متّی 1:23-12

متّی 1:23-12 UCV

اُس وقت یِسوعؔ نے ہُجوم سے اَور اَپنے شاگردوں سے یہ فرمایا: شَریعت کے عالِم اَور فرِیسی حضرت مَوشہ کی گدّی پر بیٹھے ہیں۔ لہٰذا جو کُچھ یہ تُمہیں سکھائیں اُسے مانو اَور اُس پر عَمل کرو لیکن اُن کے نمونہ پر مت چلو کیونکہ وہ کہتے تو ہیں مگر کرتے نہیں۔ وہ اَیسے بھاری بوجھ لادتے جِن کو اُٹھانا مُشکل ہے، باندھ کر لوگوں کے کندھوں پر رکھتے ہیں لیکن خُود اُسے ہٹانے کے لیٔے اَپنی اُنگلی تک نہیں لگاتے۔ وہ اَپنے سَب کاموں کو دِکھانے کو کرتے ہیں: کیونکہ وہ بڑے بڑے تعویذ پہنتے ہیں اَور اَپنی پوشاک کے کنارے چوڑے رکھتے ہیں۔ وہ ضیافتوں میں صدر نشینی اَور یہُودی عبادت گاہوں میں اعلیٰ درجہ کی کُرسیاں چاہتے ہیں۔ اَور بازاروں میں اِحتراماً مُبارکبادی سلام اَور لوگوں سے ربّی کہلانا پسند کرتے ہیں۔ لیکن تُم ربّی، نہ کہلاؤ کیونکہ تمہارا اُستاد ایک ہی ہے اَور تُم سَب بھایٔی ہو۔ اَور زمین پر کسی کو اَپنا باپ، مت کہو کیونکہ تمہارا باپ ایک ہی ہے جو آسمان میں ہے۔ اَور نہ ہی ہادی کہلاؤ کیونکہ تمہارا ایک ہی ہادی ہے یعنی المسیح۔ لیکن جو تُم میں بڑا بننا چاہتاہے وہ تمہارا خادِم بنے۔ اَورجو کویٔی اَپنے آپ کو بڑا بنائے گا وہ چھوٹا کیا جائے گا اَورجو اَپنے آپ کو حلیم بنائے گا وہ بڑا کیا جائے گا۔