قُضاۃ 1:14-7

قُضاۃ 1:14-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

شِمشُونؔ تِمنؔہ کو گیا اَور وہاں اُس کی نظر ایک جَوان فلسطینی دوشیزہ پر پڑی۔ جَب وہ لَوٹا تو اَپنے والدین سے کہنے لگا، ”مَیں نے تِمنؔہ میں ایک فلسطینی عورت دیکھی ہے۔ تُم اُس سے میرا بیاہ کرا دو۔“ اُس کے والدین نے کہا، ”کیا تیرے رشتہ داروں اَور ہماری ساری قوم میں کویٔی عورت نہیں جو تُجھے پسند ہو؟ کیا یہ ضروُری ہے کہ تُم نامختون فلسطینیوں میں سے اَپنے لیٔے بیوی لایٔے؟“ لیکن شِمشُونؔ نے اَپنے باپ سے کہا، ”میری نظروں میں وہ ہی صحیح ہے، اُسی سے میرا بیاہ کرا دے۔“ (اُس کے والدین کو مَعلُوم نہ تھا کہ یہ یَاہوِہ کی طرف سے ہے جو فلسطینیوں کے خِلاف بدلہ لینے کا بہانہ ڈھونڈ رہاتھا کیونکہ اُن دِنوں وہ اِسرائیلیوں پر حُکومت کرتے تھے۔) شِمشُونؔ اَپنے والدین کے ساتھ تِمنؔہ جا رہاتھا کہ تِمنؔہ کے تاکستانوں کے نزدیک پہُنچتے ہی ایک جَوان شیر گرجتا ہُوا اُس کی طرف آ لپکا۔ تَب یَاہوِہ کا رُوح اُس پر اِس قدر زور سے نازل ہُوا کہ اُس نے نہتّے ہی اُس شیر کو یُوں چیر ڈالا گویا کویٔی کسی بکری کے بچّہ کو چیر ڈالا ہو۔ لیکن اُس نے اَپنے ماں باپ سے اَپنی اِس حرکت کا ذِکر تک نہیں کیا۔ تَب شِمشُونؔ نے نیچے جا کر اُس عورت سے باتیں کیں اَور وہ اُسے پسند آئی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں قُضاۃ 14

قُضاۃ 1:14-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ایک دن سمسون تِمنت میں فلستیوں کے پاس ٹھہرا ہوا تھا۔ وہاں اُس نے ایک فلستی عورت دیکھی جو اُسے پسند آئی۔ اپنے گھر لوٹ کر اُس نے اپنے والدین کو بتایا، ”مجھے تِمنت کی ایک فلستی عورت پسند آئی ہے۔ اُس کے ساتھ میرا رشتہ باندھنے کی کوشش کریں۔“ اُس کے والدین نے جواب دیا، ”کیا آپ کے رشتے داروں اور قوم میں کوئی قابلِ قبول عورت نہیں ہے؟ آپ کو نامختون اور بےدین فلستیوں کے پاس جا کر اُن میں سے کوئی عورت ڈھونڈنے کی کیا ضرورت تھی؟“ لیکن سمسون بضد رہا، ”اُسی کے ساتھ میری شادی کرائیں! وہی مجھے ٹھیک لگتی ہے۔“ اُس کے ماں باپ کو معلوم نہیں تھا کہ یہ سب کچھ رب کی طرف سے ہے جو فلستیوں سے لڑنے کا موقع تلاش کر رہا تھا۔ کیونکہ اُس وقت فلستی اسرائیل پر حکومت کر رہے تھے۔ چنانچہ سمسون اپنے ماں باپ سمیت تِمنت کے لئے روانہ ہوا۔ جب وہ تِمنت کے انگور کے باغوں کے قریب پہنچے تو سمسون اپنے ماں باپ سے الگ ہو گیا۔ اچانک ایک جوان شیرببر دہاڑتا ہوا اُس پر ٹوٹ پڑا۔ تب اللہ کا روح اِتنے زور سے سمسون پر نازل ہوا کہ اُس نے اپنے ہاتھوں سے شیر کو یوں پھاڑ ڈالا، جس طرح عام آدمی بکری کے چھوٹے بچے کو پھاڑ ڈالتا ہے۔ لیکن اُس نے اپنے والدین کو اِس کے بارے میں کچھ نہ بتایا۔ آگے نکل کر وہ تِمنت پہنچ گیا۔ مذکورہ فلستی عورت سے بات ہوئی اور وہ اُسے ٹھیک لگی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں قُضاۃ 14

قُضاۃ 1:14-7 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور سمسُوؔن تِمنت کو گیا اور تِمنت میں اُس نے فِلستِیوں کی بیٹِیوں میں سے ایک عَورت دیکھی۔ اور اُس نے آ کر اپنے ماں باپ سے کہا مَیں نے فِلستِیوں کی بیٹِیوں میں سے تِمنت میں ایک عَورت دیکھی ہے سو تُم اُس سے میرا بیاہ کرا دو۔ اُس کے ماں باپ نے اُس سے کہا کیا تیرے بھائیوں کی بیٹِیوں میں یا میری ساری قَوم میں کوئی عَورت نہیں ہے جو تُو نامختُون فِلستِیوں میں بیاہ کرنے جاتا ہے؟ سمسُوؔن نے اپنے باپ سے کہا اُسی سے میرا بیاہ کرا دے کیونکہ وہ مُجھے بُہت پسند آتی ہے۔ پر اُس کے ماں باپ کو معلُوم نہ تھا کہ یہ خُداوند کی طرف سے ہے کیونکہ وہ فِلستِیوں کے خِلاف بہانہ ڈُھونڈتا تھا۔ اُس وقت فِلستی اِسرائیلِیوں پر حُکمران تھے۔ پِھر سمسُوؔن اور اُس کے ماں باپ تِمنت کو چلے اور تِمنت کے تاکِستانوں میں پُہنچے اور دیکھو ایک جوان شیر سمسُوؔن کے سامنے آ کر گرجنے لگا۔ تب خُداوند کی رُوح اُس پر زور سے نازِل ہُوئی اور اُس نے اُسے بکری کے بچّے کی طرح چِیر ڈالا گو اُس کے ہاتھ میں کُچھ نہ تھا لیکن جو اُس نے کِیا اُسے اپنے باپ یا ماں کو نہ بتایا۔ اور اُس نے جا کر اُس عَورت سے باتیں کِیں اور وہ سمسُوؔن کو بُہت پسند آئی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں قُضاۃ 14