طِطُس 3
3
اَچھّے کام کرنے کے واسطے نَجات
1لوگوں کو یاد دِلا کہ وہ حاکموں اَور صاحبِ اِختیاروں کے تابع رہیں، اُن کا حُکم مانیں اَور ہر نیک کام کو اَنجام دینے کے لیٔے تیّار رہیں۔ 2کسی کی بدگوئی نہ کریں، اَمن پسند اَور نرم مِزاج ہوں اَور سَب لوگوں کے ساتھ بڑی حلیمی سے پیش آئیں۔
3کیونکہ ہم بھی ایمان لانے سے پہلے ناسمجھ، نافرمان، فریب کھانے والے اَور ہر طرح کی خواہشوں اَور عیّاشیوں کی غُلامی میں تھے۔ بدنیّتی اَور حَسد میں زندگی گزارتے تھے۔ لوگ ہم سے نفرت کرتے تھے اَور ہم اُن سے۔ 4لیکن جَب ہمارے مُنجّی خُدا کی رحمت اَور مَحَبّت ظاہر ہویٔی، 5تو خُدا نے ہمیں نَجات بخشی، مگر یہ ہمارے راستبازی کے کاموں کے سبب سے نہیں تھا بَلکہ اُس کی رحمت کے مُطابق۔ ہمیں پاک رُوح کے ذریعہ نئی زندگی بخشی اَور رُوحانی پیدائش کے غُسل سے ہمارے دِلوں کو پاک صَاف کر دیا۔ 6خُدا نے ہمارے مُنجّی یِسوعؔ المسیح کی مَعرفت سے پاک رُوح کو ہم پر بڑی کثرت سے نازل کیا، 7تاکہ ہم خُدا کے فضل سے راستباز ٹھہریں، اَور اَبدی زندگی کی اُمّید کے مُطابق وارِث بنیں۔ 8یہ بات قابل یقین ہے اَور مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم اِن باتوں کو بڑے یقینی طور سے تعلیم دو تاکہ خُدا پر ایمان لانے والے نیک کاموں میں مشغُول رہنے پر غور کریں۔ یہ باتیں اَچھّی اَور اِنسانوں کے لیٔے مفید ہیں۔
9لیکن احمقانہ حُجّتوں، نَسب ناموں، بحثوں اَور شَرعی تنازعوں سے پرہیز کریں، کیونکہ اَیسا کرنا بے فائدہ اَور فُضول ہے۔ 10جو آدمی بِدعتی یا جھُوٹی تعلیم دینے والا ہو اُسے دو بار نصیحت کرنے کے بعد بھی اگر نہ مانے تو اُسے جماعت کی رِفاقت سے خارج کر دو۔ 11یہ جان کر کہ اَیسا آدمی گُمراہ ہے اَور اَپنے حرکتوں سے خُود ہی مُجرم ٹھہراتا ہے اَور گُناہ میں مشغُول رہتاہے۔
آخِری ہدایت
12جَب مَیں اَرتِماسؔ اَور تُخِکسؔ کو تیرے پاس بھیجوں تو نِیکُپُلِسؔ شہر میں میرے پاس آنے کی پُوری کوشش کرنا کیونکہ مَیں نے فیصلہ کیا ہے کہ سردی کا موسم وہیں گزاروں۔ 13زیناسؔ کو جو وکیل ہے اَور اپُلّوسؔ کو روانہ کرنے کی کوشش کرنا اَور یہ بھی دیکھنا کہ اُنہیں کسی چیز کی ضروُرت نہ رہے۔
14اَور ہمارے لوگ بھی اَچھّے کاموں میں مشغُول ہونا سیکھیں تاکہ دُوسروں کی فَوری ضرورتوں کو پُورا کر سکیں اَور بے پھل زندگی نہ گُزاریں۔
15میرے سَب ساتھی تُجھے سلام کہتے ہیں۔
جو ایمان کے رُو سے ہم سے مَحَبّت رکھتے ہیں، اُنہیں ہمارا سلام کہنا۔
تُم سَب پر خُدا کا فضل ہوتا رہے۔
موجودہ انتخاب:
طِطُس 3: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.