باقی ہیں اور اُن کے ساتھ رشتہ باندھیں 13تو رب آپ کا خدا یقیناً اِن قوموں کو آپ کے آگے سے نہیں نکالے گا۔ اِس کے بجائے یہ آپ کو پھنسانے کے لئے پھندا اور جال بنیں گے۔ یہ یقیناً آپ کی پیٹھوں کے لئے کوڑے اور آنکھوں کے لئے کانٹے بن جائیں گے۔ آخر میں آپ اُس اچھے ملک میں سے مٹ جائیں گے جو رب آپ کے خدا نے آپ کو دے دیا ہے۔
14آج مَیں وہاں جا رہا ہوں جہاں کسی نہ کسی دن دنیا کے ہر شخص کو جانا ہوتا ہے۔ لیکن آپ نے پورے دل و جان سے جان لیا ہے کہ جو بھی وعدہ رب آپ کے خدا نے آپ کے ساتھ کیا وہ پورا ہوا ہے۔ ایک بھی ادھورا نہیں رہ گیا۔ 15لیکن جس طرح رب نے ہر وعدہ پورا کیا ہے بالکل اُسی طرح وہ تمام آفتیں آپ پر نازل کرے گا جن کے بارے میں اُس نے آپ کو خبردار کیا ہے اگر آپ اُس کے تابع نہ رہیں۔ پھر وہ آپ کو اُس اچھے ملک میں سے مٹا دے گا جو اُس نے آپ کو دے دیا ہے۔ 16اگر آپ اُس عہد کو توڑیں جو اُس نے آپ کے ساتھ باندھا ہے اور دیگر معبودوں کی پوجا کر کے اُنہیں سجدہ کریں تو پھر رب کا پورا غضب آپ پر نازل ہو گا اور آپ جلد ہی اُس اچھے ملک میں سے مٹ جائیں گے جو اُس نے آپ کو دے دیا ہے۔“

موجودہ انتخاب:

یشوع 23: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in

YouVersion آپ کے تجربے کو ذاتی بنانے کے لیے کوکیز کا استعمال کرتا ہے۔ ہماری ویب سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے، آپ ہماری کوکیز کے استعمال کو قبول کرتے ہیں جیسا کہ ہماری رازداری کی پالیسیمیں بیان کیا گیا ہے۔